سوال نمبر 696
السلام وعلیکم ورحمةاللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ھیں علماۓ کرام و مفتیان عظام اس مسئلہ میں کہ کوئی شخص اگر صرف نماز جنازہ کے لیے وضو کرے اور اسی وضو سے نماز بھی ادا کرے تو کیا نماز ھو جاۓ گی ؟
مدلل ومفصل جواب عنایت فرمائیں ۔
بینواوتوجروا
المستفتی ڈاکٹر نثار احمد نظامی بھرولیا سدھارتھنگر
وعلیکم السلام ورحمةاللہ وبرکاتہ
الجواب بعون الملک الوھاب
اگر کسی شخص نے خاص نماز جنازہ ہی کے لئے وضو کیا اور اس وضو سے دوسری نماز ادا کی تو نماز ھو جاۓ گی اس میں کوئ قباحت نہیں ۔
جیسا کہ استاذالفقہاء حضور فقیہ ملت علامہ مفتی جلال الدین احمد الامجدی علیہ الرحمةوالرضوان تحریرفرماتےھیں ،، جو وضو کہ صرف نماز جنازہ پڑھنے کی نیت سے کیا پھر اس وضو سے نمازظہر پڑھی تو وہ ادا ہوگئ ۔
کسی دوسرے فرض یا سنت کو ادا کرنے کے لئے بلا ناقص وضو دوبارہ وضو کرنا ضروری نہیں ۔
مسئلہ اصل یہ ہے کہ غیر کو اگر نماز جنازہ کے فوت ہونے کا اندیشہ ہو تو اجازت ہے کہ پانی پر قدرت کے باوجود تیمم کرکے نمازجنازہ میں شامل ہوجاۓ ۔
جیساکہ فتاوی عالمگیری جلد اول مصری صفحہ ٢٩ میں ہے
یجوز التیمم اذا حضرته جنازة والولی غیرہ فخاف ان اشتغل بالطھارة ان تفوته الصلواة ولا یجوز للولی وھو الصحیح ۔
یجوز التیمم اذا حضرته جنازة والولی غیرہ فخاف ان اشتغل بالطھارة ان تفوته الصلواة ولا یجوز للولی وھو الصحیح ۔
ھکذافی الھدایة ۔
اس صورت میں تیمم کا جواز اس مجبوری کے سبب ہے ۔کہ نمازجنازہ کی نہ قضا ہے نہ تکرار ۔
مگر اس تیمم سے نہ وہ دوسری نمازیں پڑھ سکتا ہے اور نہ کوئی ایسا کام کرسکتا ہے کہ جس کے لیے باوضو ہونا شرط ہے ۔ اس لئے کہ پانی پر قدرت کے باوجود ایک عذر خاص کے سبب تیمم کو جائز قرار دیا گیا ہے تو وہ (تیمم) نماز جنازہ ہی تک محدود رہے گا کہ دوسری نمازوں کے لئے وہ عذر نہ رہا
مسئلہ تو صرف اسی قدر تھا مگر عوام نے اسے کچھ کا کچھ مشہور کردیا ۔
حالانکہ جو شخص پانی پر قادر نہ ہو اگر نمازجنازہ کے لیے تیمم کرلے تو جب تک عذر باقی ہے وہ تیمم سب نمازوں کے لئے کافی ہوگا ۔
اور جب تیمم جو وضو کا خلیفہ ہے اس کے لیے یہ حکم ہے تو اگر نماز جنازہ کے لئے وضو کیا گیا جو اصل ہے تو وہ بدرجہ اولی سب نمازوں کے لیے کافی ہوگا ۔
بحوالہ ۔۔ھکذافی فتاوی الرضویہ جلداول باب التیمم صفحہ ٧٤٢
فتاوی فیض الرسول جلداول صفحہ ١٦٣
ھکذافی ردالمحتار جلداول صفحہ ١٨٠،،١٨١
ھکذافی فتاوی فقیہ ملت جلداول باب التیمم صفحہ ٨١
علامہ تطہیراحمد رضوی لکھتے ہیں ،، بعض جگہ لوگ سمجھتے ہیں کہ جس وضو سے نمازجنازہ پڑھی ہو اس سے دوسری نماز نہیں پڑھی جاسکتی حالانکہ یہ غلط اور بے اصل بات ہے ۔بلکہ اسی وضو سے فرض ہوں یاسنت ونفل ہرنماز پڑھنا درست ہے ۔
غلط فہمیااور ان کی اصلاح صفحہ ٢٢
وھوسبحانہ تعالی اعلم بالصواب
کتبه
العبد محمد عتیق اللہ صدیقی فیضی یارعلوی ارشدی عفی عنہ
دارالعلوم اھلسنت محی الاسلام
بتھریاکلاں ڈومریا گنج سدھارتھنگر یوپی
١٥ جمادی الاخری ١٤٤١ھ
١٠ فروری٢٠٢٠ء
0 تبصرے