اسقاط حمل کرانا کیسا ہے

سوال نمبر 359

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
 حضرت میرا ایک سوال ہے کہ اسقاط حمل صحیح ہے یا نہیں دلیل کے ساتھ جواب عنایت فرمائیں مہربانی ہوگی 
سائل محمد رمضان علی





وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ و برکاتہ
الجواب بعون ملک الوہاب

 رحم مادر  میں روح پھونکی جانے کے بعد اس کو ساقط کرنا ممنوع و ناجائز ہے، اللہ تعالیٰ نے اس سے منع فرمایا،ارشاد الٰہی ہے:
وَلاَ تَقْتُلُوْا أَوْلادَکُمْ خَشْیَۃَ إِمْلاقٍ۔
        ⬇ ترجمہ:- ⬇
اور تم تنگدستی کے اندیشہ سے اپنی اولاد کو قتل مت کرو ۔
 (سورۂ بنی اسرائیل، 31) روح پیدا ہونے سے پہلے حمل ساقط کرنا بھی انجام کے لحاظ سے قتل کی مانند ہے، لہٰذا بلاوجہ یہ بھی ممنوع و ناجائز ہی ہے۔ روح کب پیدا ہوتی ہے اس سے متعلق صحیح بخاری شریف میں حدیث پاک وارد ہے
 حدثنا عبد اللہ حدثنا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم وہو الصادق المصدوق إن أحدکم یجمع فی بطن أمہ أربعین یوما ثم یکون علقۃ مثل ذلک ثم یکون مضغۃ مثل ذلک ثم یبعث اللہ إلیہ ملکا بأربع کلمات فیکتب عملہ وأجلہ ورزقہ وشقی أم سعید ثم ینفخ فیہ الروح
      ⬇ ترجمہ ⬇
سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا سچے مصدوق رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ارشاد فرمایا: یقیناً تم میں سے کوئی اپنی ماں کے پیٹ میں چالیس دن نطفہ کی شکل میں رہتا ہے، پھر چالیس دن منجمد خون کی شکل میں رہتا ہے، پھر چالیس دن لوتھڑے کی شکل میں رہتا ہے، پھر اللہ تعالیٰ اس کے پاس چار کلمات کے ساتھ ایک فرشتہ بھیجتا ہے، وہ فرشتہ اس کا عمل، اس کی عمر، اس کا رزق لکھتا ہے اور یہ لکھتا ہے کہ وہ نیک بخت ہے یا بدبخت، پھر اس میں روح پھونکتا ہے۔
 (صحیح البخاری ،کتاب الانبیاء، حدیث نمبر: 3036) اس حدیث پاک سے معلوم ہوتا ہے کہ ایک سو بیس (120) دن میں روح ڈالی جاتی ہے، روح پھونکے جانے سے پہلے جبکہ حمل منجمد خون کی شکل میں ہو یا لوتھڑے کی حالت میں ہو تو حمل ساقط کرنے کی گنجائش چند اعذار کی بناء پر ہوسکتی ہے، مثلاً ماں انتہائی جسمانی کمزوری سے دوچار ہو ، حمل کا بوجھ برداشت کرنے کی طاقت نہیں رکھتی یا حاملہ یا بچہ کی جان جانے کا خطرہ ہو یا دودھ کی کمی کی وجہ سے موجودہ بچہ کی جان کو خطرہ ہو اور شوہر معاشی اعتبار سے دودھ کے لئے کوئی اور انتظام نہ کرسکتا ہو۔ ان صورتوں میں ایک سو بیس دن کی مدت سے پہلے اسقاط حمل کی گنجائش اس وقت نکل سکتی ہے جب کہ کوئی ماہر ڈاکٹر یہ تجویز پیش کرے 


    کتبــــہ 
محــــمد معصــوم رضا نوری







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney