‎امام حسین رضی اللہ عنہ کو مظلوم کہنا کیسا ہے؟

سوال نمبر 1736

السلام علیکم و رحمة اللہ و برکاتہ

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیان عظام درج ذیل مسئلہ میں زید ایک جگہ تقریر کر رہا تھا اور دوران تقریر اس نے امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کو مظلوم کہا اس جملے پر بکر نے گرفت کی کہ امام حسین کو مظلوم نہیں کہنا چاہیے یہ غلط ہے زید نے یہ کہا کہ علماء نے امام حسین و دیگر شہداء کو مظلوم کہا ہے لیکن بکر ماننے کو تیار ہی نہیں ہے اس لیے آپ تمامی علمائے کرام سے میری گزارش ہے کہ مکمل حوالے کے ساتھ جواب عنایت فرمائیں کہ امام حسین کو مظلوم کہ سکتے ہیں یا نہیں ؟

 المستفتی :- عقیل رضا اشرفی

پتہ :- ویسٹ بنگال


وعلیکم السلام و رحمة اللہ و برکاتہ

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیْمِ

الجواب بعون الملک العزیز الوھاب:

زید کا قول صحیح ہے ـ امام حسین رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ کو مظلوم کہنے میں شرعاً کوئی ممانعت نہیں ہے ـ

کیوں کہ مظلوم وہ ہوتا ہے جس پر ظلم کیا گیا ہو اور کربلا میں امام عالی مقام اور ان کے چاہنے والوں پر جس قدر ظلم ہوا ہے وہ ہر ایک شخص پر عیاں ہے یہی وجہ تھی کہ ہمارے بہت سے اکابر علماء نے بھی امام حسین رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ کی خاطر لفظ مظلوم استعمال کیا ہے اگر منع ہوتا تو وہ استعمال نہیں کرتے - 


جیساکہ حضور صدرالافاضل حضرت علامہ مولانا مفتی سید نعیم الدین مرادآبادی علیہ الرحمة و الرضوان اپنی کتاب سوانح کربلا میں ارشاد فرماتے ہیں: اور یہ بھی سب کو یقین تھا کہ امام مظلوم رضی اللہ عنہ حق پر ہیں۔  

(سوانح کربلا صفحہ نمبر ١٦٥ مطبوعہ دعوت اسلامی)


 اور صفحہ ١٦٩ پر فرماتے ہیں: امام مظلوم کا تن ناز پرور نشانہ بنا ہوا ہے۔


 اور یوں ہی برادر اعلیٰ حضرت استاذ زمن حضرت علامہ مولانا مفتی محمد حسن رضا خاں بریلوی رحمة اللہ علیہ اپنی کتاب "آئینہ قیامت" میں ارشاد فرماتے ہیں: ایک روایت میں ہے مولیٰ علی رضی اللہ عنہ اس مقام سے گزرے جہاں اب امام مظلوم کی قبر مبارک ہے۔ (آئینئہ قیامت صفحہ ٢٣ مطبوعہ دعوت اسلامی)


 اور صفحہ ٢٤ میں فرماتے ہیں:   امام مظلوم رضی اللہ عنہ سے مدینہ چھوٹتا ہے اور بھی کئی جگہوں پر لفظ مظلوم استعمال کیا گیا ہے ـ 


اس کے علاوہ اسی طرح کا ایک سوال شیخ الحدیث حضرت علامہ الحاج ابوالخیر محمد نوراللہ نعیمی قادری علیہ الرحمہ سے ہوا ، تو آپ نے جواب دیا کہ امام عالی مقام علیٰ جدہ و علیہ السلام کو امام مظلوم کے نام سے یاد کرنا شرعاً درست اور مسلک اہلسنت والجماعت کے مطابق ہے ـ

(فتاویٰ نوریّہ جلد پنجم و ششم صفحہ ١٦٢)


 لہٰذا ثابت ہوا کہ زید کا قول صحیح ہے اور بکر کا قول غلط ـ 

واللہ تعالیٰ اعلم ورسولہ تعالیٰ اعلم


شرف قلم :-  گدا ئے حبیب ملت محمد سالک رضا حبیبی

اڈیشا، پچھم باڑ،جالیسر، بالاسور 

١٤ محرم الحرام ٣٤٤١؁ ھجری مطابق (٢٤) اگست ١٢٠٢؁ء بروز منگل







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney