آپ قوم کی بہتری کے لئے کچھ ہدیہ کریں کلک کریں

نماز جنازہ کے تیمم سے پنج وقتی نماز پڑھنا کیسا؟

 سوال نمبر 1171


السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ  نماز جنازہ کی تیمم سے پنچ وقتی نماز پڑھ سکتے ہیں یا نہیں؟ جواب عنایت فرمائیں حوالے کے ساتھ۔بینوا وتوجروا۔ 

المستفتی۔۔۔۔۔ عبداللہ اسماعیلی۔ 




 

وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ 

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم۔ 

الجواب بعون الملک الوہاب۔ 


جنازہ کی نماز کے لیے تیمم اگر اس وجہ سے کیا کہ وضو میں مشغول ہوگا تو جنازہ کی نماز فوت ہو جائے گی تو اس تیمم سے پنچ وقتی نماز نہیں پڑھ سکتا اور اگر اس وجہ سے کیا کہ پانی موجود نہ تھا یا پانی کے استعمال پر قدرت نہ تھی تو اس تیمم سے پنچ وقتی نماز پڑھ سکتا ہے جب تک پانی کے استعمال پر قدرت نہ ہو جائے۔

 

سیدنا اعلٰی حضرت محدث بریلوی رضی عنہ ربہ القوی تحریر فرماتے ہیں:

      کہ اگر نماز جنازہ قائم ہوئی اور بعض اشخاص آئے وہ تندرست ہیں اور پانی موجود ہے، مگر وضو کریں تو نماز ہو چکے گی اور نماز جنازہ کی قضا نہیں نہ ایک میت پر دو نمازیں۔ اس مجبوری میں انہیں اجازت ہے کہ تیمم کرکے نماز میں شریک ہو جائیں، اس تیمم سے نماز نہیں پڑھ سکتے نہ مصحف وغیرہ اور موقوفہ علی الطہارۃ بجا لاسکتے ہیں کہ یہ تیمم بحالت صحت و وجود ماء ایک خاص عذر کے لیے کیا گیا تھا جو اس نماز تک محدود تھا تو دیگر صلوات و افعال کے لیے وہ تیمم محض بے عذر و بے اثر رہے گا۔ اگر مریض نے یا جہاں پانی نہ ہو تیمم سے نماز جنازہ پڑھی تو وہ تیمم بھی تا بقائے عذر سب نمازوں کے لیے کافی ہے۔

(فتاویٰ رضویہ، جلد۱، ص۷۸۲)

 

ایسا ہی فتاویٰ فقیہ ملت، جلد ۱، ص۸۱  میں بھی ہے۔


۔ والله تعالیٰ ورسولہ ﷺ اعلم بالصواب۔

            کتبہ

 محمد چاند رضا اسماعیلی، دلانگی ، متعلم دارالعلوم غوث اعظم مسکیڈیہ، جھارکھنڈ۔ 

۱۱/ربیع النور شریف ۱۴۴۲ ہجری۔ 

۲۸/ اکتوبر ۲۰۲۰ عیسوی




ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney