سوال نمبر 1155
السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
مسئلہ: کیا فرماتے ہیں علمائے کرام مسئلہ ذیل کے بارے میں ہم دل سے قرآن مجید پڑھنا چاہتے ہیں اور فیملی والوں نے کوئی کام دے دیا تو پہلے قرآن مجید پڑھیں یا فیملی والوں کے کام کریں جواب عنایت فرمائیں
سائلہ: آمنہ خاتون
وعلیکم السلام ورحمۃاللہ وبرکاتہ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب
قرآن کریم کی تلاوت کرنا فرض واجب نہیں بلکہ مستحب ثواب کا کام ہے اور والدین کی اطاعت اور اسی طرح شوہر کی اطاعت کرنا واجب ہے تو لازم کے مقابل میں مستحب یا سنت پر عمل نہیں کیا جاۓ گا یوں ہی ساس خسر یا نند وغیرہ کی اطاعت ضروری ہے اگرچہ ان لوگوں کی اطاعت واجب نہیں ہے اس لیے گھر میں بہو بن کر آئی ہے اور اس پر کام کاج کرنے کی ذمہ داری ہے اور نہ کرنے کی صورت میں لڑائی جھگڑا فتنہ و فساد پھیلے گا اور گھر کا ماحول خراب ہوگا ان تمام خرابیوں سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ گھر کا کام کاج کو بخوبی انجام دے تاکہ گھر میں سکون قائم رہے
والدین کی اطاعت کے بارے میں رب کائنات کا فرمان عالیشان ہے
وَصَّیْنَا الْاِنْسَانَ بِوَالِدَیْهِۚ-حَمَلَتْهُ اُمُّهٗ وَهْنًا عَلٰى وَهْنٍ وَّ فِصٰلُهٗ فِیْ عَامَیْنِ اَنِ اشْكُرْ لِیْ وَ لِوَالِدَیْكَؕ-اِلَیَّ الْمَصِیْرُ
اور ہم نے آدمی کو اس کے ماں باپ کے بارے میں تاکید فرمائی اُس کی ماں نے اُسے پیٹ میں رکھا کمزوری پر کمزوری جھیلتی ہوئی اور اس کا دودھ چھوٹنا دو برس میں ہے یہ کہ حق مان میرا اور اپنے ماں باپ کا آخر مجھی تک آنا ہے۔
سورہ لقمان آیت ١٤
یوں ہی شوہر کی اطاعت بھی لازم و ضروری ہے اس لیے کہ مرد عورت پر حاکم ہے اور عورت محکوم ہے جیسا کہ اللہ تعالٰی کا ارشاد پاک ہے
اَلرِّجَالُ قَوّٰمُوْنَ عَلَى النِّسَآءِ بِمَا فَضَّلَ اللّٰهُ بَعْضَهُمْ عَلٰى بَعْضٍ وَّ بِمَاۤ اَنْفَقُوْا مِنْ اَمْوَالِهِمْؕ
مرد افسر ہیں عورتوں پر اس لیے کہ اللہ نے ان میں ایک کو دوسرے پر فضیلت دی اور اس لیے کہ مردوں نے ان پر اپنے مال خرچ کیے
اور حدیث شریف میں ہے اُم المؤمنین حضرت ام سلمہ رَضِیَ ا للہُ تَعَالٰی عَنْہا سے روایت ہے کہ سرکارِ عالی وقار صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا جو عورت اس حال میں مری کہ اس کا شوہر اس پر راضی تھا وہ جنت میں داخل ہوگئی۔
ترمذی، کتاب الرضاع، باب ما جاء فی حقّ الزوج علی المرأۃ،
الماخوذ تفسیر صراط الجنان سورہ نساء آیت ٣٤
واللہ اعلم بالصواب
کتبہ
العبد محمد عمران القادری التنویری عفی عنہ
یکم ربیع الاول ١٤٤٢ ہجری
١٩ اکتوبر ٢٠٢٠
0 تبصرے