سوال نمبر 1750
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
علمائے کرام و مفتیان عظام کی بارگاہ میں ایک سوال ہے کہ،زید کا نکاح بکر کی لڑکی کے ساتھ ہوا نکاح کے بعد رخصتی نہیں ہوئی ، اور زید کی بیوی اسکول میں پڑھنے کے لئے جاتی ہے
اسکول جانا زید کو پسند نہیں ھے زید نے کہا اگر تو اسکول گئی تو تین طلاق ایک دن بعد
بیوی نے فون کرکے شوہر کی اجازت لے کر اسکول چلئ گئی، صورت مسئولہ میں دریافت یہ کرنا ہے کہ طلاق ہوئی کہ نہیں،
المستفتی:- محمد افروز عالم بہار،
وعلیکم السلام ورحمةاللہ وبرکاتہ
الجواب بعون الملک الوھاب:
برتقدیر صدق مستفتی صورت مسئولہ میں زید کی غیرمدخولہ بیوی پرطلاق واقع ہوگئی ۔ کیونکہ جب طلاق کو کسی شرط پر معلق کیا جاۓ تو شرط کے بعد طلاق واقع ہوجاتی ہے ۔
ھدایہ ١٠٣/٤ میں ہے: ،، اذااضافه الی شرط وقع عقیب الشرط ،،
حضور صدر الشریعہ بدر الطریقہ علامہ مفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ الرحمة والرضوان سے اسی طرح ایک سوال: تو اپنے باپ کے گھر اگر چلی گئی تو تجھے تین طلاق ہے ،، کیا گیا جس کے جواب میں آپ تحریر فرماتے ہیں ،، اگر زید کے ان الفاظ کے کہنے کے بعد صالحہ اپنے باپ کے گھر گئی تو تین طلاقیں ہوگئیں ،،
(فتاوی امجدیہ جلددوم صفحہ ٢٥٤)
اورفتاوی عالمگیری جلداول صفحہ ٣٤٩ میں ہے: اذا طلق الرجل امرأته ثلاثا قبل الدخول بھا وقعن علیھا فان فرق الطلاق بانت بالاولیٰ ولم تقع الثانیه والثالثه کذافی الھدایة
یعنی اگرکسی نے اپنی غیرمدخولہ بیوی کو تین طلاقیں دیں تو تینوں واقع ہوجائیں گی اور اگر طلاق میں تفریق کی تو ایک طلاق بائن واقع ہوگی اور دوسری وتیسری لغو ہوجائیں گی ۔
لہذا زید کی غیر مدخولہ بیوی پر اسکول جانے کے بعد تینوں طلاقیں واقع ہوگئی ہیں ۔ ہاں اگر زید طلاق کو اپنی عدمِ اجازت پر اسکول جانے پر موقوف کرتا، کہ میری اجازت کے بغیر اسکول گئی تو تجھے تین طلاق ۔ تو اگر بغیر اجازت زید کی غیر مدخولہ بیوی اسکول جاتی تو تینوں طلاقیں واقع ہوجاتیں ۔ اور اگر اجازت لے کر اسکول جاتی جیسا کہ سوال میں ایک دن بعد اجازت لے کر اسکول جانے کا ذکر ہے تو طلاق واقع نہ ہوتی ، اور یونہی کسی خاص دن کی قید لگائی ہوتی مثلا اتوار یا دوشنبہ کے دن اسکول گئی توطلاق ۔ تو اس دن اسکول جانے پر طلاق واقع ہو جاۓ گی۔ باقی دنوں میں اسکول جانے پر طلاق واقع نہ ہوگی ۔
وھوسبحانہ تعالی اعلم بالصواب
کتبه: العبد ابو الفیضان محمد عتیق اللہ صدیقی فیضی یارعلوی عفی عنہ
دارالعلوم اھلسنت محی الاسلام
بتھریاکلاں ڈومریا گنج سدھارتھنگر یوپی ۔
٢٦ محرم الحرام ١٤٤٣ھ
٥ ستمبر ٢٠٢١ء
0 تبصرے