آپ قوم کی بہتری کے لئے کچھ ہدیہ کریں کلک کریں

عدت سے پہلے نکاح پڑھنا کیسا ہے

سوال نمبر 185

سوال کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مسلہ ذیل کے  بارے میں کہ ہند ہ ایک طلاق شدہ عورت ہے جو پہلے زید کے نکاح میں تھی زید کے طلاق کے 35 دن بعد عمر جان بوجھ کر  ہندہ کا نکاح بکر سے کرادیا عمر جو کہ مسجد وعیدگا ہ کا امام و مدرسہ کا مدرس ہے اور ایک مشت سے ڈاڑھی بھی کم رکھتا ہے کیا یہ نکاح درست ہوا یا نہیں؟ اگر نہیں تو عمر کے لے شریعت کا کیا حکم ہے جو نماز یں انکے پیچھے پڑھی  گئیں اس کا اعادہ ضروری ہے یا نہیں؟  قرآنِ وحدیث کی روشنی میں تفصیلی جواب عنایت فرمائیں .
المستفتی  تلمیذ مفتی اعظم کانپور امجد علی اشرفی دیناجپو ری




 بسم اللہ الرحمن الرحیم

 الجواب بعون الملک الوہاب ھوالھادی الصواب مطلقہ کی عدت تین حیض ہے جبکہ اسے حیض آتا ہو اور وہ حاملہ نہ ہو جیسا کہ ارشاد ربانی ہے وَ الۡمُطَلَّقٰتُ یَتَرَبَّصۡنَ بِاَنۡفُسِہِنَّ ثَلٰثَۃَ قُرُوۡٓءٍ
ترجمہ  اور طلاق والیاں اپنی جانوں کو روکے رہیں تین حیض تک(سورہ بقرہ ۲۲۸)
اور اگر ابھی حیض نہیں آرہا ہے یا ضعیفہ ہو چکی کہ اب حیض نہیں آتا تو اس کی عدت تین ماہ ہے اور اگر حاملہ ہے تو اس کی عدت بچہ جننے تک ہے جیسا کہ ارشاد ربانی ہے وَ الّٰٓـِٔىۡ یَئِسۡنَ مِنَ  الۡمَحِیۡضِ مِنۡ نِّسَآئِکُمۡ   اِنِ  ارۡتَبۡتُمۡ فَعِدَّتُہُنَّ  ثَلٰثَۃُ اَشۡہُرٍ ۙ وَّ الّٰٓـِٔىۡ  لَمۡ یَحِضۡنَ ؕ وَ اُولَاتُ الۡاَحۡمَالِ  اَجَلُہُنَّ اَنۡ یَّضَعۡنَ حَمۡلَہُنَّ ؕ ﴿طلاق۴﴾
ترجمہ اور تمہاری عورتوں میں جنہیں حیض کی امید نہ رہی اگر تمہیں کچھ شک ہو تو ان کی عدت تین مہینے ہے اور ان کی جنہیں ابھی حیض نہ آیا  اور حمل والیوں کی میعاد یہ ہے کہ وہ اپنا حمل جَن لیں.
اورفتاوی رضویہ میں ہے طلاق کی عدت حیض والی کے لئے تین حیض ہیں جو بعد طلاق شروع ہوکر ختم ہوجائیں، اور جسے حیض ابھی نہیں آیا یا حیض کی عمر سے گزرچکی اس کے لئے تین مہینہ اور حمل والی کے لئے وضع حمل۔ (فتاوی رضویہ ج۱۳/ص ۲۹۵ /مترجم)
ہندہ اگر حمل سے تھی اور ۳۵/دن سے پہلے بچہ پیدا ہوگیا تھا تو نکاح درست ہے اور اگر حمل والی نہیں تھی تو عدت کے اندر نکاح پڑھانا حرام اشد حرام ہے عمر پر لازم ہے کو وہ اعلانیہ تو بہ کرے اورنکاحانہ پیسہ واپس کرے ساتھ ہی نکاح نہ ہونے کا اعلان کرے یہ اس صورت میں ہے کہ عمر پیسہ کی لالچ میں یا دباو میں یاچاپلوسی یا کسی اور وجہ سے نکاح کو حرام سمجھتے ہوئے پڑھایا ہو. اور اگر جائز سمجھ کر پڑھایا تو اسلام سے خارج ہوگیا کہ حرام کو جائز سمجھنا کفر ہے.  (کتب فقہ)
نوٹ.جب تک مکمل تحقیق نہ ہوجائے کسی مسلمان کے متعلق بدگمانی جائز نہیں ہے.
ڈاڑھی کے متعلق سرکار  اعلی حضرت عظیم البرکت مجدد اعظم امام احمد رضا خاں علیہ الرحمتہ والرضوان تحریر فرماتے ہیں داڑھی منڈانا اور کترواکر حدِ شرع سے کم کرانا دونوں حرام وفسق ہیں (فتاوی رضویہ جلد ۶ ص.۵۰۵ مترجم )
زید کے پیچھے جتنی نمازیں پڑھی گئی ان سب کا دہرانا واجب ہے اور اس کو امام بنانا گناہ ہے مسلمانوں پر لازم ہے کہ عمر کا بائیکاٹ کردیں جیسا کہ ارشاد ربانی ہے وَ اِمَّا یُنۡسِیَنَّکَ الشَّیۡطٰنُ  فَلَا تَقۡعُدۡ بَعۡدَ  الذِّکۡرٰی  مَعَ الۡقَوۡمِ  الظّٰلِمِیۡنَ﴿سورہ انعام ۶۸﴾
 ترجمہ اور جو کہیں تجھے شیطان بھلاوے تو یاد آئے پر ظالموں کے پاس نہ بیٹھ ،
ہاں اگر تو بہ استغفار کرلے نکاحانہ پیسہ واپس کردے نکاح نہ ہونے کا اعلان کردے اور ڈاڑھی ایک مشت تک رکھ لے پھر آئندہ ایسا نہ کرنے کا وعدہ کرلے تو  کار خیر کرنے کے لئے کہیں مثلا مسجد میں جن چیزوں کی ضرورت ہو وہ لاکر دےاور میلاد وغیرہ کرے اور غریبوں میں صدقات و خیرات کرے کہ اعمال صالحہ قبول توبہ میں معاون ہوتے ہیں جیسا کہ قرآن شریف میں ہے اِلَّا مَنۡ تَابَ وَ اٰمَنَ وَ عَمِلَ عَمَلًا صَالِحًا فَاُولٰٓئِکَ یُبَدِّلُ اللّٰہُ سَیِّاٰتِہِمۡ  حَسَنٰتٍ ؕ وَ کَانَ  اللّٰہُ  غَفُوۡرًا  رَّحِیۡمًا﴿سورہ فرقان ۷۰﴾
ترجمہ مگر جو توبہ کرےاور ایمان لائے اور اچھا کام کرے تو ایسوں کی برائیوں کو اللہ بھلا ئیوں سے بدل دے گا اور اللہ بخشنے والا مہربان ہے.
بعدہ مل جل کر رہنے میں اور اسکے پیچھے نماز پڑھنے میں کوئی حرج نہیں. واللہ اعلم بالصواب
     
                    طالب دعا

الفقیر تاج محمد حنفی قادری واحدی اترولوی




ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney