آپ قوم کی بہتری کے لئے کچھ ہدیہ کریں کلک کریں

مندر کی تعمیر کے لئے چندہ دینا کیسا ہے؟

 سوال نمبر 1356


السلام علیکم ورحمۃ اللہ  وبرکاتہ۔

کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس سوال کے بارے میں کہ زید نے مندر کے تعمیر کے لئے ایک لاکھ یا چاہے جتنا بھی چندہ دیا زید کے بارے میں شرع کا کیا حکم ہے؟ مدلل جواب عنایت فرمائیں۔

سائل: مولانا قمر الہدی فیضی ‌مہراج گنج یو پی۔

26 جنوری 2021.





وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

الجواب بعون الملک الوہاب اللہم ھدایۃ الحق والصواب:

مندر کی تعمیر میں چندہ دینا حرام قطعی وگناہ عظیم ہے بلکہ منجر الی الکفر ہے لیکن اگر جبریہ پیسہ دینا پڑے یعنی کافر مسلمانوں پر دباؤ ڈال کر مندر کی تعمیر کے لئے پیسہ وصول کرتے ہیں اور چندہ نہ دینے پر ہنگامہ کھڑا کرتے ہیں یا مارتے پیٹتے ہیں یا پریشان کرتے ہیں یا مسلمانوں کے کاموں میں رکاوٹیں پیدا کرتے ہیں تو ایسی صورت میں ان کے شر سے بچنے کی نیت سے بقول شیخ سعدی شیرازی علیہ الرحمہ "دہن سگ بلقمہ دوختہ بہ اھ" کچھ دے دیا کریں اور اس نیت سے دینا اعانت الی الشرک نہیں ہے اس لئے کفر سے بچ جائیں گے۔


قرآن مجید میں ہے: "وَ لَا تَعَاوَنُوْا عَلَى الْاِثْمِ وَ الْعُدْوَانِ۪"

(ترجمہ کنز الایمان) اور گناہ اور زیادتی پر باہم مدد نہ دو۔ (المائدہ آیت ۲) 


 لیکن اگر خوشی بخوشی دے رہا ہے تو یہ اعانت الی الشرک ہے جو کہ کفر ہے اس لئے کہ مندر میں بت رکھے جائیں گے اور اس کی پوجا کی جائے گی اور غیر اللہ کا پوجا کرنا شرک ہے اور اعانت الی الشرک کفر ہے۔


فتاویٰ عالمگیری میں ہے: " ان من ساعد علیٰ ذالک فھو راض بالکفر والرضاء بالکفر کفر " (فتاویٰ عالمگیری جلد ۲، صفحہ۲۵۷، الباب التاسع فی احکام المرتدین مطبع رشیدیہ پاکستان (باختلاف الفاظ)


لہذا زید کا بہ رضا و رغبت مندر میں چندہ دینا کفر ہے اس لئے زید پر توبہ تجدید ایمان لازم و ضروری ہے اور اگر بیوی والا ہے تو تجدید نکاح بھی لازم ہے اور اگر کسی صاحب شرع پیر سے مرید ہو تو بیعت بھی ہولے۔


ایسا ہی فتاویٰ شارح بخاری جلد دوم صفحہ ۵۷۳ تا ۵۷۶ میں ہے

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب


کتبہ: فقیر غلام محمد صدیقی فیضی عفی عنہ

۱۲/ جمادی الآخر ۱۴۴۲ ہجری

مطابق ۲۶/ جنوری ۲۰۲۱ عیسوی بروز منگل


الجواب صحیح: فقیر محمد ابراہیم خان امجدی رضوی




ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney