سوال نمبر 1229
السلام وعلیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسلہ کے بارے میں نماز جماعت سے ہو رہی ہے زید دوسرے لائن میں اکیلے ہی کھڑا ہو گیا کیا زید کی نماز ہو جائیگی؟ قرآن و حدیث کی روشنی میں اسکا جواب ارسال فرمائیں مہربانی ہوگی
سائل: محمد غزنوی
وعلیکم السلام ورحمةاللہ وبرکاتہ
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب:
اگرنمازباجماعت ہورہی تھی اورپہلی صف میں جگہ نہ تھی تو بعد میں آنے والا شخص دوسرے آنے والے کا انتظارکرے ۔ اگر کوئ نہیں آیا اور امام رکوع میں چلا گیا تو صف اول سے جو مسئلہ کا جانکار ہو اس کو کھینچ کر دوسری صف میں اپنے ساتھ ملا کر کھڑا ہوجاۓ ۔ اور اگر کوئ ایسا شخص نہیں جو اس مسئلہ کا جانکار ہو تو وہ اکیلے امام کی سیدھائی میں کھڑا ہوسکتا ہے۔ اور اگر بلا عذر بھی اکیلے کھڑا ہوجاۓ تو بھی نماز ہوجاۓ گی ۔
سیدالفقہاء حضرت علامہ سیدامین الشہیر ابن عابدین شامی علیہ الرحمةوالرضوان تحریرفرماتےھیں:
"ان وجد فی الصف فرجة سدھا والا انتظر حتی یجئ آخر فیقفان خلفه وان لم یجئ حتی رکع الامام یختار اعلم الناس بھذا المسئلة فیجذبه ویقفان خلفه ولو لم یجد عالما یقف خلف الصف بحذاء الامام للضرورة ولووقف منفردا بغیرعذر تصح صلاته، اھ"
(ردالمحتار جلداول صفحہ ٥٦٨
فتاوی فقیہ ملت جلداول صفحہ ١٥٧)
فقیہ اعظم حضور صدرالشریعہ بدرالطریقہ علامہ مفتی محمد امجد علی رضوی تحریرفرماتےھیں:
صف میں منفرد کو کھڑا ہونا مکروہ ہے، کہ قیام و قعود وغیرہ افعال لوگوں کے مخالف ادا کرے گا۔
یوہیں مقتدی کو صف کے پیچھے تنہا کھڑا ہونا مکروہ ہے، جب کہ صف میں جگہ موجود ہو اور اگر صف میں جگہ نہ ہو تو حرج نہیں اور اگر کسی کو صف میں سے کھینچ لے اور اس کے ساتھ کھڑا ہو تو یہ بہتر ہے، مگر یہ خیال رہے کہ جس کو کھینچے وہ اس مسئلہ سے واقف ہو کہ کہیں اس کے کھینچنے سے اپنی نماز نہ توڑ دے۔
(الفتاوی الھندیۃ ‘‘ ، کتاب الصلاۃ، الباب السابع فیما یفسد الصلاۃ، الفصل الثاني، جلداول، صفحہ ۱۰۷۔)
اور چاہئے کہ یہ کسی کو اشارہ کرے اور اسے یہ چاہیۓ کہ پیچھے نہ ہٹے اس پر سے کراہت دفع ہوگئی ۔
(فتح القدیر، کتاب الصلاۃ، باب الإمامۃ، جلداول، صفحہ ۳۰۹۔)
(ماخوذ: بہارشریعت جلداول حصہ سوم صفحہ ٦٣٧ المکتبة المدینه دعوت اسلامی)
وھوسبحانہ تعالی اعلم بالصواب
کتبه
العبد ابوالفیضان محمد عتیق الله صدیقی فیضی یارعلوی ارشدی عفی عنہ
دارالعلوم اھلسنت محی الاسلام بتھریاکلاں ڈومریا گنج سدھارتھنگر یوپی
١٨ ربیع الغوث ١٤٤٢ھ
٤ دسمبر ٢٠٢٠ ء
0 تبصرے