کیا پانچ وقت کی نماز قرآن سے ثابت ہے؟

 سوال نمبر 1473


السلام عليكم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

 کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے ميں کہ: کیا قرآن کریم کی آیات سے یہ ثابت ہے کہ دن و رات میں پانچوں وقتوں کی نماز پڑھنا فرض ہے؟

سائل: محمد معصور رضا

کٹیہار بہار







وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

الجواب بعون الملک الوہاب:

جی ہاں قرآن کریم کی آیتوں سے ثابت ہے کہ دن اور رات میں پانچوں وقتوں کی نماز پڑھنا فرض ہے۔

قرآن مقدس میں اللہ رب العزت ارشاد فرماتا ہے: "وَ اَقِمِ الصَّلٰوةَ طَرَفَیِ النَّهَارِ وَ زُلَفًا مِّنَ الَّیْلِؕ"

ترجمہ کنز الایمان: اور نماز قائم رکھو دن کے دونوں کناروں اور کچھ رات کے حصوں میں۔ (سورۃ الھود آیت ۱۱۴)


تفسیر صراط الجنان:         

{وَ اَقِمِ الصَّلٰوةَ : اور نماز قائم رکھو۔} 

اس آیت میں دن کے دو کناروں سے صبح ا ور شام مراد ہیں ، زوال سے پہلے کا وقت صبح میں اور زوال کے بعد کا وقت شام میں داخل ہے ۔ صبح کی نماز تو فجر ہے جب کہ شام کی نمازیں ظہر و عصر ہیں اور رات کے حصوں کی نمازیں مغرب و عشا ہیں۔

اور دوسری جگہ اللہ رب العزت ارشاد فرماتا ہے:  "اَقِمِ الصَّلٰوةَ لِدُلُوْكِ الشَّمْسِ اِلٰى غَسَقِ الَّیْلِ وَ قُرْاٰنَ الْفَجْرِؕ-اِنَّ قُرْاٰنَ الْفَجْرِ كَانَ مَشْهُوْدًا (بنی اسرائیل، آیت: ۷۸)

ترجمۂ کنز الایمان:  

نماز قائم رکھو سورج ڈھلنے سے رات کی اندھیری تک اور صبح کا قرآن بے شک صبح کے قرآن میں فرشتے حاضر ہوتے ہیں ۔

   تفسیر صراط الجنان:   

{ اَقِمِ الصَّلٰوةَ: نماز قائم رکھو۔}  اس آیت میں فرمایا کہ نماز قائم رکھو سورج ڈھلنے سے رات کے اندھیرے تک ۔ اس دورانیے میں چار نمازیں آگئیں: ظہر، عصر، مغرب، عشاء، کیونکہ یہ چاروں نمازیں سورج ڈھلنے سے رات گئے تک پڑھی جاتی ہیں ۔

 مزید فرمایا کہ صبح کا قرآن قائم رکھو، اس سے نماز ِفجر مراد ہے اور اس کو قرآن اس لئے فرمایا گیا کہ قراءت ایک رُکن ہے ( اور عربی کا ایک عام قاعدہ ہے کہ ایک جز بول کر بعض اوقات پورا کل مراد ہوتا ہے

 جیسا کہ خود قرآنِ کریم میں ہی یہ قاعدہ کئی جگہ موجود ہے)  جیسے نماز کو رکوع و سجود سے بھی تعبیر کیا گیا ہے۔ (خازن، الاسراء، تحت الآیۃ :  ۷۸ ،  ۳ / ۱۸۵ ،  مدارک، الاسراء، تحت الآیۃ :  ۷۸ ، ص ۶۳۳ ،  ملتقطاً )

مذکورہ بالا آیات سے پانچوں نمازوں (یعنی فجر، ظہر، عصر، مغرب، عشاء) کا ذکر ملتا ہے جو مذکورہ آیتوں سے ظاہر ہے۔

نیز پروردگار عالم ارشاد فرماتا ہے: "اِنَّ الصَّلٰوةَ كَانَتْ عَلَى الْمُؤْمِنِیْنَ كِتٰبًا مَّوْقُوْتًا" (سورۃ النساء آیت ۱۰۳)

ترجمہ کنز الایمان: بے شک نماز مسلمانوں پر وقت باندھا ہوا فرض ہے۔


واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب۔


کتبہ: غلام محمد صدیقی فیضی ارشدی


۲۳/ رجب المرجب ۱۴۴۲ ہجری

مطابق ۸/ مارچ ۲۰۲۱ عیسوی بروز دوشنبہ مبارکہ







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney