صحابہ کرام کا لباس کیسا رہتا تھا؟

 سوال نمبر 1085


السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ

کیا فرماتے ہیں علمائے دین کی ہمارے صحابہ کرام کا لباس کیسا رہتا تھا

المستفتی:- عبداللہ  بہار



 


وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

بسم اللہ الرحمن الرحیم 

الجواب بعون الملک الوہاب


صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین کے لباس بالکل سادہ رہتے تھےاور زیادہ تر سفید رہتے تھے اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ایسا لباس زیب تن فرماتے جس سے ستر پوشی ہوسکے اور یہ بھی بتایا گیا ہے کہ صحابہ کرام اکثر اونی اور موٹا لباس زیب تن کرتے تھے یعنی صحابہ کرام دنیاوی عیش و عشرت سے کنارہ کش ہو چکے تھے۔ اور اپنے اوڑھنے بچھونے میں ایسا طرف محل اپنا چکے تھے کہ دنیا کی محبت ان پر ٹھنڈی ہو چکی تھی اور وہ آخرت کی راہوں کو سنوار رہے تھے۔ اور یہی ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرام رضوان اللہ تعالٰی اجمعین کے طریق پر سادہ لباس کو اپنائیں اور فاخرانہ لباس سے کنارہ کشی اختیار کریں


اور لباس اللہ تعالٰی کی عظیم نعمت ہے جو انسانی جسم  کو سردی، گرمی اور ماحول کی آلودگی سے بچاتا ہے۔

اللہ تعالیٰ ارشادفرماتا ہے: وَّ جَعَلَ لَكُمْ سَرَابِیْلَ تَقِیْكُمُ الْحَرَّ (پارہ ۱۴،سورۃ النحل :آیت ۸۱)


ترجمۂ کنزالایمان: اور تمہارے لئے کچھ پہناوے بنائے کہ تمہیں گرمی سے بچائیں۔


حدیث پاک میں ہے : حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم  نے ارشاد فرمایا: کپڑوں میں سے سفید کو اختیار کیا کروکیونکہ وہ تمہارے کپڑوں میں بہترین کپڑے ہیں اور سفید کپڑوں میں ہی اپنے مردوں کو کفن دیا کرو۔ (ترمذی ، ابو داؤد، ابن ماجہ، مسند احمد)


اور حضرت سمرہ رضی ﷲ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی ﷲ علیہ وسلم  نے ارشاد فرمایا: سفید لباس پہنو کیونکہ وہ بہت پاکیزہ ، بہت صاف اور بہت اچھا ہے اور اسی میں اپنے مردوں کو کفن دیا کرو۔ (نسائی ، ترمذی، ابن ماجہ وغیرہ)


لہٰذا ہمیں بھی نبی اکرم ﷺ اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے زیادہ تر سفید کپڑے ہی کا استعمال کرنا چاہئے کیونکہ صحابہ کرام اکثر سفید اور سادہ لباس زیب تن فرماتے تھے


کتبہ: غلام محمد صدیقی فیضی

متعلم(درجہ تحقیق سال دوم) دارالعلوم اہل سنت فیض الرسول براؤں شریف سدھارتھ نگر یوپی الہند


۵/صفر المظفر ۱۴۴۲ ہجری 

مطابق ۲۳/ ستمبر ۲۰۲۰ بروز جمعرات







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney