عورت کی شرمگاہ موبائل میں دیکھنے سے حرمت مصاہرت

 سوال نمبر 2497


اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَ رَحْمَتُ اللّٰهِ وَ بَرْكَاتُهٗ

کیا فرماتے ہیں علماء دین و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں کہ:

زید نے ایک عورت کا فرج داخل شہوت کے ساتھ موبائل میں دیکھا تو حرمت مصاہرت ثابت ہوگی یا نہیں؟؟؟

بحوالہ جواب عنایت فرمائیں۔

المستفتی: محمد عامر فضیل مرکزی مقام رمول کمتول دربھنگہ بہار




وَ عَلَیْکُمُ السَّلَامُ وَ رَحْمَتُ اللّٰهِ وَ بَرْكَاتُهٗ

                    (بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیْمِ)

الجواب بعون الملک الوھاب: موبائل وغیرہ کے ذریعہ عورت کے فرج کی تصویر دیکھنے سے حرمت مصاہرت ثابت نہیں ہوتی ہے خواہ فرج کے داخلی حصہ کو دیکھے یا بیرونی حصہ کو۔ کیونکہ تصویر میں عکس ہوتا ہے اور عکس کو دیکھنے سے حرمت ثابت نہیں ہوتی ہے۔ البتہ ایسا فعل قبیح اور ناجائز و حرام ہے۔

فتاویٰ عالمگیری میں ہے:

ولو نظر في مرأة ورأی فیہا فرج امرأة فنظر عن شہوة لاتحرم علیہ أمہا وابنتہا؛ لأنہ لم یر فرجہا وإنما رأی عکس فرجہا اھ....

اور اگر آئینہ میں عورت کے فرج کو شہوۃ کے ساتھ دیکھا تو اس پر اس عورت کی ماں اور بیٹی حرام نہیں ہوگی، اس لئے کہ اس نے فرج نہیں دیکھا بلکہ فرج کا عکس دیکھا ہے۔

(کتاب النکاح، الباب الثالث فی بیان المحرمات، القسم الثانی المحرمات بالصهرية، جلد ۱، صفحہ ٢٧٤، مطبوعہ بولاق مصر المحمیۃ)۔


حضور صدر الشریعہ بدر الطریقہ حضرت علامہ مفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ الرحمۃ والرضوان فرماتے ہیں کہ:

فرجِ داخل کی طرف نظر کرنے کی صورت میں اگر شیشہ درمیان میں ہو یا عورت پانی میں تھی اس کی نظر وہاں تک پہنچی جب بھی حرمت ثابت ہوگئی، البتہ آئینہ یا پانی میں عکس دکھائی دیا تو حرمت مصاہرت نہیں۔

(بہار شریعت، کتاب النکاح، محرمات کا بیان، جلد ۲، حصہ ٧، مطبوعہ دعوت اسلامی)۔

لہذا بر صدق مستفتی زید نے چونکہ عورت کے فرج کا عکس دیکھا ہے اور عکس سے حرمت مصاہرت نہیں ہوتی اس لیے زید پر اس عورت کی ماں اور بیٹی وغیرہ حرام نہیں ہوگی۔

وَاللّٰهُ تَعَالٰی عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُهٗ ﷺ أَعْلَمُ بِالصَّوَابِ 



کتبـــــــــه: وکیل احمد صدیقی نقشبندی پھلودی جودھپور راجستھان (الھند)۔

خادم: الجامعۃ الصدیقیہ سوجا شریف باڑمیر راجستھان (الھند)۔

١٣ رجب المرجب ١٤٤٥۔ ٢٥ جنوری ٢٠٢٤۔ بروز جمعرات۔







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney