آپ قوم کی بہتری کے لئے کچھ ہدیہ کریں کلک کریں

اٹھنے بیٹھنے سے معذور ہو تو نماز کیسے پڑھے؟

سوال نمبر 801

السلام علیکم ورحمت اللہ 
کیا فرماتے ہیں علماء کرام اس مسئلہ میں 
کہ زید کا آپریشن ہوا اور ڈاکٹر نے اٹھنے بیٹھنے سے منع کردیا اب زید نماز کیسے پڑھے 
جبکہ زید پر غسل بھی واجب ہے
سائل نظام الدین کانپور




وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ تعالیٰ وبرکاتہ

الجواب بعون الملك الوھاب
جس پر غسل و وضو فرض ہے اور وہ پانی پر قدرت نہیں رکھتا تو ایسے اشخاص عند الشرع معذور ہیں اور ایسے کیلٸے تیمم ہے جیسا کہ حضور صدر الشریعہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں کہ جس کا وضو نہ ہو یا نہانے کی ضرورت ہو اور پانی پر قدرت نہ رکھتا ہو تو وضو و غسل کی جگہ تیمم کرے پانی پر قدرت نہ ہونے کی چند صورتیں ہیں
ایسی بیماری کہ وضو یا غسل سے اس کے زیادہ ہونے یا دیر میں اچھا ہونے کا صحیح اندیشہ ہو خواہ یوں کہ اس نے خود آزمایا ہو کہ جب وضو یا غسل کرتا ہے تو بیماری بڑھتی ہے یا یوں کہ کسی مسلمان اچھے لائق حکیم نے جو ظاہراً فاسق نہ ہو کہہ دیا کہ پانی نقصان کرے گا
محض خیال ہی خیال بیماری بڑھنے کا ہو تو تیمم جائز نہیں یوں ہی کافر یا فاسق یا معمولی طبیب کے کہنے کا اعتبار نہیں۔
( بہار شریعت جلد اول حصہ دوم صفحہ نمبر 53)
 اور در المختار وردالمحتار میں کہ تيمم لمرض او يشتد او يمتد بغلبة ظن
(عن امارة او تجربة شرح منيه) او قول طبيب.حاذق مسلم غير ظاهر الفسق اھ بالالنقاط.(الدرالمختار.كتاب الطهارة باب التيمم مطبع مجتبائی دہلی)
اسی طرح  فتاوی رضویہ جلد اول صفحہ نمبر 619رضا فاٶنڈیشن )
دوسرا جواب :-  فرض و واجب و سنتِ فجر میں قیام   فرض ہے بلا عذر صحیحہ بیٹھ کر نماز پڑھنا جاٸز نہیں عذر شرعی کی تفصیل بیان کرتے ہوٸے  صدر الشریعہ رحمة اللہ علیہ تحریر فرماتے ہیں کہ کھڑے ہونے یا سجدہ کرنے میں زخم بہتا ہو یا کھڑے ہونے میں قطرہ آتا ہے یا کھڑے ہونے پر ناقابل برداشت تکلیف ہوتی ہے یا کھڑے ہونے سے مرض دیر سے اچھا ہوگا تو اب ایسی مجبوریوں پر قیام ساقط ہو جاتا ہے اب ایسا شخص بیٹھ کر نماز پڑھے لیکن اگر اتنی دیر کہ لفظ الله أكبر کھڑے ہو کر بولنے پر قادر ہے تو اس پر فرض ہیکہ کھڑے ہو کر الله أكبر بولے پھر بیٹھ جاٸے 
( فتاوی علیمیہ جلد اول ص ١٤٣ )

سوال میں جو عذر شرع بیان کیا گیا اگر زید اس کے مصداق ہے تو وہ تیمم  کرے اور لیٹ کر جس طرح ہوسکے نماز ادا کرے.

واللہ اعلم باالصواب


کتبہ
محمد الطاف حسین قادری خادم التدریس دارالعلوم غوث الورٰی ڈانگا لکھیم پور کھیری یوپی الھند
 موبائل فون/9454675382
الجواب الصحیح
خلیفہ حضور تاج الشریعہ
سید شمس الحق برکاتی مصباحی عفی عنہ



ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney