پیشاب کرنے کے بعد دھلتے وقت پانی کے چند قطرے جسم یا کپڑے پر لگ جائیں تو کیا حکم ہے؟

 سوال نمبر 1405


السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ

   کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ: اگر پیشاب کرنے کے بعد جب پانی سے اس عضو کو دھلا جاۓ اور دھلتے وقت پانی کچھ کپڑوں پر بھی گرجائے اور جسم پر بھی لگ جائے تو ایسے حالت میں وہ شخص ناپاک ہوگا یا نہیں؟ یا صرف کپرا ناپاک ہوگا یا جس جگہ پر وہ پانی لگا ہے صرف وہی جگہ ناپاک ہوگا؟

سائل: محمد زیبران مسجد یا اٹوا سدھارتھ نگر








وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 

الجواب بعون الملک العزیز الوہاب:

 کسی نجاست یا نجس کی چھینٹیں اتنی باریک کہ سوئی کی نوک کی طرح ہو تو ان کا کوئی اعتبار نہیں کہ کپڑا اور بدن پاک ہے ناپاک نہ ہوگا۔


 جیسا کہ صاحب بہار شریعت صدر الشریعہ بدر الطریقہ علامہ مفتی امجد علی رحمۃ اللہ تعالی علیہ فرماتے ہیں:

پیشاب کی نہایت باریک چھینٹیں سوئی کی نوک کے برابر بدن یا کپڑے پر پڑ جائیں تو کپڑا اور بدن پاک رہے گا { ج ١ ح ٢ ص ٣٩٢ }


ہاں اگر نجاست کی چھینٹیں یا بوندیں بڑی ہوں اور کپڑے یا بدن میں چند جگہ لگی ہوں  تو ان کے مجموعہ کا اعتبار کیا جائے گا  تو اگر مجموعہ درھم کے برابر یا زیادہ یا کم ہے تو اسی اعتبار سے پاکی ناپاکی کے احکام جاری ہوں گے۔


جیسا کہ بہار شریعت میں ہے: کسی کپڑے یا بدن پر چند جگہ نجاست غلیظہ لگی اور کسی جگہ درہم کے برابر نہیں مگر مجموعہ درہم کے برابر ہے تو درہم کے برابر سمجھی جائے گی اور زائد ہے تو زاٸد نجاست خفیفہ میں بھی مجموعہ ہی پر حکم دیا جائے گا {ج ١ ح ٢ ص ٢٩٣}


لہذا پیشاب کرنے کے بعد نجاست  کو دھلنے سے جو نجاست آمیز پانی کپڑے یا بدن پر لگ جائے  تو جہاں لگ گیا اتنی ہی جگہ کا دھونا ضروری ہے نہ کہ پورے جسم یا پورے کپڑے کا نہ وہ خود ناپاک ہوگا نہ ہی پورا کپڑا

  ہاں اگر نجاست درہم کے برابر ہے تو اس کا دھلنا واجب ہے کہ بغیر دھوۓ نماز پڑھی تو نماز واجب الاعادہ ہوئی اور اگر درہم سے زیادہ ہے تو اس کا دھونا فرض ہے کہ بغیر دھوۓ نماز پڑھی نہ ہوئی اور اگر درہم سے کم ہے تو اس کا دھونا سنت ہے کہ بغیر دھوۓ نماز پڑھی تو ہوجائے گی مگر خلاف سنت ادا ہوئی جس کا اعادہ بہتر ہے 


کما لا یخفی علی من یطالع کتب الفقہ


کتبہ: محمد ساجد چشتی  شاہجہانپوری 

خادم مدرسہ دارارقم محمدیہ میر گنج بریلی شریف







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney