حالت نماز میں بلا ضرورت کھانسنا کیسا ہے؟

 سوال نمبر 1432


السلام علیکم ورحمت الله وبرکاته

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام ومفتیان عظام اس مسئلہ میں کہ نماز میں بلا ضرورت کھانسنے یا کھکھارنے سے  کوئی خرابی لازم آتی ہے یا نہیں مدلل جواب عنایت فرمائیں 

 بہت مہربانی ہوگی 

                      

 المستفتی محمد دانش رضا دیسائی گنج وڑسا ضلع گڑ چرولی مہاراشٹر





وعلیکم السلام ورحمت الله وبرکاته

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوہاب


نماز میں بلا ضرورت کھانسنے اور کھنکارنے سے نماز مکروہ ہو جاتی ہے جب کہ بالقصد ہو اور اگر طبیعت دفع کر رہی ہے  تو حرج نہیں 

جیسا کہ حضور صدالشریعہ بدر الطریقہ حضرت علامہ امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں

انگڑائی لینا اور بالقصد کھانسنا یا  کھنکارنا مکروہ ہے اور اگر طبیعت دفع کر رہی ہے تو حرج نہیں اور نماز میں تھوکنا بھی  مکروہ ہے 

اور طحطاوی علی مراقی الفلاح میں انگڑائی کو فرمایا ظاہراً مکروہ تنزیہی ہے

(بہار شریعت، ح ٣،ص ٦٣٣ دعوت اسلامی )


اور اعلٰی حضرت امام احمد رضا فاضل بریلوی علیہ الرحمہ سے سوال ہوا کہ  امام جب نماز میں کھڑا ہو کر قرأت شروع کرے اگر اس وقت بعذر یعنی قرأت بند ہونے کی وجہ گلا صاف کرنے کے لئے کھانسا تو نماز جائز ہو جائے گی۔عمرو کہتا ہے نہیں کہ خواہ کسی حالت میں ہو یا عذر یا بلاعذر اگر پے در پے تین مرتبہ کھانسا تو نماز باطل ہوجائے گی، اس مسئلہ میں کون حق پر ہے۔


تو آپ نے جوابا فرمایا

 صورت مذکورہ میں نماز میں اصلاً کوئی خلل نہ آیا کھانسنا کھنکارنا جبکہ بذریعہ کسی غرض صحیح کے لئے ہو جیسے گلا صاف کرنا یا امام کو سہو پر متنبہ کرنا تو مذہب صحیح میں ہرگز مفسدِ نماز نہیں۔


فی الدرالمختار فی المفسدات (والتنحنح بلاعذر) اما بہ بان نشأمن طبعہ فلا (او) بلا (غرض صحیح) فلو لتحسین صوتہ او لیھتدی امامہ اوالاعلامہ انہ فی الصلاۃ فلا فساد علی الصحیح۱؎۔

واﷲ تعالٰی اعلم


درمختار وغیرہ کے باب نماز کے مفسدات میں ہے (اور بغیر عذر کے کھانسنا) ہاں اگر عذر کی بنا پر ہو مثلاً طبعاً ایسا ہُوا تو فاسد نہیں(یا) بغیر (غرض صحیح کے ہو) پس اگر تحسین آواز یا امام کی رہنمائی یا اس اطلاع کے لئے کھانسا کہ وہ نماز میں ہے تو صحیح یہی ہےکہ نماز فاسد نہ ہوگی

(فتاوی رضویہ ، ج ٦ ، ص ٢٧٤،،٢٧٥  دعوت اسلامی)


والله تعالی اعلم بالصواب



کتبه    محمد فرقان برکاتی امجدی

٢٣/جمادی الآخر،١٤٤٢ھ،،٦/فروری،٢٠٢١ء







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney