سوال نمبر 1313
السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ۔
کیا فرماتے ہیں علماء کرام درج ذیل واقعہ کے بارے میں کہ: نبی کریم ﷺ معراج پر تشریف لے گئے تو اللہ تعالی نے آپ سے فرمایا کہ اے محبوب آپ نعلین پہنے ہوئے آئیں تو حضور ﷺ اسی طرح یعنی نعلین مبارک پہنے ہوئے عرش پر تشریف لے گئے الخ۔ دریافت طلب امر ہے کہ آیا یہ روایت مستند ہے یا نہیں؟
جواب عنایت فرمائیں! بینوا وتوجروا۔
المستفتی۔۔۔۔ محمد ذیشان، الہ باد،
وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ہدایت الحق والصواب:
مذکورہ روایت کہ جس میں یہ ہے کہ نبی کریم ﷺ نعلین مقدس پہنے ہوئے عرش پر تشریف لے گئے، یہ روایت بے اصل بے بنیاد اور باطل محض ہے۔ اس کو بیان بھی نہیں کرنا چاہئے۔
جیساکہ فقیہ اعظم ہند شارح بخاری مفتی شریف الحق امجدی علیہ الرحمۃ تحریر فرماتے ہیں کہ:
نعلین مقدس پہنے ہوئے عرش پر جانا جھوٹ اور موضوع ہے۔
جیساکہ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا قدس سرہ نے "عرفان شریعت حصہ دوم ص:۹ " پر تحریر فرمایا ہے۔
(فتاویٰ شارح بخاری، جلد۱، ص۳۰۶)
اس کے بعد دوسرے صفحہ پر لکھتے ہیں: کہ اس روایت کے جھوٹ اور موضوع ہونے کے لیے یہی کافی ہے کہ کسی حدیث کی معتبر کتاب میں یہ روایت مذکور نہیں۔ جو صاحب یہ بیان کرتے ہیں کہ نعلین پاک پہنے عرش پر گئے ان سے پوچھیے کہ کہاں لکھا ہے۔
( حوالہ سابق ص۳۰۷)
واللہ تـعـالی و رسـولـہﷺ اعلم بالصـواب۔
مـحـمـد چـاند رضـا اسمٰعیلی، دلانگی،
متـعلم دارالـعـلوم غـوث اعـظم،مسـکیڈیہ، جـھـارکھنڈ۔
0 تبصرے