سوال نمبر 964
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
تمام علماے اکرام کی بارگاہ میں اک سوال ہے کہ جنتی عورتوں کے سردار حضرتِ فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی پیدائش کی تاریخ کیا ہے جواب دے کر شکریہ کا موقع دیں
سائل محمد دانش رضا متعلم دارالعوم نوری کھجرانہ اندور مدھ پردیش
وعلیکم السلام و رحمتہ اللہ وبرکاتہ
الجواب بعون الملک الوھاب؛
خاتون جنت حضرت فاطمۃ الزہرہ رضی اللہ تعالٰی عنہا کی ولادت کے سال میں اختلاف ہے تو تاریخ ولادت کا پتہ چلنا مشکل ہے
چنانچہ حضور فقیہ ملت مفتی جلال الدین امجدی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں کہ آپ کی پیداٸش کے سال میں اختلاف ہے بعض لوگوں نےکہا کہ جب نبی کریم علیہ افضل الصلوات واکمل التسلیم کی عمر شریف اکتالیس برس کی تھی آپ پیداہوٸیں اور کچھ لوگوں نے لکھا ہے کہ اعلان نبوت سے ایک سال قبل ان کی ولادت ہوٸی
اور علامہ ابن جوزی نے تحریر فرمایا ہے کہ اعلان نبوت سے پانچ سال پہلے جبکہ خانہ کعبہ کی تعمیر ہورہی تھی تب آپ پیداہوٸیں؛
{خطبات محرم صفحہ 263}
(مطبوعہ کتب خانہ امجدیہ بستی)
خاتون جنت والدہ حسنین کریمین جگر گوشہ بتول سیدہ طیبہ طاھرہ عابدہ زاھدہ حضرت فاطمۃ الزہرہ رضی اللہ تعالٰی عنہا کی تاریخ پیدائش کے متعلق مدارج النبوۃ مترجم میں بایں طور مرقوم ہے
حضور اکرم صلی اللہ تعالٰی علیہ و سلم کی چوتھی صاحبزادی سیدہ فاطمۃالزہرہ ہیں سیدہ فاطمہ کی پیدائش ولادت نبوی کے اکتالیسویں سال میں ہوئی اہل سیر کہتے ہیں کہ یہ قول ابو بکر رازی کا ہے اور یہ قول اس کے مخالف ہے جسے ابن اسحاق نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ و سلم کی اولاد کے بارے میں بیان کیا ہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ و سلم کی تمام اولاد اظہار نبوت سے قبل پیدا ہوئی ہیں بجز حضرت ابراہیم کے اس لئے کہ اس قول کے بموجب سیدہ فاطمہ کی ولادت بعد از نبوت ایک سال بعد میں ہوئی ہے
ابن جوزی نے کہا ہے کہ سیدہ فاطمہ کی ولادت اظہار نبوت سے پانچ سال پہلے ہے مشہور تر روایت یہی ہے
{مدارج النبوہ جلد2صفحہ534}
مطبوعہ شبیر برادرز لاہور
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
کتبہ
محمد معصوم رضا نوری عفی عنہ
۲۲ ذی القعدہ ۱۴۴۱ھ
۱۴جولائی ۲۰۲۰ء بروز منگل
0 تبصرے