کیا مال غصب پر زکوٰۃ واجب ہے؟

سوال نمبر 909

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مسئلہ:-- کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ غصب کئے ہوئے مال پر زکوٰۃ ہے یا نہیں مثلاً زید چوری کرتا ہے،یا جوا کھیلتا ہے تو اس پر اس مال کی زکوٰۃ واجب ہے یا نہیں؟ بینوا توجروا 
المستفتی:۔(مولانا) عبد القادر منکا پور




وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ و برکاتہ 
بسم اللہ الرحمن الرحیم 
الجواب بعون المک الوہاب
آپ کو یہ پوچھنا چاہئے تھا کہ چوری کرنا اور جوا کھیلنا کیسا ہے؟ زکوٰۃ کی بات تو بعد میں کیونکہ چوری کرنا شرعاً ناجائز و حرام ہے،اگر اسلامی حکومت ہوتی تو چور کو سخت سزا دیتی یعنی اس کا ہاٹھ کاٹ لیتی ارشاد ربانی ہے

 ”وَالسَّارِقُ وَالسَّارِقَۃُ فَاقْطَعُوْٓا اَیْدِیَہُمَا جَزَآءً بِمَا کَسَبَا نَکَالًا مِّنَ اللّٰہِ  وَاللّٰہُ عَزِیْزٌ حَکِیْمٌ“ اور جو مرد یا عورت چور ہو تو ان کا ہاتھ کاٹو ان کے کیے کا بدلہ اللہ کی طرف سے سزا، اور اللہ غالب حکمت والا ہے۔(کنز الایمان،سورۃ المائدۃآیت نمبر ۳۸)

 یونہی جوا کھیلنا بھی شرعاً حرام ہے بندۂ مؤمن کو اس سے دور رہنا چاہئے ارشاد ربانی ہے

”یٰٓاَیُّہَا الَّذِیٓنَ اٰمَنُوْٓا اِنَّمَا الْخَمْرُ وَالْمَیْسِرُ وَالْاَنْصَابُ وَالْاَزْلَامُ رِجْسٌ مِّنْ عَمَلِ الشَّیْطٰنِ فَاجْتَنِبُوْہُ لَعَلَّکُمْ تُفْلِحُوْنَ “ 

اے ایمان والو! شراب اور جوا اور بت اور پانسے ناپاک ہی ہیں شیطانی کام تو ان سے بچتے رہنا کہ تم فلاح پاؤ۔
(کنز الایمان،سورۃ المائدۃآیت نمبر۹۰)

 رہی بات زکوٰۃ کی تو غصب کئے ہوئے مال کی زکاۃ زید پر واجب نہیں ہے،بلکہ اس پر واجب ہے کہ وہ کل مال مالک کو واپس کر دے کیونکہ یہ اس کا مال ہی نہیں ہے،البتہ زید مالک نصاب ہے اور مال غصب اپنے مال میں شریک کرلیا کہ اب معلوم نہیں پڑتا کہ مال غصب کون سا ہے تو اب پورے مال کی زکوٰۃ دینی ہو گی جیسا کہ علامہ صدر الشریعہ علیہ الرحمہ تحریر فرما تے ہیں ”غصب کئے ہوئے کی زکاۃ غاصب پر واجب نہیں کہ یہ اس کا مال ہی نہیں، بلکہ غاصب پر یہ واجب ہے کہ جس کا مال ہے اسے واپس دے اور اگر غاصب نے اس مال کو اپنے مال میں خلط کر دیا کہ تمیز ناممکن ہو اور اس کا اپنا مال بقدر نصاب ہے تو مجموع پر زکاۃ واجب ہے۔ (ردالمحتارکتاب الزکاۃ، مطلب فیما لو صادر السطان رجلا.الخ، ج۳، ص۲۵۹/بحوالہ بہار شریعت ح زکوۃ کا بیان) واللہ اعلم بالصواب 

 کتبہ

فقیر تاج محمد قادری واحدی 

۳/ رمضان المبارک ۱۴۴۱ ھ






ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney