سوال نمبر 774
السلام علیکم و رحمۃاللہ و برکاتہ
سوال
آجکل بہت سے لوگوں کو دیکھا گیا ہے اپنے موبائل فون میں رنگ ٹون جو سیٹ کرتے ہیں وہ اکثر گانے کے طرز پر ہوتا ہے اور بالخصوص نوجوان نسل گانا ہی سیٹ کئے رہتے ہیں اور بہت سے لوگ قوالی و نعت جس میں میوزک بھی رہتا ہے (یعنی ساز و ڈھول کی آواز) اور کچھ تو سننے میں بالکل گانے کا طرز ہی لگتا ہے تو ایسا رنگ ٹون سیٹ کرنا کیسا ہے؟
از محمد صابر صاحب بلرامپور
وعلیکم السلام و رحمۃاللہ و برکاتہ
الجواب بعون الملک الوہاب
موبائل کی گھنٹی اور رنگ ٹون بالکل سادہ ہونا چاہیے گانا اور میوزک وغیرہ سے خالی ہونا چاہیے جس طرح ریسیور کی گھنٹی سادہ اور میوزک سے خالی ہوتی ہے موبائل کی گھنٹی بھی بالکل ایسی ہی ہونی چاہیے موبائل کی گھنٹی اور رنگ ٹون میں گانا اور میوزک سے بھری ہوئی حمد و نعت اور اذان سلام سیٹ کرنا منع ہے گانا، میوزک، ڈھول، طبلہ، بینڈ باجا، سارنگی اور بانسری وغیرہ کی اسلام میں اجازت نہیں آجکل بہت سے نعت، جیسے یا نبی سلام علیک، "حسبی ربی جل اللہ " وغیرہ میوزک کے ساتھ بالعموم سننے کو ملتا ہے میوزک آمیز نعت ہو یا سلام موبائل کے رنگ ٹون میں سیٹ کرنا جائز و درست نہیں.
اللہ تبارک و تعالٰی ارشاد فرماتا ہے
ومن الناس من یشتری لھوالحدیث لیضل عن سبیل اللہ بغیر علم و یتخذھا ھزوا اولئک لھم عذاب مھین
ترجمہ. اور کچھ لوگ کھیل خریدتے ہیں کہ اللہ اللہ کی راہ سے بہکا دیں بے سمجھے اور اسے ہنسی بنا لیں، ان کے لیے ذلت کا عذاب ہے
سورہ لقمان آیت نمبر ٦ پارہ ٢١
حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالٰی عنہ سے مروی ہے کہ آیت کریمہ میں "لھو الحدیث " سے گانا بجانا، اور اس کے مثل دوسری چیزیں (میوزک، موسیقی، سارنگی، ڈھول، تاشہ، مراد ہیں.
سنن کبری، ج ١،ص ٢٣٢، دارالمعرفۃ بیروت
اب اس آیت کریمہ سے گانے، بجانے، ڈھول، تاشے، اور میوزک وغیرہ کی حرمت و کراہت کا بخوبی اندازہ لگا سکتے ہیں. جب موبائل کی گھنٹی کا مقصد فون آنے کی اطلاع اور خبر حاصل کرنا ہے، تو یہ مقصد سادہ رنگ ٹون سے بھی حاصل ہو سکتا ہے گانا و میوزک وغیرہ سے بھری گھنٹی موبائل میں سیٹ کرکے ایسے "گناہ بے لذت" سے کیا فائدہ؟
لہٰذا ہر حال میں موبائل کی گھنٹی اور رنگ ٹون سادہ ہی رکھیں. موبائل کے رنگ ٹون میں گانا اور میوزک سیٹ کرکے اپنے سر پر گناہ کا بوجھ نا لادیں.
خلاصہ
اور چاہئے کہ ادبا چاہے وہ نعت ہی کیوں نا ہو جس میں میوزک نا ہو اسے بھی سیٹ نا کریں یوں ہی قرآن مقدسہ کی آیت کریمہ بھی کیونکہ جب فون آتا ہے تو جملہ پورا نہیں ہو پاتا اور فون اٹھا لیا جاتا ہے جس سے معنیٰ فوت ہو جاتا ہے جو کی درست نہیں ہے
نوٹ :-- گانا سننے کے متعلق سے ہمارا ایک پوسٹ مسائل شرعیہ ویب سائٹ پر اپلوڈ ہے اسے پڑھ کر سبق حاصل کرسکتے ہیں
ماخوذ
موبائل فون کے ضروری مسائل
کتبہ
صبغت اللہ فیضی نظامی
0 تبصرے