سوال نمبر 1125
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
علمائے کرام مفتیان عظام کی بارگاہ میں عرض ہے کی کیا کوئی ایسا عمل ہے جس سے ذہن مضبوط رہے جیسے حفظ قرآن کے لئے
المستفتی محمد اشرف رضا۔
وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب
حضرت علامہ سیّد عبد الغنی نابلسی رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں: مرضِ نسیان ختم کرنے والی اَدویات جو قراٰن شریف کی آیات،احادیثِ نبویہ اور صالحین کے کلام سے ماخوذ ہیں ،وہ ان تمام دواؤں پر مُقَدَّم ہیں جو محسوس دوائیں طب کی کتابوں میں مذکور ہیں اور بندے کے لئے یہی مناسب ہے کہ وہ سب سے پہلے اپنے نسیان کا علاج معنوی اور اِلہامی چیزوں کے ذریعے کرے جو قراٰن و حدیث میں وارِد ہوئی ہیں اور طب کی کتابوں میں مذکور محسوس دواؤں سے علاج کو مُؤَخَّر کرے اور اگر وہ اورادِ اِلہِٰیَّہ پر عمل کرنے کے بعد کتبِ طب میں مذکور دواؤں کا کرتا ہےتو یہ عمل شرعی آداب بجا لانے کے اعتبار سے بہت اچھا ہے ، مقصود پانے کے لئے سب سے زیادہ فائدہ مند ہے،
(اس ترتیب سے علاج کرنا)
اللہ عَزَّوَجَلَّ سے شفا حاصل کرنے ،جسم کو لاحق ہونے والی آفات کو زائل کرنے کے لئے بہترین عمل ہے۔
قوتِ یاد داشت بڑھانے میں جہاں صحت بخش غذائیں بہت مُؤَثِّر ہیں ،وہیں اور ادو وظائف پڑھنے کی اپنی برکتیں ہیں، ان کی بدولت نہ صرف حافظہ مضبوط ہوتا ہے بلکہ ثواب کا ذخیرہ بھی اکٹھا ہوتاہے ،دِل میں روحانیت پیدا ہوتی اور یادِ الہٰی عَزَّوَجَلَّ کی توفیق نصیب ہوتی ہے۔
حضرت سیّدنا عِکرمہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ فرماتے ہیں کہ جو مسلمان تلاوت قراٰن کا عادی ہو اس پر اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ یہ حالت (یعنی بڑھاپے میں بھول جانے کی بیماری) طاری نہ ہوگی۔
’’نمازِ تہجد ادا کرنا اور تلاوت ِ قراٰن ِپاک کرنا ،حافظہ مضبوط کرنے کے اسباب میں سرِ فہرست ہیں ۔ کہا گیا ہے کہ قراٰن پاک کو دیکھ کر پڑھنے سے زیادہ کوئی اور چیز قوّتِ حافظہ کو تیز نہیں کرتی‘‘
کچھ اور اد و وظائف یہاں ذکر کیے گئے ہیں:
(1)پانچوں نمازوں کے بعد سر پر داہنا (یعنی سیدھا) ہاتھ رکھ کرگیارہ مرتبہ ’’ یَاقَوِیُّ ‘‘پڑھو۔
(2) ہرنماز کے بعد یہ وظیفہ پڑھنا چاہیے :
آمَنْتُ بِاللّٰہِ الْوَاحِدِ الْاَحَدِ الْحَقِّ وَحْدَہٗ لاَشَرِیْکَ لَہٗ وَکَفَرْتُ بِمَا سِوَاہ۔
(3) یادداشت میں بہتری کے لئے۴۱ دن تک روزانہ ۲۱ مرتبہ ’’ یَاعَلِیْمُ ‘‘ پانی پر پڑھ کر نہار منہ پئیں ، اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ حافظہ روشن ہوجائے گا ۔
(4) ’’یَاقَوِیُّ‘‘ اگرجمعہ کی دوسری ساعت میں بہت پڑھے گا اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ نسیان (یعنی بھولنے کا مرض)جاتا رہے گا۔
(5) سرکارِ مدینہ ،راحت قلب وسینہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وسلَّم پر درود و سلام کی کثرت کیجئے کہ اس کے نتیجے میں ثواب کے ساتھ بہتر یادداشت کا تحفہ بھی نصیب ہوگا جیساکہ نبی اکرم نور مجسم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: ’’جب تم کسی چیز کو بھول جاؤ تو مجھ پر درود پاک پڑھو وہ چیز اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ تمہیں یاد آجائے گی۔‘‘ خصوصاً اس دُرودِ پاک کا وِرد کرے:
’’اَللّٰھُمَّ صَلِّ وَسَلِّمْ وَبَارِکْ عَلٰی سَیِّدِنَا مُحَمَّدِ نِ النَّبِیِّ الْکَامِلِ وَعَلٰی اٰلِہٖ کَمَا لَا نِھَایَۃَ لِکَمَالِکَ وَعَدَدَ کَمَالِہٖ‘‘
شیخِ طریقت ،امیرِ اہلسنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ اس دُرودِ پاک کی فضیلت نقل فرماتے ہیں: اگر کسی شخص کو نسیان یعنی بھول جانے کی بیماری ہو تو وہ مغرب اور عشاء کے درمیان اس درودِ پاک کو کثرت سے پڑھے، اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ حافظہ قوی ہوجائے گا۔
حوالہ
حافظہ کیسے مظبوط ہو ص ۱۲۶ ناشر مکتبہ المدینہ باب المدینہ کراچی دعوت اسلامی۔
واللہ تعالیٰ اعلم
از قلم
فقیر محمد اشفاق عطاری
۲۵ صفر المظفر ۱۴۴۲ ہجری
1 تبصرے
اسلام علیکم
جواب دیںحذف کریںجی میرا نام محمد عثمان ہے مجھے عجیب و غریب خیالات آتے میں اس کی وجہ سے بہت زیادہ پریشان ہوں مہربانی فرما کر رہنمائی فرمائے