سوال نمبر 1153
السلام علیکم ورحمۃاللہ وبرکاتہ۔
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ حالت نماز میں کوئی قرآن شریف دیکھ کر قرآت کر سکتا ہے اگر دیکھ کر قرات کرے تو نماز کا کیا حکم ہے؟
جواب عنایت فرمائیں! بینوا و توجروا۔
المستفتی افروز عالم بلرامپوری۔
وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ وبرکاتہ۔
بسم اللہ الرحمن الرحیم۔
الجواب بعون الملک الوہاب۔
حضور صدرالشریعہ بدر الطریقہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمۃ والرضوان درمختاد و ردالمحتار کے حوالے سے تحریر فرماتے ہیں:
کہ نماز میں مصحف شریف سے دیکھ کر قرآن پڑھنا مطلقاً مفسد نماز ہے، یوں ہی اگر محراب وغیرہ میں لکھا ہو اسے دیکھ کر پڑھنا بھی مفسد ہے، ہاں اگر یاد پر پڑھتا ہو مصحف یا محراب پر فقط نظر ہے، تو حرج نہیں۔۔
(بہار شریعت مطبوعہ دعوت اسلامی، جلد۱، حصہ سوم, ص۶۰۹)
لہٰذا اگر کوئی نماز میں مصحف شریف سے دیکھ کر یا محراب وغیرہ میں لکھا ہوا ہے اسے دیکھ کر قرآن پڑھے تو اس کی نماز فاسد ہوجائے گی، ہاں اگر اسے یاد ہے اور وہ اپنے یاد پر پڑھتا ہے، محراب وغیرہ پر صرف نظر ہے تو نماز فاسد نہیں ہوگی۔
والله تعالیٰ اعلم بالصواب۔
کتبہ ۔۔۔۔ محمد چاند رضا اسماعیلی
دلانگی، متعلم دارالعلوم غوث اعظم مسکیڈیہ ہزاریباغ جھارکھنڈ۔
۳/ ربیع النور ۱۴۴۲ ہجری۔
۲۱/ اکتوبر ۲۰۲۰عیسوی۔
0 تبصرے