سوال نمبر 960
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں،،
کیا کفار و مشرکین نے نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر جادو کیا تھا، بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ،، سورۃ الناس،،، کا نزول اسی وقت ہوا جب کہ نبی پر جادو کیا گیا تھا،،
دلیل کے ساتھ جواب عنایت فرمائیں برائے مہربانی
سائل : محمد صالح رضوی مغل سرائے بنارس
وعلیکم السلام ورحمةاللہ وبرکاتہ
الجواب بعون الملک الوھاب
حضور صدر الافاضل مفسرالقرآن علامہ مفتی سید محمد نعیم الدین محدث مرادآبادی علیہ الرحمة والرضوان تحریر فرماتے ہیں ،، سورة الناس وسورة الفلق کانزول اسی وقت ہوا جب لبیدبن اعصم یہودی اور اس کی بیٹیوں نے حضور سید عالم صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم پرجادو کیا اور حضور اقدس ﷺ کے جسم مبارک اور اعضاء ظاہرہ پر اس کا اثر ہوا قلب وعقل واعتقاد پر کچھ اثر نہ ہوا چند روز کے بعد حضرت جبرئیل علیہ السلام آۓ اور انھوں نے عرض کیا کہ ایک یہودی نے آپ پر جادو کیا ہے اور جادو کا جو کچھ سامان ہے وہ فلاں کوئیں میں ایک پتھر کے نیچے دبا دیا ہے ۔
حضور سید عالم صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم نے حضرت علی المرتضی رضی اللہ تعالٰی عنہ کو بھیجا ۔انھوں نے کوئیں کا پانی نکالنے کے بعد پتھر اٹھایا اس کے نیچے سے کھجور کے گابھے کی تھیلی بر آمد ہوئی اس میں حضور اقدس ﷺ کے موۓ مبارک شریف جو کنگھی سے برآمد ہوۓ تھے اور حضوراقدس ﷺ کی کنگھی کے چند دندانے اور ایک ڈورا یا کمان کا چلہ جس میں گیارہ گرہیں لگی تھیں اور ایک موم کا پتلہ جس میں گیارہ سوئیاں چبھیں تھیں یہ سب سامان پتھر کے نیچے سے نکلا اور حضور اقدس ﷺکی خدمت میں حاضر کیا گیا ۔
اللہ تعالٰی نے یہ دونوں سورتیں نازل فرمائیں ۔ان دونوں سورتوں میں گیارہ آیتیں ہیں ۔پانچ سورہ فلق میں اور چھ سورہ ناس میں ۔ہر ایک آیت کے پڑھنے کے ساتھ ایک ایک گرہ کھلتی جاتی تھی یہاں تک کہ سب گرہیں کھل گئیں اور حضور اقدس ﷺ بالکل تندرست ہوگۓ ۔
پارہ ٣٠ تفسیر خزائن العرفان
وھوسبحانہ تعالی اعلم بالصواب
کتبه
العبد محمد عتیق اللہ صدیقی فیضی یارعلوی ارشدی عفی عنہ
دارالعلوم اھلسنت محی الاسلام
بتھریا کلاں ڈومریا گنج
سدھارتھنگر یوپی
٨ ذی القعدہ ١٤٤١ھ
٣٠ جون ٢٠٢٠ء
0 تبصرے