آپ قوم کی بہتری کے لئے کچھ ہدیہ کریں کلک کریں

میت کے پاس قرآن مجید پڑھنا کیسا

سوال نمبر 451

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

الاستفتاء:کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ قرآن خوانی میں بلند آواز سے قرآن پڑھنا کیسا ہے؟ برائے مہربانی جواب عنایت فرمائیں۔

المستفتی: کوثر رضا، جھارکھنڈ





وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

باسمہ تعالیٰ وتقدس الجواب:صورت مسئولہ میں بلند آواز سے قرآن پڑھنا ناجائز و حرام ہے کیونکہ جس وقت قرآن کریم پڑھا جائے خواہ نماز میں یا خارجِ نماز اس وقت سننا اور خاموش رہناواجب ہے۔ چنانچہ اللہ عزوجل کا ارشاد ہے:وَ اِذَا قُرِئَ الْقُرْاٰنُ فَاسْتَمِعُوْا لَهٗ وَ اَنْصِتُوْا لَعَلَّكُمْ تُرْحَمُوْنَ(الاعراف:204/7)

ترجمہ، اور جب قرآن پڑھا جائے تو اسے کان لگا کر سنو اور خاموش رہو کہ تم پر رحم ہو۔(کنز الایمان)

   اس آیت کے تحت امام ابو البرکات عبد اللہ بن احمد نسفی حنفی متوفی710ھ لکھتے ہیں:ظاھرہ وجوب الاستمتاع والانصات وقت قراءۃ القرآن فی الصلاۃ وغیرھا۔(تفسیر النسفی علی ھامش تفسیر الخازن، 173/2، مطبوعۃ:مکتبہ رشیدیہ، کوئٹہ)

یعنی،اس آیت سے ثابت ہوا کہ جس وقت قرآن کریم پڑھا جائے خواہ نماز میں یا خارجِ نماز اس وقت سننا اور خاموش رہنا واجب ہے۔(خزائن العرفان، ص317، مطبوعہ:اوصاف القرآن پبلی کیشنز، لاہور)

   اور ایسے ہی ایک سوال کے جواب میں امام احمد رضا خان حنفی متوفی1340ھ لکھتے ہیں:اگر چند آدمی بآواز پڑھ رہے ہیں یوں ہی قاری کے پاس ایک یا چند مسلمان بغور سن رہے ہیں اور ان میں باہم اتنا فاصلہ ہے کہ ایک کی آواز سے دوسرے کا دھیان نہیں بٹتا تو قول اوسع پر اس میں بھی حرج نہیں اور اگر کوئی سننے والا نہیں یا بعض کی تلاوت بعض اشخاص سن رہے ہیں بعض کی کوئی نہیں سنتا یا ایسی قریب آوازیں مختلف ومختلط ہیں کہ جدا جدا سننا میسر ہی نہ رہا تو یہ صورتیں بالاتفاق ناجائز و گناہ ہیں۔(فتاوی رضویہ،کتاب الحظر والاباحۃ، آداب، 353/23۔354، مطبوعہ:رضا فاؤنڈیشن، لاہور)

   اور صدر الشریعہ محمد امجد علی اعظمی حنفی متوفی١٣٦٧ھ لکھتے ہیں: مجمع میں سب لوگ بلند آواز سے (قرآن) پڑھیں یہ حرام ہے، اکثر تیجوں میں سب بلند آواز سے پڑھتے ہیں یہ حرام ہے، اگر چند شخص پڑھنے والے ہوں تو حکم ہے کہ آہستہ پڑھیں۔(بہار شریعت، قرآن مجید پڑھنے کا بیان، 552/3/1، مطبوعہ:مکتبۃ المدینہ، کراچی)واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبہ

محمد اُسامہ قادری

پاکستان، کراچی

منگل، 27/محرم، 1445ھ ۔ 15/اگست، 2023ء






ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney