سوال نمبر 1712
السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاته
کيا فرماتے ہیں علمائے کرام مسںٔلہ ذیل میں کہ عالم کا مرتبہ زیادہ ہے یا آل رسول کا؟ وضاحت کے ساتھ جواب عنایت فرماںٔیں عین نوازش ہوگی۔
المستفتی: رضوان احمد ساکن کمال پور ضلع امروہہ
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب:
اگر آل رسول عالم دین ہیں تو غیر سید عالم دین سے آل رسول کا مرتبہ بڑا ہے اور اگر آل رسول غیر عالم ہیں تو ان سے بڑا مرتبہ ایک عالم دین کا ہے یعنی فضیلت کے اعتبار سے عالم دین کا مرتبہ افضل ہے سید غیر عالم سے۔
جیسا کہ ارشاد ربانی ہے:
اِنَّ اَکۡرَمَکُمۡ عِنۡدَ اللّٰہِ اَتۡقٰکُمۡ ؕ
ترجمہ کنزالایمان:- بے شک اللہ کے یہاں تم میں زیادہ عزت والا وہ جو تم میں زیادہ پرہیزگار ہے۔
(سورة الحجرات، آیت ١٣)
اس آیت کے تحت تفسیر صدر الافاضل حضرت علامہ ومولانا سید محمد نعیم الدین مراد آبادی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں کہ: اس سے معلوم ہوا کہ مدار عزت و فضیلت کا پرہیز گاری ہے نہ کہ نسبت (خزائن العرفان، صفحہ ٩٥١)
*حضور فقیہ ملت مفتی جلال الدین احمد امجدی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں کہ:* اللہ و رسول کے نزدیک عالم دین اگرچہ سید نہ ہو ایسے سید سے افضل ہیں جو عالم نہ ہو۔
قال اللہ تعالی: " قل ھل یستوی الذین یعلمون والذین لایعلمون " یعنی کیا عالم اور بے عالم برابر ہو جائیں گے۔ (سورة الزمر، آیت ٩)
اور فرماتا ہے: " یرفَعِ اللہ الذین آمنو منکم والذین اوتواالعلم درجات " یعنی اللہ بلند فرمائے گا تم میں کہ مومنوں اور بالخصوص عالموں کے درجے کو. (سورة المجادلة)
شیخ الاسلام و المسلمین سرکار اعلی حضرت الشاہ امام احمد رضا خان بریلوی رضی عنہ ربہ القوی تحریر فرماتے ہیں:* فضل علم فضل نسب سے اشرف و اعلی ہے۔ میر صاحب کہ عالم نہ ہوں اگرچہ صالح ہوں عالم سنی صحیح العقیدہ کے مرتبہ کو شرعا نہیں پہنچتے۔ *(فتاوی رضویہ، ج ٩، ص ٥٩)(فتاوی فیض الرسول جلد دوم صفحہ ٦٧٦/٦٧٧)
لیکن نسب کے اعتبار سے آل رسول کا مرتبہ بڑا ہے فقہائے کرام نے تحریر فرمایا کہ جب تک آل رسول سے کفر نہ صادر ہوجائے آل رسول کی تعظیم کی جائے گی یعنی واجب ہوگی جبکہ عالم کتنا ہی بڑا مرتبہ والا کیوں نہ ہو اگر فسق وفجو ر میں مبتلا ہوجائے تو عالم کی تعظیم کرنا ناجائز ہوجاتا ہے. یہی وجہ ہے کہ وقت کے مجدد اعظم کو جب معلوم ہوا کہ پالکی اٹھانے والے آل رسول ہیں تو پالکی سے اترگئے اور معافی مانگنے کے بعد انہیں پالکی میں بٹھاکر پالکی لے کر چلے یہ اعلی نسب ہی کی بنیاد پر تھا ورنہ فضیلت میں اعلی حضرت علیہ الرحمہ کا مقام افضل واعلی تھا.
واللہ تعالی اعلم بالصواب
کتبــہ: محـمد مــدثــر جـــاویــد رضـوی
مقام۔ دھانگڑھا، بہادر گنج
ضلع۔ کشن گنج بہار
0 تبصرے