مسلک اعلٰی حضرت کیا ہے ؟انکار پر دلیل؟

سوال نمبر 535

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ 
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام مسئلہ ذیل میں  کہ
زید سنی صحیح العقیدہ ہے لیکن کہتا ہے  میں سنی ہوتے ہوئے بھی کسی مسلک اعلٰی حضرت کو ہرگز تسلیم نہیں کرتا اب آپ مجھے کیا کہینگے مومن یا کافر 
اور دلیل بھی دیتا ہے 
من کفر مومنا فقد کفر 
لہٰذا  زید کے بارے میں شریعت کا کیا حکم ہے 
غلام مرتضیٰ نظامی سعودیہ عربیہ




وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ و برکاتہ 
صورت مسئولہ میں، زید لگتا ہے اصل میں مسلک اعلٰی حضرت سے صحیح طرح سے واقف نہیں ہے زید 
سب سے پہلے یہ بات اچھی طرح سمجھ لے کہ بریلوی یا مسلک اعلٰی حضرت سے مراد کوئی نیا مسلک نہیں، بلکہ صحابہ کرام، تابعین، تبع تابعین ، صالحین اور علماء امت جس مسلک پر تھے مسلک اعلٰی حضرت ، بریلوی کا اطلاق اُسی پر ہوتا ہے دراصل اس کی وجہ تسمیہ یہ ہے کہ تقریباً دو صدی قبل برصغیر کی سر زمین پر کئی نئے فرقوں نے جنم لیا اور ان فرقوں کے علمبرداروں نے اہلسنت و جماعت کے عقائد و معمولات کو شرک و بدعت قرار دینے کی شرمناک روش اختیار کی ، خصوصاً مولوی اسماعیل دہلوی نے وہابی مسلک کی اشاعت کے لئے جو کتاب تقویۃ الایمان کے نام سے مرتب کیا اس میں علم غیب مصطفٰی صلی اللہ علیہ وسلم ، حاضر و ناظر ، شفاعت ، استعانت ، نداء یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ، حیات النبی صلی اللہ علیہ وسلم ، اختیارات نبی صلی اللہ علیہ وسلم وغیرہ تمام عقائد کو معاذاللہ کفر و شرک قرار دے دیا ، جب کہ یہ سارے عقائد روز اول سے قران و سنت سے ثابت شدہ ہیں، اسی طرح میلاد و قیام ، صلوٰۃوسلام ، ایصال ثواب ، عرس یہ سب معمولات جو صدیوں سے اہلسنت و جماعت میں رائج ہیں اور علمائے امت نے انھیں باعث ثواب قرار دیا ہے ، لیکن نئے فرقوں کے علمبرداروں نے ان عقائد و معمولات کو شرک و بدعت قرار دیتے ہوئے اپنی ساری توانائی انہیں مٹانے پر صرف کی ، اسی زمانے میں علمائے اہلسنت نے اپنے قلم سے ان عقائد و معمولات کا تحفظ فرمایا اور تحریر و تقریر اور مناظروں کے ذریعے ہر اعتراض کا دندان شکن جواب دیا ۔
عقائد کی اسی معرکہ آرائی کے دور میں بریلی کی سرزمین پر امام احمد رضا خان قدس سرہ پیدا ہوئے ، آپ زبردست عالم دین تھے اللہ تعالٰی نے آپ کو بے پناہ علمی صلاحیتوں سے مالا مال فرمایا تھا اور آپ تقریباً 100 سے زائد علوم میں مہارت رکھتے تھے خصوصاً علم فقہ میں آپ کے دور میں کوئی آپ کا ثانی نہ تھا ، اعلٰی حضرت امام اہلسنت مجدد و ملت مولانا الشاہ احمد رضا خان فاضل بریلوی کی علمی صلاحیتوں کا اعتراف ان لوگوں نے بھی کیا جو آپ کے مخالف ہیں ، بہرحال آپ نے اپنے دور کے علمائے اہلسنت کو دیکھا کہ وہ باطل فرقوں کے اعتراضات کے جوابات دے کر عقائد اہلسنت کا دفاع کررہے ہیں تو آپ نے بھی اس عظیم خدمت کے لئے قدم اٹھایا اور اہلسنت کے عقائد کے ثبوت میں دلائل و براہین کا انبار لگادیا ، ایک ایک عقیدے کے ثبوت میں کئی کئی کتابیں تصنیف فرمائیں ، ساتھ ہی ساتھ جو معمولات آپ کے زمانے میں رائج تھے ان میں سے جو قرآن و سنت کے مطابق تھے آپ نے ان کی تائید فرمائی اور جو قرآن اور سنت کے خلاف تھے آپ نے ان کی تردید فرمائی ، اس طرح بے شمار موضوعات پر ایک ہزار سے زائد کتابوں کا عظیم ذخیرہ مسلمانوں کو عطا فرمایا ، بہرحال آپ نے باطل فرقوں کے رد میں اور عقائد و معمولات اہلسنت کی تائید میں جو عظیم خدمات انجام دیں اس بنیاد پر آپ علمائے اہلسنت کی صف میں نمایاں ہوگئے ، اور عقائد اہلسنت کی زبردست وکالت کرنے کے سبب سے یہ عقائد امام احمد رضا کی ذات کی طرف منسوب ہونے لگے ، اور اب حال یہ ہے کہ آپ کی ذات اہلسنت کا ایک عظیم نشان کی حیثیت سے تسلیم کرلی گئی ہے یہی وجہ ہے کہ کوئی حجازی یا شامی و یمنیی عراقی و مصری بھی مدینہ منورہ میں یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کہتا ہے تو نجدی اسے بریلوی کہتے ہیں حالانکہ اس کا کوئی تعلق بریلی شہر سے نہیں ہوتا ، اسی طرح اگر کوئی اسئلک الشفاعۃ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کہہ کر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے شفاعت طلب کرے تو چاہے وہ جزیرہ العرب ہی کا رہنے والا کیوں نہ ہو وہابی اسے بریلوی ہی کہتا ہے جبکہ بریلوی اسے کہنا چاہیے جو شہر بریلوی کا رہنے والا ہو لیکن اس کی وجہ آپ سمجھ سکتے ہیں کہ یہ اسلاف کے وہ عقائد ہیں جن کی امام احمد رضا قدس سرہ نے دلائل کے ذریعے شد و مد سے تائید فرمائی ہے اور ان عقائد کے ثبوت میں سب نمایاں خدمات انجام دی ہیں ، جس کی وجہ سے یہ عقائد امام احمد رضا سے اس قدر منسوب ہوگئے ہیں کہ دنیا میں کوئی بھی مسلمان اگر ان عقائد کا قائل ہو تو اسے آپ ہی کی طرف منسوب کرتے ہوئے بریلوی کہا جاتا ہے ۔
اب چونکہ برصغیر میں فرقوں کی ایک بھیڑ موجود ہے اس لئے اہلسنت و جماعت کی شناخت قائم کرنا نا گزیر ہوگیا ہے اس لئے کہ دیوبندی فرقہ بھی اپنے آپ کو اہلسنت ہی ظاہر کرتا ہے جبکہ دیوبندیوں کے عقائد بھی وہی ہیں جو وہابیوں کے ہیں فرق صرف اتنا ہے کہ
وہابی اپنے آپ کو اہل حدیث کہتے ہیں اور آئمہ اربعہ میں سے کسی کی تقلید نہیں کرتے اور دیوبندی تقلید تو کرتے ہیں لیکن وہابیوں کے عقائد کو حق مانتے ہیں اس لئے فرقوں سے ممتاز کرنے کے لئے مسلک اعلٰی حضرت کا استعمال مناسب سمجھا ، اس کا سب سے بڑا فائدہ کہ اب جو مسلک اعلٰی حضرت کا ماننے والا سمجھا جائے گا اس کے بارے میں خود بخود یہ تصدیق ہوجائے گی کہ یہ علم غیب ، حاضر و ناظر ، استعانت ، شفاعت وغیرہ کا قائل ہے اور معمولات اہلسنت عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم ، قیام ، صلوۃ وسلام کو بھی باعث ثواب سمجھتا ہے اگر کوئی یہ کہے کہ نہیں فقط اپنے آپ کو سنی کہنا کافی ہے تو میں یہ کہوں گا اگر کوئی شخص اپنے آپ کو سنی کہے آپ اسے کیا سمجھیں گے یہ کونسا سنی ہے ؟ امام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ عنہ کی تقلید کرتے ہوئے وہابی عقائد کو حق ماننے والا یا پھر یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کہنے والا۔ ظاہر ہے صرف سنی کہنے سے کوئی شخص پہچانا نہ جائے گا مگر کوئی اپنے آپ کو بریلوی سنی کہے تو فوراً سمجھ میں آجائے گا کہ یہ حنفی بھی ہے اور سچا سنی ہے ، یا پھر اپنے آپ کو کوئی مسلک اعلٰی حضرت کا ماننے والا کہے تو بھی اس مسلمان کے عقائد و نظریات کی پوری نشاندہی ہوجاتی ہے ، اہل ایمان کو ہر دور میں شناخت کی ضرورت محسوس ہوئی ہے دیکھیے مکہ کی وادیوں میں جب اسلام کی دعوت عام ہوئی تو اس وقت ہر صاحب ایمان کو مسلمان کہا جاتا تھا اورجب بھی کوئی کہتا میں مسلمان ہوں تو اس شخص کے بارے میں فوراً یہ سمجھ آجاتا کہ یہ اہل سنت سے تعلق رکھتا ہے یعنی خدا کی وحدانیت کی گواہی دیتاہے
 اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت کو تسلیم کرتا ہےآپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرتا ہے لیکن ایک صدی بھی نہ گزری تھی کہ اہل ایمان کو اپنی شناخت کے لئےایک لفظ کے استعمال کی ضرورت محسوس ہوئی اور وہ لفظ سنی ہے وجہ یہ تھی کہ ایک فرقہ پیدا ہوا جس سے معاذاللہ حضرت سیدنا صدیق اکبر ، حضرت سیدنا عمر فاروق ، حضرت سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہم پر لعن طعن کرنا شروع کردیا اور اس میں حد سے تجاوز کرگیا ، لیکن وہ لوگ بھی اپنے آپ کو مسلمان کہتے تھے اس لئے اس دور میں اہل سنت نے اپنے آپ کو سنی مسلمان کہا ، صرف مسلمان اگر کوئی اپنے آپ کو کہتا تو اس کے بارے میں سوال پیدا ہوتا کہ یہ کون سا مسلمان ہے ؟حضرت سیدنا صدیق اکبر ، حضرت سیدنا عمر فاروق ، حضرت سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہم کو ماننے والا مسلمان ہے یا ان پر لعن طعن کرنے والا ، لیکن اگر کوئی اپنے آپکو سنی مسلمان کہتا تو اس کے بارے میں یہ سمجھ آجاتا کہ یہ خلفاء کو ماننے والا مسلمان ہے ، اسطرح خلفاء پر لعن طعن کرنے والے رافضیوں کے مقابلہ میں اہل سنت کی ایک الگ شناخت ہوگئی سنی مسلمان ۔
اس سلسلے میں کچھ لوگ کہتے ہیں کہ حنفی ، شافعی ، مالکی حنبلی یہ چار مسلک تو پہلے سے موجود ہیں پھر یہ پانچواں مسلک مسلک اعلٰی حضرت کیوں کہا جاتا ہے تو انھیں معلوم ہونا چاہیے کہ مسلک اعلٰی حضرت یہ کوئی پانچواں مسلک نہیں ہے بلکہ اس کا مطلب یہی ہے کہ یہ چاروں مسلک حنفی ، شافعی ، مالکی اور حنبلی حق ہیں اور کسی ایک کی تقلید واجب ہے اور یہی امر اعلٰی حضرت امام احمد رضا کی کتب سے ثابت ہے اس لئے اگر کوئی شافعی حنبلی بھی اپنے آپ کو مسلک اعلٰی حضرت سے منسوب کرتا ہے تو اس کا یہی مطلب ہے کہ وہ فروعیات میں اپنے امام کی تقلید کے ساتھ ساتھ عقائد و معمولات اہل سنت کا بھی قائل ہے ۔ رہا یہ سوال کہ مخالفین اس سے یہ پروپیگنڈا کرتے ہیں کہ یہ پانچواں مسلک ہے تو ہم سارے وہابیوں ، دیوبندیوں کو چیلنچ کرتے ہیں کہ وہ ثابت کریں کہ امام احمد رضا نے کسی عقیدہ کی تائیدقرآن و سنت کی دلیل کے بغیر کی ہے ، کسی بھی موضوع آپ ان کی کتاب اٹھا کر دیکھ لیجیے ہر عقیدہ کے ثبوت میں انہوں نے قرآنی آیات ، احادیث مبارکہ اور پھر اپنے مئوقف کی تائید میں علماء امت کے اقوال پیش کیے ہیں، حق کو سمجھنے کے لئے شرط یہ ہے کہ تعصب سے بالاتر ہوکر امام احمد رضا قدس سرہ کی کتابوں کا مطالعہ کیا جائے ، مطالعہ کے دوران آپ واضح محسوس کریں گے کہ اعلٰی حضرت وہی کہہ رہے ہیں جو چودہ سو سالہ دور میں علماء و فقہاء کہتے رہے ہیں ۔ اب بھی اگر کسی کو اطمینان نہ ہوا ہو اور وہ مسلک کےلفظ کو اعلٰی حضرت کی طرف منسوب کرنے پر معترض ہو اور یہی سمجھتا ہو کہ یہ ایک نیا مسلک ہے تو وہابی ، دیوبندی سنبھل جائیں یا وہ جو اپنے آپ کو سنی کہتے ہیں اور اعلٰی حضرت کو نہیں مانتے ہیں اور میرے ایک سوال کا جواب دیں کہ مولوی محمد اکرم جو کہ دیوبندیوں کے معتمد مورخ ہیں ، انہوں نے موج کوثر میں شاہ ولی اللہ محدث دہلوی کے عقائد و نظریات کا تذکرہ کرتے ہوئے بار بار مسلک ولی اللہ کا لفظ استعمال کیا تو کیا چاروں مسلک سے علیٰحدہ یہ مسلک ولی اللہ کوئی پانچواں اور نیا مسلک ہے ؟ جو آپ کا جواب ہوگا وہی ہمارا بھی

واللہ اعلم بالصواب
صبغت اللہ فیضی نظامی






ایک تبصرہ شائع کریں

6 تبصرے

  1. ماشاءاللہ بہت عمدہ جواب ہے

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. سبحان الله ماشاءاللہ مسلک اعلی حضرت کی بڑی اچھی ترجمانی کی گٸ ہے اللہ جزا ٕ خیر عطا کرے

      حذف کریں
  2. ماشاء اللہ سبحان اللہ میں گزشتہ سال بھی اس مسئلے سے استفادہ حاصل کیا اور امسال سال بھی شکر گزار ہوں کہ مسائل شرعیہ ویب سائٹ نے ہمارے یہاں پر بہت فائدہ پہنچایا ہے بہت سے لوگ صرف فاتحہ اور نذرانہ کو سنیت سمجھ بیٹھے تھے لیکن اس پوسٹ نے حق و باطل کا ایسا نچوڑ پیدا کیا کی میرا دل باغ باغ ہو گیا شکر گزار ہوں صاحب پوسٹ کا

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. شکریہ جناب آپ کا گزارش ہے کہ آپ مسائل شرعیہ ویب سائٹ کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں

      حذف کریں
  3. جس مسلک کو 1400سال میں کسی امام سے منسوب نہیں کیا گیا
    اس کو آج کے جولحا مولوی ایک فرد کے نام سے منسوب کر رہے ہیں
    اور دلیل اپنی عقل سے دے رہے ہیں
    کتاب و سنت کی تو دور دور تک مہک نہیں اس جواب میں

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. تو کیا دیوبند کتاب و سنت کی روشنی میں بنا ہے حدیث شریف میں دیوبند کا کہاں ذکر ہے

      حذف کریں

Created By SRRazmi Powered By SRMoney