سوال نمبر 1147
السلام علیکم ورحمۃاللہ
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام
کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر وحی کتنے طریقوں سے نازل ہوتی تھی
المستفتی فیصل ربانی گونڈوی
وَعَلَيْكُم السَّلَام وَرَحْمَةُ اَللهِ وَبَرَكاتُهُ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب.... حضرت شیخ عبدالحق محدث دہلوی رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر مختلف طریقوں سے وحی نازل ہوتی تھی
اول رویائے صالحہ سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالٰی عنہا کی حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ابتدا میں سب سے پہلے ظاہر ہوئی وہ رویائے صالحہ ہے اور ایک روایت یہ بھی ہے ،وکان لایریٰ الاجإٓت مثل فلق الصبح، یعنی حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی رٶیا ایسی ہوتی جیسے صبح صادق کا طلوع ہونا کتابوں میں مذکور یہ کیفیت چھ مہینے رہی
دوم، حضرت جبرئیل علیہ السلام نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے قلب(دل) شریف میں القا کرتے تھے بغیر اس کے کہ آپ حضرت جبریل علیہ السلام کو بظاہر دیکھیں ، آپ نے فرمایا میرے دل میں روح قدس نے القا والہام کیا ہے مثلاً ہرگز اس وقت کوئی نہیں مرے گا جب تک اپنارزق پورا نہ کرلے (الی آخرالحدیث)
سوم، حضرت جبرائیل علیہ السلام کسی آدمی کی صورت اختیار کرکے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آتے اور پیغام الہی کو پہنچاتے تھے تاکہ جو کچھ ارشاد باری ہے اسے یاد فرمائیں اور اکثر حضرت دحیہ قلبی رضی اللہ تعالٰی عنہ کی صورت میں آتے یہ قبیلہ بنی کلب کے خوبرو(خوبصورت )صحابی تھے
چہارم ، صلصلةالجرس ، یعنی ریٹ گھنٹی کی مانند آواز سنائی دیتی تھی اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے سوا کوئی دوسرا وحی کے کلمات و معانی کو نہیں سمجھ سکتا تھا
پنجم، حضرت جبرائیل علیہ السلام کبھی اپنی اصلی صورت میں مع تین سو پروں کے آتے اور وحی پہنچاتے تھے جیسا کہ سورۃ النجم میں مذکور ہے علماء فرماتے ہیں کہ ایسا دوبارہ ہوا تھا
ششم، اللہ تعالٰی نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر اس حالت میں وحی فرمائی جبکہ آپ آسمانوں کے اوپر تھے نماز وغیرہ کی اسی طرح فرمائی تھی
ہفتم، حق تعالٰی کا حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے براہ راست کلام فرمانا ہے جس طرح کہ حضرت موسٰی علیہ السلام سے کلام فرمایا
ہشتم، حق تعالٰی کا حضور سے بے حجاب کلام فرمانا ہے آسمانوں کے اوپر کی وحی کی قبیل سے ہے مثلاً شب معراج دیدار حق تعالٰی میں کلام فرمانا (الاختلاف فیہ)
مدارج النبوت جلددوم صفحہ٥٥تا٥٦
(ایم ایس انصاری پرنٹرس لال کنواں دھلی)
نوٹ:- ہوسکتا ہے کہ اس کے علاوہ اور بھی اقسام نزول وحی ہوں البتہ اس کتاب میں اتنی ہی مذکور ہیں
واللہ اعلم
عبیداللہ بریلوی خادم التدریس مدرسہ دارارقم محمدیہ بیرون بریلی شریف یوپی
٢ ربیع الاول ١٤٤٢ ھجری
0 تبصرے