کیا دین مہر مانع زکوٰۃ ہے؟

سوال نمبر 912

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
 کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ میرا نکاح یعنی شادی  ۰۰۰۲؁ء  میں ہوئی تھی اس وقت مہر پچاس ہزار پر بندھا تھا تو ابھی تک میں نہیں دے پایا ہوں اب معلوم یہ کرنا ہے کہ جو مال میرے پاس ہے ان سب کی زکوٰۃ دینی ہوگی یا دین مہر کو نکالنے کے بعد؟
بینوا توجروا              
المستفتی:۔صلاح الدین بہار




وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ و برکا تہ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون المک الوہاب
 جب شادی دو ہزار میں ہوئی تو آپ کو چاہئے تھا کہ کسی عالم سے معلوم کریں انیس سال کے بعد آج معلوم کر رہے ہیں ابھی تک زکوٰۃ کس طرح دیتے رہے؟جبکہ شریعت مطہرہ نے ہر مسلمان مرد وعورت پر بقدر ضرورت علم کا سیکھنا فرض قرار دیا ہے فرمان مصطفی ﷺ ہے ”طلب العلم فریضۃ علی کل مسلم“(مشکوۃ)

 چونکہ مہر کی تین قسمیں ہیں (۱) مہر معجل،جو اسی وقت دے دیا جاتا ہے خواہ زیور کی صورت میں ہو یا نقد،تو اس پر زکوٰۃ کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔ (۲) مہر مطلق،جس کے لئے کوئی وقت ہی مقرر نہیں کہ عورت شوہر سے مطالبہ کرے یہ عورت کو اس کو اسی وقت ملتا ہے شوہر کا انتقال ہو یا طلاق دے،اس صورت میں بھی زکوٰۃ کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔(۳) مہر مؤجل،جس کے لئے ایک وقت مقرر ہوتا ہے وہ وقت پورا ہونے کے بعد عورت شوہر سے مطالبہ کرسکتی ہے اور شوہر پر عورت کا قرض باقی رہتا جب تک نہ دے،مگر زکوٰۃ کے لئے مانع نہ ہوگا یعنی شوہر مالک نصاب ہے تو اس پر زکوۃ واجب ہے اگر چہ دین مہر نکالنے کے بعد نصاب نہ بچے جیسا کہ علامہ صدر الشریعہ علیہ الرحمہ تحریر فرما تے ہیں ”چونکہ عادتاً دین مہر کا مطالبہ نہیں ہوتا، لہذا اگرچہ شوہر کے ذمہ کتنا ہی دین مہر ہو جب وہ مالک نصاب ہے، زکاۃ واجب ہے، خصوصاً مہر مؤخر جو عام طور پر یہاں رائج ہے(یہ اُس وقت رائج تھا،اب اِس وقت مہر معجل پر نکاح ہوتا ہے) جس کی ادا کی کوئی میعاد معین نہیں ہوتی، اس کے مطالبہ کا تو عورت کو اختیار ہی نہیں، جب تک موت یا طلاق واقع نہ ہو (الفتاوی الھندیۃ''، کتاب الزکاۃ، الباب الأول، ج۱، ص ۱۷۳/ بحوالہ بہار شریعت ح زکوۃ کا بیان)

 صورت مسؤلہ میں آپ پر زکوۃ واجب ہے اگر چہ دین مہر نکالنے کے بعد نصاب نہ بچتا ہو۔واللہ اعلم بالصواب

کتبہ

فقیر تاج محمد قادری واحدی 

۸/ رمضان المبارک ۱۴۴۱
۱/ مئی ۲۰۲۰ بروز  جمعہ






ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney