مسجد کے غسل خانے میں کون کون غسل کرسکتے ہیں؟

 سوال نمبر 1306


السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ

بعد سلام علمائے کرام کی بارگاہ میں عرض ہے کہ مسجد کے غسل خانہ میں کون کون حضرات غسل کر سکتے ہیں؟

 کیا فقط امام اور مؤذن ہی غسل کر سکتے ہیں یا عوام بھی اس میں غسل کر سکتے ہیں؟ اور بعض مساجد میں ایسا ہوتا ہے کہ ایک غسل خانہ ہونے کے باوجود دوسرا فقط اس لئے بنوایا جاتا ہے کہ صبح بوقتِ فجر لوگ غسل کرنے آتے ہیں تو اس وجہ سے غسل خانہ مسجد کے پیسے سے مسجد میں بنوانا کیسا ہے اور جو لوگ مسجد کے غسل خانے میں غسل کرکے جاتے ہیں ان کے لئے حکمِ شرع کیا ہے جواب عطا فرمائیں کرم ہوگا

سائل احمد رضا بریلوی





وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

الجواب اللہم ھدایۃ الحق والصواب:

مسجد میں غسل خانہ عام طور پر امام مؤذن خادم وغیرہ کے لئے ہی بنائے جاتے ہیں عوام کے لئے نہیں لہذا اس صورت میں عوام کو مسجد کے غسل خانہ میں غسل کرنا جائز نہیں


البتہ اگر وہاں کا عرف ہی ایسا ہو جیسا کہ وضو خانہ استنجاء خانہ وغیرہ سب کے لئے ہوتا ہے اسی طرح غسل خانہ بھی سب کے لئے بنایا جاتا ہو یا بوقت وقف واقف نے یا چندہ دہنداں نے عوام کے لئے عام طور پر وقف کیا ہے توان صورتوں میں عوام کا وہاں غسل کرنا جائز ہوگا.


حضور اعلٰی حضرت علیہ الرحمۃ والرضوان نے مسجد کے لاؤڈ اسپیکر سے موت کے اعلان کے بارے میں فرمایا ہے": اور اگر مسجد کا لاؤڈ اسپیکر وقف ہے اور واقف نے بوقت وقف اس کی اجازت دی ہو تو اس سے موت کا اعلان کرنا یا میلاد شریف اور دیگر مجالس خیر میں استعمال کرنا کرایہ پر دینا جائزہے۔ "لان شرط الواقف کنص الشارع ۔"

( فتاوی رضویہ جلد ششم صفحہ ٣٥٢)


(ماخوذ از فتاوی فقیہ ملت جلد دوم صفحہ ١٧٥)


اگر کوئی اپنے رقم سے بنوانا چاہے تو بنوا سکتا ہے یونہی چندہ دینے والے اسی غرض سے چندہ دئے ہیں جب بھی بنوا سکتے ہیں اور اگر مسجد کی رقم سے بنوانا چاہیں تو غسل خانہ ہوتے ہوئے دوسرا غسل خانہ عوام کے لئے نہیں بنوا سکتے جو بنوائے گا اس کو اپنے جیب سے تاوان دینا ہوگا.

(ماخوذ از بہار شریعت مسجد کا بیان)


 جب عوام ہی کے لئے بنوایا گیا ہے تو غسل کرسکتے ہیں بشرطیکہ تمام مسجدیت سے قبل بنایا جائے تعمیر مسجد کے بعد قطعا کسی صورت میں نہیں 

 بنوا سکتے


واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب


کتبہ: محمد فرقان برکاتی امجدی


٢٦ جمادی الاول  ١٠ جنوری ٢٠٢١







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney