آپ قوم کی بہتری کے لئے کچھ ہدیہ کریں کلک کریں

جنتیوں کو کون سی شراب دی جائے گی اور اس سے مراد کیا ہے؟


 سوال نمبر 1997

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 

کیا فرماتے ہیں علماۓ کرام ومفتیان عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ کیا جنتی جنت میں شراب پئیں گے اگر ہاں تو وہ شراب کیسی ہوگی نیز شراب طہور کیا ہے اس کے بارے میں کچھ تحریر فرمادیں 

بہت مہربانی ہوگی

 المستفتی محمد دانش رضا قادری الہ آباد





وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

الجواب بعون الملک الوہاب

اللہ تعالی اپنے فضل و کرم سے جسے جنت عطا فرماۓگا وہ جنتی جنت میں ہرقسم کی مأکولات اور مشروبات سے مستفیض ہونگے اور شراب بھی نوش فرمائیں گے کیوں کہ جنتی شراب دنیاوی شراب جیسی نہیں ہوگی بلکہ وہ حلال وپاکیزہ ہوگی نہ کہ حرام 

جیسا کہ ارشاد باری تعالی ہے 


لَّا یُصَدَّعُوْنَ عَنْهَا وَ لَا یُنْزِفُوْنَۙ

اس سے نہ اُنہیں دردِ سر ہو نہ ہوش میں فرق آئے 

سورۃ الواقعۃ آیت ١٩

حضرت سیدنا امام خازن رحمۃ اللہ علیہ 

(متوفی ٧٤١ ھ)

جنتی شراب کے بارے میں فرماتے ہیں ، جنتی شراب پینے سے جنتیوں کو نہ سردرد ہوگا نہ ان کی عقلیں مغلوب ہوں گی اور نہ ہی اس سے انہیں نشہ آۓگا 

نیز اللہ عزوجل نے جنتی شراب کی تعریف کرتے ہوۓ ارشاد فرما یا 

لَا فِیْهَا غَوْلٌ نہ اس میں خمار ہے  

حضرت سیدنا امام خازن رحمۃ اللہ علیہ

 (متوفی ٧٤١ھ) اس آیت مبارکہ کے تحت ارشاد فرماتے ہیں ، وہ شراب جنتیوں کی عقلوں کو ایسا کوئ نقصان نہیں پہنچاۓگی جس سے ان کی عقلیں ضائع ہوجائیں


ایک قول کے مطابق اس شراب کے پینے سے نہ کوئ گناہ ہوگا نہ پیٹ درد اور نہ ہی سردردح  

شراب طہور سے مراد 

اس بارے میں کئ اقوال ہیں

 

(١) اس سے مراد ایسی شراب ہے جو گندگی اور ذرات سے پاک ہوگی اور دنیوی شراب کی طرح نہ ہاتھوں نے اسے چھوا ہوگا اور نہ قدموں نے اسے آلودہ کیا ہوگا

 

(٢) شراب طہور سے مراد وہ شراب ہے جو پیشاب میں تبدیل نہ ہوگی بلکہ جنتیوں کے جسموں سے کستوری کی مثل خوشبو دار پسینہ بن کر نکل جاۓگی یہ اس وقت ہوگا جب جنتیوں کو کھانے کے بعدشراب طہور پیش کی جاۓگی اور وہ اسے پئیں گے تو ان کے پیٹ صاف ہوجائیں گے اور جو کچھ انہوں نے کھایا ہوگا وہ سب مشک سے بھی زیادہ پاکیزہ پسینہ بن کر ان کے اجسام سے خارج ہوجاۓگا نیز ان کے پیٹ سمٹ جائیں گے اور کھانے کی خواہش دوبارہ لوٹ آۓگی 


(٣) شراب طہور سے مراد جنت کے دروازے پر پانی کا ایک چشمہ ہے اس سے جو بھی پانی پئےگا اللہ عز وجل اس کے دل کا کھوٹ حسد اور کینہ دور فرمادےگا


(٤) حضرت سیدنا امام واحدی علیہ الرحمۃ 

(متوفی ٤٦٨ھ)

  شراب طہور کے بارے میں فرماتے ہیں ، وہ پاک ہوگی نجس نہ ہوگی جیسا کہ دنیا میں اسے نجاست شمار کیا جاتا ہے تو معنی یہ ہوا کہ وہ شراب پاک ہوگی دنیا کی شراب کی طرح نہ ہوگی


الحدیقۃ الندیۃ شرح الطریقۃ المحمدیۃ

ترجمہ بنام اصلاح اعمال جلد اول صفحہ ١٤٦ ١٤٧ ١٤٨


  والله اعلم بالصواب

     کتبہ

محمد فرقان برکاتی امجدی

٢٨ جمادی الآخر ١٤٤٣ ھ

یکم فروری ٢٠٢٢ ء




ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney