سوال نمبر 446
السلام و علیکم ورحمتہ اللہ و برکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان کرام مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ تورات میں نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کو کس نام سے پکارا گیا ھے
محمد وقاص عطاری فیصل آباد پاکستان
وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ و برکاتہ
الجواب
حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے بہت سے نام، آپﷺ کے اوصاف و حالات اور حلیہ شریف تورات، انجیل، زبور اور انبیاء سابقہ کے صحائف میں مذکور تھے۔ چنانچہ تفسیر صاوی شریف میں ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا اسم مبارک سریانی زبان میں، جو کہ تورات کی زبان ہے ’’مُنْحَامنٌ‘‘ ہے، جس کے معنی ’’محمد‘‘ ہیں۔ حضرت حسن بصری رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کعب احبار سے روایت کی ہے کہ ’’حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا اسم پاک تورات میں ’’موذ موذ‘‘، انجیل میں ’’طاب طاب‘‘، زبور میں ’’فاروق‘‘ اور باقی آسمانی صحیفوں میں ’’عاقب‘‘ ہے۔ رب کے پاس ’’طٰہٰ‘‘ اور ’’محمد‘‘ ہے۔ (صاوی)
حضرت سھیل مولیٰ خیشمہ سے روایت ہے کہ میں نے انجیل میں حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم کے اوصاف یوں پڑھے کہ ’’نہ تو پستہ قد ہیں نہ دراز قد، گورا رنگ ہیں، دو زلفوں والے ہیں، ان کے دو کاندھوں کے درمیان مہر نبوت ہے، وہ صدقہ قبول نہ کریں گے، اونٹ اور خچر پر سوار ہوں گے، اپنی بکری کا دودھ خود دوہ لیا کریں گے، پیوند والے کپڑے پہن لیا کریں گے، حضرت اسماعیل علیہ السلام کی اولاد سے ہوں گے، ان کا نام احمد ہوگا‘‘ (ابن عساکر)
حضرت عطاء بن یسار بیان کرتے ہیں کہ میری ملاقات حضرت عمرو بن العاص رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے ہوئی۔ میں نے کہا کہ ’’مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اس صفت کے بارے میں بتائیے، جو تورات میں ہے‘‘۔ انھوں نے کہا: ’’اللہ کی قسم! تورات میں آپﷺ کی ان بعض صفات کا ذکر ہے، جو قرآن مجید میں بھی مذکور ہیں۔ وہ یہ ہیں: اے نبی! ہم نے آپ کو اس حال میں بھیجا کہ آپ شاہد، مبشر اور نذیر ہیں اور امیین کی پناہ ہیں۔ آپ میرے بندے اور رسول ہیں، میں نے آپ کا نام متوکل رکھا ہے، آپ سخت مزاج اور درشت خو نہیں ہیں اور نہ بازار میں شور کرنے والے ہیں اور نہ برائی کا جواب برائی سے دیتے ہیں، لیکن معاف کرتے ہیں اور بخش دیتے ہیں اور اللہ تعالیٰ اس وقت تک آپ کی روح ہرگز قبض نہیں کرے گا، حتی کہ آپ کے سبب سے ٹیڑھی قوم کو سیدھا کر دے گا، اس طورپر کہ وہ سب لَاالہ الّااللّٰہ کہیں گے اور آپ کے سبب سے اندھی آنکھوں، بہرے کانوں اور پردہ پڑے ہوئے دِلوں کو کھول دے گا‘‘ (بخاری)
کتبہ
خاکسار ابوالصدف محمد صادق رضا
مقام ، سنگھیاٹھاٹھول ( پورنیہ )
خادم ، شاہی جامع مسجد
پٹنہ. بہار. الھند
0 تبصرے