آپ قوم کی بہتری کے لئے کچھ ہدیہ کریں کلک کریں

وہ کمال حسن حضور ہے الخ ، کی شعر کی تشریح؟

 سوال نمبر 1135


السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ

حضور اس شعر کی تشریح فرمادیں مہربانی ہوگی

وہ کمالِ حسن حضور ہے کہ گمانِ نقص جہاں نہیں

یہی پھول خار سے دور ہیں ،یہی شمع ہیں کہ دھواں نہیں


المستفتی محمد ناظم قادری فیض آباد




 

وعلیکم السلام ورحمةاللہ وبرکاتہ 

الجواب۔بعون الملک الوھاب 

وہ کمال حسن حضور ہے کہ گمان نقص جہاں نہیں 

یہی پھول خار سے دور ہے یہی شمع ہے کہ دھواں نہیں

مفہوم شعر ۔۔۔۔۔۔ 

آقاۓ دوجہاں صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم کو اللہ تعالٰی نے کمال کا حسن عطا فرمایا ہے کہ آپ کے حسن میں عیب تو کیا عیب کا گمان بھی نہیں ہوسکتا آپ کا حسن لاریب ہے ۔

دنیا کا کونسا وہ پھول ہے جس کے ساتھ کانٹا نہ ہو مگر مدینے کا پھول ہرقسم کے کانٹے سے محفوظ ہے اورہرطرح کاکانٹاآپ سے دور ہے ۔اور ہرشمع کے ساتھ دھوئیں کاہونا لازم ہے لیکن آپ ایسے شمع رسالت ہیں کہ جہاں دھوئیں کانام نشان نہیں ہے ۔

تشریح شعر۔۔۔۔۔۔

اس شعر میں حضوراقدس علیہ التحیة والثناء کے حسن کی رعنائیوں کوبیان کیاگیا ہے جس کواصحابۂ کرام یوں بیان کرتے ہیں ۔ ،، لم ار قبله ولا بعده مثله ،، (مشکٰوة )

یعنی آپ جیسا حسین وجمیل نہ آپ سے پہلے دیکھا نہ آپ کے بعد کوئی دیکھا جاسکتا ہے ۔


حضور اقدس صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم نے خود کئی مواقع پہ ارشاد فرمایا 

،، الست مثلکم  ،،لست کھئیتکم ،، ایکم مثلی،، 

تم میں کون میری طرح کا ہوسکتا ہے ۔

اور حضرت جبرئیل امین طائر سدرہ  علیہ السلام نے یوں عرض کیا ،، 

بزبان شاعر ۔۔۔۔۔۔

آفاق ھا گر دیدہ ام مہربتاں ور زیدہ ام ۔

بسیارخوبیاں دیدہ ام لیکن توچیزے دیگری ۔

  اورامام الشعراء حضرت حسان بن ثابت رضی اللہ تعالی عنہ نے حضوراقدس صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کے حسن وجمال کوملاحظہ کرکے یوں عرض کیا  ،، 

واجمل منک لم ترقطّ عینی 

واکمل منک لم تلد النّسآء

خلقت مبرّاءمّن کلّ عیب 

کانّک قد خلقت کما تشآء


یعنی یارسول اللہ آپ سے زیادہ حسین وجمیل میری آنکھوں نے کسی کونہیں دیکھا اوردیکھتا بھی کیسے جب کہ آپ سے زیادہ حسین کسی ماں نے جناہی نہیں ۔میرے آقاﷺ آپ ہرعیب سے پاک پیدافرماۓ گئے ہیں گویا آپ اپنی مرضی کے مطابق جیسا آپ نے خود چاہا ویسا ہی خدا نے آپ کو بنایا ۔


یہ حقیقت حضرت حسان بن ثابت رضی اللہ تعالی عنہ نے بیان فرمائی ہے کہ یہ عوام کےلۓ ہے کہ جیسے خداچاہے انہیں بنادے ۔ حضوراقدس ﷺ کےلۓ یہ بات نہیں ۔ بلکہ اللہ عزوجل نے جب محبوب کوپیدافرمایا تو محبوب کو محبوب کی مرضی کے مطابق بنایا ۔ محبوب سے پوچھ کربنایا جیسے محبوب نے چاہا ویسے ہی محبوب کو بنایا ۔ اورچونکہ محبوب یہ کبھی نہیں چاہتا کہ اس میں کوئی عیب ہو ۔ اس لیۓ حضوراقدس ﷺ جب اپنے چاہنے کے مطابق پیدا کیۓ گیۓ ہیں تو لازما آپ ہرعیب سے پاک پیدا فرماۓگئے ہیں۔


حضرت حسان رضی اللہ تعالی عنہ کے اس ایمان افروز بیان کے پیش نظر ہرمسلمان کا یہ ایمان ہے کہ ہمارے حضوراقدس ﷺ جومحبوب خدا ہیں ہر عیب ونقص سے پاک ومبرا ہیں۔ بے عیب خالق نے اپنے محبوب کو بھی بے عیب بنایا ہے ۔ 

 

اور مدینہ شریف کی بچیوں نے چودہویں کاچاند کہا ،، 


 الصبح بدا من طلعته 

واللیل دجی من وفرته 

فمحمدنا  ھو  سیدنا

فالعز تنا لا حسا بته


کسی شاعر نے کیا خوب کہا ،، 

حسن یوسف دم عیسی ید بیضہ داری 

آنچہ خوباں ہمہ دارند چوں تہنا داری ۔


اور راز الہ آبادی کہتے ہیں،، 


جبریل امیں بولے سدرہ کے مکیں بولے ۔

تم سا نہ حسیں دیکھا لاکھوں میں ہزاروں میں۔

 

اور امام عشق ومحبت نےخود ارشادفرمایا ،،

یہی بولے سدرہ والے چمن جہاں کے تھالے ۔

سبھی میں نے چھان ڈالے تیرے پاۓ کا نہ پایا ۔


الغرض ۔۔ امام عشق ومحبت حامی اھلسنت اعلیحضرت رضی اللہ تعالی عنہ نے مذکورہ شعر میں حقیقت کا اظہار کیا ہے کہ دنیا کی حسین وجمیل چیزوں میں کوئ نہ کوئ عیب ضرور نظرآتا ہے ۔ چاند باوجود اپنے حسن وجمال کے ایک سیاہ دھبہ رکھتا ہے ۔ پھول اپنے حسن و لطافت کے ساتھ کانٽا بھی رکھتا ہے شمع اپنے نوروروشنی کےساتھ ساتھ دھواں بھی رکھتی ہے ۔


مگراللہ رے حسن وجمال مصطفے ﷺ کہ یہی ایک حسن کامل ہے جس میں کسی عیب ونقص کاگمان نہیں ۔

وہ کمال حسن حضور ہے کہ گمان نقص جہاں نہیں ۔


دوسرے پھول توخار رکھتے ہیں مگر حسن مصطفے ایک ایساپھول ہے جس میں خار نہیں ۔شمع دھواں رکھتی ہے مگرحسن مصطفے ایک ایسی نورانی شمع ہے جس میں دھوئیں کا نشان تک نہیں ۔ 

یہی پھول خار سے دور ہے یہی شمع ہے کہ دھواں نہیں ۔


ماخوذ شرح کلام رضا فی نعت المصطفی المعروف شرح حدائق بخشش صفحہ ٣١٣



وھو سبحانہ تعالی اعلم بالصواب 


       کتبه 

العبد ابوالفیضان محمد عتیق اللہ صدیقی فیضی یارعلوی ارشدی عفی عنہ 

دارالعلوم اھلسنت محی الاسلام 

بتھریاکلاں ڈومریا گنج 

سدھارتھنگر یوپی 

٢٧   صفرالمظفر      ١٤٤٢ ھ

 ١٥        اکتوبر        ٢٠٢٠ ء




ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney