نماز کے بعد سجدہ کرکے دعا مانگنا کیسا ہے؟

 سوال نمبر 1437


اَلــسَــلامُ عَــلَــيْــكُــمْ وَرَحْــمَــةُ الــلّٰــهِ وَبَــرَكَــاتُــهْ

کیا فرماتے ہیں علماۓ دین مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ کیا نماز کے بعد سجدہ کر کے سجدے میں دعا مانگ سکتے ہیں یا نہیں مدلل جواب عنايت فرمایٸں؟ بینوا تو جروا

المستفتی ۔ محمود احمد قادری جامعی مہنڈر پونچھ جموں و کشمیر





وعلیکم السلام ورحمةاللہ وبرکاتہ 

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب  ۔

 عجزوانکساری کے طورپر دعا مانگنے کے لیے کسی خاص حالت  کی قید نہیں ہرحالت میں دعا مانگنے کی اجازت ہے چاہے کھڑے ہوکر دعا مانگے یا بیٹھ کر یا سو کر یا سر بسجود ہو کر ۔ بندے کو اختیار کلی حاصل ہے ۔مگر گوشہ تنہائی کی دعا زیادہ بہتر ہے شخص واحد کے لیے اور اجتمائی دعا قابل قبول ہوتی ہے ۔ 

سجدہ میں دعا کرنے کو سجدۂ شکر کہتے ہیں جب بندے کو کوئی خوشی حاصل ہوتی ہے تو فوراً سجدۂ شکر ادا کرتا ہے شکرانے نعمت کے طور پر بندہ سجدہ کرکے اپنے رب کی بارگاہ میں خراج عقیدت پیش کرتا ہے یہ جائز و درست ہے ۔ اور سجدۂ شکر کرنے کا طریقہ وہی ہے جو سجدۂ تلاوت کا ہے ۔ 


جیساکہ امام النحو استاذالفقہاء صدرالعلماء حضور علامہ مفتی سید غلام جیلانی میرٹھی علیہ الرحمة والرضوان تحریر فرماتے ہیں ،، اولاد پیدا ہوئی یا مال پایا یا گم ہوئی چیز مل گئی یا مریض نے شفا پائی یا مسافر واپس آیا یا کسی کے ملنے پر سجدہ کیا اس کو سجدہ شکر کہتے ہیں اور اس کا کرنا مستحب ہے اور اس کا طریقہ وہی ہے جو سجدہ تلاوت کا ہے ۔ 


نظام شریعت صفحہ ٢٦٢ ۔


حدیث شریف میں ہے  ،، 


عن ابی بَکُرَةَ قال کان رسول اللّٰه صلی اللّٰه تعالی علیه وسلّم اِذَاجَآءَهٗ اَمْرٌ سرورًا او یُسَّرُ بهٖ خَرَّ ساجدًا شاکرًا لِلّٰهِ تعالٰی ،،

،،رواه ابوداؤد والترمذی  ،،


حضرت ابو بکرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کو جب کوئی اچھی خبر ملتی تو سجدہ کرکے اللہ کا شکر ادا کرتے ۔


مشکٰوة شریف مترجم جلداول باب فی سجودالشکر صفحہ ٣١٨۔


وھوسبحانہ تعالٰی اعلم بالصواب 


           کتبه

العبد ابوالفیضان محمّد عتیق الله صدیقی فیضی یارعلوی ارشدی عفی عنہ 

دارالعلوم اھلسنت محی الاسلام 

بتھریا کلاں ڈومریا گنج سدھارتھنگر یوپی 

١  رجب المرجب ١٤٤٢ھ

١٤ فروری  ٢٠٢١ء







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney