کیا مزار پر جانے والی عورت صاحب مزار کو برہنہ نظر آتی ہے؟

 سوال نمبر 2424

السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ علمائے کرام کی بارگاہ میں ایک سوال عرض ہے کہ کیا عورت مزار پر جائے تو صاحب مزار کو برہنہ نظر آتی ہے ؟برائے مہربانی جواب عنایت فرمائیں

 المستفتی:۔محمد رضوان رضا سورت ۔

وَعَلَيْكُم السَّلَام وَرَحْمَةُ اَللهِ وَبَرَكاتُهُ‎

الجواب بعون اللہ الغفار

اس طرح کی کوئی روایت میری کی نظر سے نہ گزری کہ جب عورت مزار پرجاتی ہے تو وہ صاحب مزار کو برہنہ نظر آتی ہے اور نہ کسی معتمد عالم دین سے سنا ہے، عوام کی زبانوں پر اس قسم کی جو باتیں رائج رہتی ہیں یہ جہالت پر مبنی ہیں جن کا شریعت میں کوئی اعتبار نہیں، عورتوں کا مزار پر جانا حرام ہے اور حرام ہونے کی وجہ بھی یہی ہے کہ عموماً وہاں عورتیں اجنبی مردوں کے سامنے بے حجاب آتی جاتی ہیں، وہاں مردوں کے ہجوم کی وجہ سے مردوں اور عورتوں کا باہم اختلاط ہوتا ہے ، 

اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے یآایھا الذین آمنوا قوا انفسکم واھلیکم نارا 

اور شریعت نے بوڑھی عورت کو صالحین کی قبور پر برکت کے لئے جانے کی اجازت دی ہے اگر  چہ اسلم یہی ہے کہ بوڑھی بھی نہ جائیں جیساکہ بہار شریعت میں ہے۔ عورتوں کے لئے بعض علماء نے زیارتِ قبور کو جائز بتایا در مختار میں یہی قول اختیار کیا مگر عزیزوں کی قبور پر جائیں گی تو جزع و فزع کریں گی، لہذا ممنوع ہے اور صالحین کی قبور پر برکت کے لیے جائیں تو بوڑھیوں کے لیے حرج نہیں اور جوانوں کے لیے ممنوع! ، اور اسلم یہ ہے کہ عورتیں مطلقاً منع کی جائیں کہ اپنوں کی قبور کی زیارت میں تو وہی جزع و فزع ہے اور صالحین کی قبور پر یا تعظیم میں حد سے گزر جائیں گی یا بے ادبی کریں گی کہ عورتوں میں یہ دونوں باتیں بکثرت پائی جاتی ہیں ( جلد 1 حصہ 4 صفحہ 849)

جو عورتیں مزار پر جاتی ہیں اگر وہ صاحبِ مزار کو برہنہ (ننگی)  نظر آتیں تو شریعت  بوڑھی عورت کو بھی مزار پر جانے کی اجازت نہ دیتی نیز یہ کہ اگر عورتیں برہنہ دکھتی تو انہیں روضہ رسول کی حاضری سے منع کیا جاتا حالانکہ روضہ رسول کی حاضری بقریب واجب ہے خواہ مرد ہویا عورت.

معلوم ہواکہ یہ جو عوام میں مشہور ہے وہ موضوع ومن گھڑت ہے.واللہ تعالی اعلم بالصواب 

کتبہ 

محمد مدثر جاوید رضوی

 مقام۔ دھانگڑھا، بہادر گنج

 ضلع۔ کشن گنج، بہار



مسائل شرعیہ کے جملہ فتاوی کے لئے یہاں کلک کریں

فتاوی مسائل شرعیہ کے لئے یہاں کلک کریں 







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney