آپ قوم کی بہتری کے لئے کچھ ہدیہ کریں کلک کریں

عیدی کب دینا چاہئے؟

سوال نمبر 892

 السلام علیکم و رحمۃ اللہ و بر کا تہ
مسئلہ:۔ کیا فرما تے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ بعض لوگ عید کے دن عید ی دیتے ہیں تو کیا اس کا دینا ضروری ہوتا ہے؟ نیزکیا عید سے پہلے نہیں دے سکتے ہیں جیسا کہ آج کل لاک ڈاؤں کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں ایسی صورت میں وہ رقم ہم عید سے پہلے دینا چا ہیں تو ثواب ملے گا یا نہیں؟بینوا توجروا  
المستفتی:۔ سجاد علی واحدی




وعلیکم والسلام ورحمۃ اللہ و برکا تہ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون المجیب الوھاب
عیدی دینا فرض وواجب نہیں ہے بلکہ وہ ایک نفلی صدقہ ہے اس کو کبھی بھی دے سکتے ہیں عید ہی کے دن دینا ضروری نہیں ہے،چونکہ عید کا دن خوشی کادن ہے اس لئے لوگ اس دن دیتے ہیں تاکہ غرباومساکین بھی خوش ہو جا ئیں،مگر فقیر کے خیال میں اس سے بہتر ہے کہ ماہ رمضان میں دے دیں اسکا فائدہ یہ ہوگا کہ ماہ رمضان کی برکت سے ثواب ستر گنا ملے گا جبکہ ماہ شوال کی وہ فضیلت نہیں ہے،دوسری بات یہ ہے کہ ماہ رمضان میں پاکر غرباومساکین اپنے اپنے بچوں کے کپڑے وضروری سامان خرید لیں گے ہم نے دیکھا ہے کہ بعض غریب گھر کے بچے ایسے بھی ہوتے ہیں کہ انکے پاس نیا لباس تو  درکنار پریس کیا ہوا بھی میسر نہیں ہوتا ہے بعض بچوں کے پیروں میں ٹوٹی ہو ئی چپل ہو تی ہے اس صورت میں ان پر کیا گزرتاہوگا،جب دوستوں کے ساتھ عید گاہ جا تے ہو نگے تو اپنے ساتھیوں کے لباس کو دیکھ کر انہیں کتنی شرمندگی محسوس ہو گی،اب بعد میں دینے سے انکی شرمندگی دور تو نہ ہوگی اسی لئے نبی کریم  ﷺ نے فرمایا کہ نماز عید سے پہلے پہلے صدقہ تو تاکہ غریبوں کی بھی عید ہو جا ئے  جیسا کہ بخاری شریف میں ہے”عَنِ ابْنِ عُمَرَ رَضِیَ اللَّہُ عَنْہُمَا،أَنَّ النَّبِیَّ صَلَّی اللَّہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ أَمَرَ بِزَکَاۃِ الْفِطْرِ قَبْلَ خُرُوجِ النَّاسِ إِلَی الصَّلَاۃِ.حضرت عبداللہ بن عمر (رضی اللہ عنہ) سے روایت ہے کہ نبی کریم  ﷺ  نے صدقہ فطر نماز (عید) کے جانے سے پہلے پہلے نکالنے کا حکم دیا تھا۔(صحیح بخاری حدیث نمبر ۱۵۰۹)
لہذا مسلمانوں کو چا ہئے کہ غربا ومساکین کو ماہ رمضان میں دے دیاکریں تاکہ انکی بھی عید خوشیوں کے ساتھ ہو سکے،اور اس وقت کروناکی وجہ سے صدقہئ فطر وزکوۃ بھی دے دینی چا ہئے تاکہ لوگوں کی ضرورت پو ری ہو جا ئے۔اللہ تعا لی اس مہلک بیماری وبلا سے تمام مسلمانوں کی مدد فرما ئے اور لوگوں کی ضرورتوں کو پو ری ہونے کی سبب پیدا فرما ئے آمین۔بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وسلم
کتبہ 
فقیر تاج محمد قادری واحدی
۱/رمضان المبارک ۱۴۴۱؁ھ
۲۵/ اپریل ۲۰۲۰ بروز سنیچر



ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney