امام فوٹو گرافی کا کام کرے تو؟

 سوال نمبر 1425


السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ 

کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ زید کا کچھ ایسا کام جو کھلے عام کرتا ہے فوٹو گرافی بنوانا  زید عید گاہ میں نماز پڑھاتا ہے کچھ لوگ اس کے پیچھے نماز نہیں پڑھنا چاہتے  کیا حکم ہے

المستفتی :- محمد ذیشان رضا الہ آباد

  




وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ

بسم اللہ الرحمن الرحیم 

الجواب بعون الملک الوہاب


فوٹو گرافی کرنا کرانا جائز نہیں جو شخص ایسا کرتا ہے فاسق ہے جب تک توبہ نہ کرے اسے امام بنانا منع ہے 

فتاویٰ فقیہ ملت میں ہے کہ تصویر کھینچنا کھینچوانا یا تعظیما اسے اپنے پاس رکھنا سخت ناجائز و حرام ہے اس بارے میں احادیث کثرت سے وارد ہیں جس گھر  میں تصویر ہوتی ہے اس میں رحمت کے فرشتے نہیں آتے حضور اقدس صلی اللّٰہ تعالیٰ علیہ وسلم ارشاد فرماتے ہیں

لاتدخل الملائکۃ بیتا فیہ کلب ولاصورۃ

(مسلم شریف جلد دوم صفحہ 200)

 پھر اسی صفحہ پر دوسری روایت ہے

ان من اشد الناس عذابا یوم القیمامۃ الذین یشبہون بلخق اللہ

یعنی بیشک نہایت سخت عذاب روز قیامت ان تصویر بنانے والوں پر ہوگا جو خدا کے بنائے ہوئے کی نقل کرتے ہیں


لہٰذا، صورت مسئولہ میں اگر واقعی زید فوٹو کھینچواتا ہے تو وہ فاسق معلن اور سخت گناہ گار مستحق عذاب نار ہے اس پر لازم ہے کہ علانیہ توبہ واستغفار کرے اور تمام تصویروں کو پھاڑ کر پھینک دے

نیز چند سطر پہلے ہے کہ

اسے امام بنانا گناہ ہے اور اس عیب (یعنی علامت فسق ) کے بعد جتنی نمازیں اس کے پیچھے پڑھی گئیں ان کا دوبارہ پڑھنا واجب

(فتاویٰ فقیہ ملت جلد اول باب الامامت صفحہ 120)

نیز ایک مولوی صاحب کا کمیٹی کے دباؤ میں فوٹو گرافی کرانے کے سوال کے جواب میں

حضرت بحرالعلوم مفتی عبد المنان صاحب اعظمی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں کہ

مولوی صاحب موصوف ویڈیو کو تصویر ہی تصور کرتے ہیں اور اس کو حرام ہی سمجھتے ہیں جبھی تو سکریٹری کی ناراضگی کا عذر کرتے ہیں تو اگر واقعہ ایسا ہی ہے تو ان کا یہ فعل ضرور فسق ہے ان کو اپنی حرکت سے توبہ کرنی چاہیے توبہ کرلیں تو ان کو امام بنایا جائے حدیث شریف میں ہے لاطاعۃ لمخلوق فی معصیۃ الخالق

(فتاویٰ بحرالعلوم جلد اول کتاب الصلاۃ صفحہ 121 مطبوعہ شبیر برادرز لاہور )


لہٰذا، زید مذکور جب تک توبہ نہ کریں ان کے پیچھے نماز نہ پڑھیں اور

جو لوگ زید مذکور کے پیچھے نماز نہیں پڑھتے صحیح کرتے ہیں 


       واللہ تعالٰی اعلم

              کتبہ

ابوالاحسان قادری رضوی غفرلہ







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney