سوال نمبر 1965
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
کیافرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین درجہ ذیل مسئلہ میں کہ شوہر کا انتقال ہو گیا ہے اور اس نے ترکہ میں ایک لاکھ روپیہ چھوڑا ہے ورثاء میں اس کی اہلیہ ایک بیٹی اور تین لڑکے ہیں تو مال کو کس طرح تقسیم کریں گے ؟
وضاحت فرماکر عند اللہ ماجور ہوں ۔
المستفتی ۔ رحمت علی خاں بلرامپور
وعلیکم السلام ورحمةاللہ وبرکاتہ
الـجـــــوابــــــــــ بعــــون المـــلک الــــوھــابــــــــ
صورت مسئولہ میں میت کے ترکہ سے ترتیب وار کل چار طرح کے حقوق متعلق ہوتے ہیں ۔
اول ۔ اس کے مال سے میت کی تجہیز وتکفین کی جاۓ ۔
دوم ۔ اس کے مال سے میت دیون ادا کئے جائیں ۔
سوم ۔ اس کے تہائی مال سے میت کی وصیت پوری کی جاۓ ۔
چہارم ۔ اس کے بعد بچے ہوۓ مال و جائداد میں سے میت ورثہ کے درمیان میراث تقسیم کی جاۓ ۔
جیساکہ فتاوی عالمگیری جلد ٦ صفحہ ٤٤٧ میں ہے
التَّرِكَةُ تَتَعَلَّقُ بِهَا حُقُوقٌ أَرْبَعَةٌ: جِهَازُ الْمَيِّتِ وَدَفْنُهُ وَالدَّيْنُ وَالْوَصِيَّةُ وَالْمِيرَاثُ. فَيُبْدَأُ أَوَّلًا بِجَهَازِهِ وَكَفَنِهِ وَمَا يُحْتَاجُ إلَيْهِ فِي دَفْنِهِ بِالْمَعْرُوفِ،ثُمَّ بِالدَیْنِ ثُمًّ تُنَفَّذُ وَصَايَاهُ مِنْ ثُلُثِ مَا يَبْقَى بَعْدَ الْكَفَنِ وَالدَّيْنِ إلَّا أَنْ تُجِيزَ الْوَرَثَةُ أَكْثَرَ مِنْ الثُّلُثِ ثُمَّ يُقَسَّمُ الْبَاقِي بَيْنَ الْوَرَثَةِ عَلَى سِهَامِ الْمِيرَاثِ)
اھ ملخصا ۔
صورت مسئولہ میں بعد تقدیم ماتقدم وانحصارورثہ فی المذكورين باپ کے جائداد منقولہ وغیرمنقولہ کے آٹھ حصے کئے جائیں گے ۔
ایک حصہ( آٹھواں ) میت کی اہلیہ( بیوی ) ملے گا ۔
ارشادباری تعالی :۔
،،فَاِنْ كَانَ لَكُمْ وَلَدٌ فَلَهُنَّ الثُّمُنُ مِمَّا تَرَكْتُمْ مِّنْۢ بَعْدِ وَصِیَّةٍ تُوْصُوْنَ بِهَاۤ اَوْ دَیْنٍؕ-،،
پھر اگر تمہارے اولاد ہو تو ان کا تمہارے ترکہ میں سے آٹھواں جو وصیت تم کر جاؤ اور دَین نکال کر،
(پارہ ٤ سورہ النساء آیت میراث ١٢ )
پھر باقی بچے سات حصے اس میں سے دو دو حصہ ہر ایک لڑکے کو ملے گا ۔
اور ایک حصہ لڑکی کو ملےگا ۔
ارشادباری تعالی :۔
،، للذکرمثل حظ الانثیین ،،
بیٹے کا حصہ دو بیٹیوں کے برابرہے ۔
(پارہ ٤ سورہ النساء آیت میراث ١١)
ترکہ اس طرح تقسیم ہوگا ؛
ایک لاکھ (100000) میں سے آٹھواں حصہ بیوی کو بارہ ہزار پانچ سوروپیے ملیں گے (12500)
ایک بیٹی ہے اس کو بھی بارہ ہزار پانچ سو روپیے (12500) ملیں گے ۔
اور ہر ایک لڑکے کو پچیس ، پچیس ہزار روپیۓ (25000) (25000)ملیں گے .
وھوسبحانہ تعالی اعلم بالصواب
کتبه
العبد ابوالفیضان محمد عتیق الله صدیقی فیضی یارعلوی ارشدی عفی عنہ
دارالعلوم اھلسنت محی الاسلام
بتھریاکلاں ڈومریاگنج سدھارتھ نگر یوپی .
المتوطن : کھڑریابزرگ پھلواپور گورابازار سدھارتھنگر یوپی ۔
١٠ جمادی الاخری ١٤٤٣ھ
١٤ جنوری ٢٠٢٢ء
0 تبصرے