گوشت پر فاتحہ خوانی کر نا کیسا ہے ؟

 سوال نمبر 2405

السلام علیکم ورحمۃاللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں مفتیان عظام کہ قربانی کے گوشت پر فاتحہ خوانی کر نا کیسا ہے ؟جبکہ اللھم تقبل منی  کہہ کر ہم اللہ سے قبول کی دعا کر چکے ہو تے ہیں پھر دوبارہ فاتحہ پڑھتے ہیں ۔  تسلی بخش جواب عنایت فرمائیں ۔
 المستفتی  ۔ 
محمد علی کوریا چھتیس گڑھ
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
الجواب بعون الملک الوھاب ۔
ہر حلال وجائز اشیاء پر فاتحہ خوانی کرنا درست ہے جائزومباح ومستحسن ہے ۔ قربانی ایک مقبول ترین عمل ہے جس پر بندے کو خدا کے طرف سے اجروثواب ملتا ہے ۔ اب بندہ جسے چاہے اس کا اجر و ثواب ایصال کرسکتا ہے ۔ 
جیسا کہ حضرت علامہ مفتی انواراحمدقادری صاحب قبلہ مدظلہ العالی تحریر فرماتے ہیں اور اس کی تصدیق حضور فقیہ ملت علامہ مفتی جلال الدین احمد امجدی علیہ الرحمۃ والرضوان نےفرمائی ہے کہ ،، اپنے تمام اعمال نماز و روزہ و حج و زکوٰۃ وغیرہ ہر قسم کی نیکیوں کا ثواب زندہ اور مردہ دونوں کو بخشنا جائز ہے ۔ 
جیسا کہ فتاویٰ عالمگیری جلد اول مصری صفحہ ٢٤٠ میں ہے ،، 
ان الانسان له أن يجعل ثواب عمله لغيره صلاة كان او صوما او صدقةاو غيرها كالحج و قراءة القران و الاذكار و زيارة قبورالانبياء عليهم الصلوٰۃ و السلام والشهداء والاولياء والصالحين وتكفين الموتى وجميع انوارالبر . 
یعنی اپنے عمل نماز روزہ زکوٰۃ حج قرأة قرآن واذکار کا ثواب اور انبیاء علیہم الصلاۃ والسلام شہدائے اسلام اولیائے کرام و بزرگانِ دین کی قبروں کی زیارت کا ثواب اور مردوں کی تجہیز وتکفین وغیرہ ہرقسم کی نیکیوں کا ثواب دوسرے کو بخشنا جائز ہے ۔ 
اور بحرالرائق جلد سوم صفحہ ٥٩ میں ہے،،  لافرق بين ان يكون المجعول له ميتا او حيا ،، 
یعنی مردہ اور زندہ کو ثواب بخشنے میں کوئی فرق نہیں ۔ 
فتاویٰ برکاتیہ صفحہ ٢٦٦ 
ھکذا فتاویٰ فیض الرسول براؤں شریف 
لہذا  قربانی کے گوشت پر فاتحہ خوانی کرنا درست ہے اور انبیاء و اولیاء و بزرگانِ دین و سلف صالحین و و جملہ مرحومین کے نام قربانی کا ثواب ایصال کرسکتا ہے اس میں قربانی کرکے ایصال ثواب کرنے والے کے لئے دو اجر ہے ایک قربانی کرنے کا دوسرے اس کا ثواب مرحومین کے نام ایصال کرنے کا ۔ 
الله رب العزت اپنے حبیب صلی ﷲ تعالی علیہ وسلم کے صدقے ہم سب کو بھی اپنے مرحومین کےنام ایصال ثواب کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ 
وھوسبحانه تعالیٰ اعلم بالصواب ۔ 
كتبه 
العبد ابوالفیضان محمد عتیق الله صدیقی فیضی یارعلوی ارشدی عفی عنہ
مقام کھڑریابزرگ پھلواپور پوسٹ گورا بازار ضلع سدھارتھ نگر یوپی ۔
١٤    ذی الحجہ   ١٤٤٤ھ
٣     جولائی     ٢٠٢٣ء








ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney