امام کو قعدہ اخیرہ میں پایا تو؟

 سوال نمبر 1460


السلام علیکم و رحمتہ اللہ وبرکاتہ 

علمائے کرام کی بارگاہ عرض ہے کہ 

زید ظہر کی نماز پڑھنے کے لئے مسجد میں آیا تب تک امام صاحب ایک رکعت نماز پڑھا چکے تھے 

پوچھنا یہ چاہتاہوں کہ جب امام صاحب قعدہ اخیرہ میں تشہد و دعاء ماثورہ پڑھ کر سلام پھیرے تو زید اس وقت صرف تشہد پڑھ کر بیٹھا رہے یا زید بھی یہ سب پڑھے  

جواب سے نواز کر شکریہ کا موقع دیں 

المستفتی :-  ندیم اختر 







وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ 

الجواب بعون الملک الوھاب

مسبوق یعنی جس کی کوئی رکعت چھوٹ گئی ہے وہ امام کے ساتھ قعدہ اخیرہ میں درود و دعا نہ پڑھے کہ وہ خود اپنی پڑھیگا تو قعدہ اخیرہ میں یہ چیزیں ادا کریگا اور یہ قعدہ اس کی نماز کا اخیرہ نہیں۔

فتاوی عالمگیری  میں ہے

وان مسبوق ببعض رکعات یتابع الامام فی التشھد الاخیر اذا اتم التشھد لا یشتغل بما بعد من الدعوات

یعنی مسبوق تشہد سے فارغ ہونے کے بعد تشہد کے بعد کی چیزوں میں مشغول نہ ہو

 رہا یہ کہ امام قعدہ اخیرہ میں مسبوق کیا کرے تو اس میں فقہاء کے متعدد اقوال ہیں۔

بعض یہ فرماتے ہیں کہ ٹھہر ٹھہر کر تشہد کے الفاظ ادا کرے کہ امام کے درود و دعا سے فارغ ہونے تک یہ اپنا تشہد ختم کرے۔

اور بعض فقہاء یہ فرماتے ہیں کہ مسبوق اپنے تشہد سے فارغ ہونے کے بعد کلمئہ شہادت یعنی 

اشھد ان لااله الاه و اشھد ان محمدا عبدہ ورسوله کی تکرار کرے یہاں تک کہ امام سلام پھیرے ۔

اور بعض فقہاء یہ بھی فرماتے ہیں کہ سکوت کرے 

ردالمختار میں ہے

وام المسبوق فیترسل لیفرغ عند سلام امامه و قیل یتم و قیل یکرر کلمة الشھادة

 فتاویٰ عالمگیری میں ہے 

و عن ابن شجاع انه یکرر التشھد ای قوله اشھد ان لا اله الا الله و ھوالمختار کذا فی الغیاثیة والصحیح ان المسبوق یترسل فی التشھد حتی یفرغ عند سلام الامام کذا فی الوجیز للکردری و فتاوی قاضی خاں و ھکذا فی الخلاصة۔ فتح القدیر

اور بہتر یہ معلوم ہوتا ہے کہ ٹھہر ٹھہر کر مسبوق تشہد پڑھے اور باوجود اس کے امام کے فارغ ہونے سے پہلے اگر تشہد سے فارغ ہو گیا تو کلمہ شہادت کی تکرار کرے کہ ترسل سے مقصد یہی تھا کہ یہ بیکار نہ رہے 

( فتاوی رضویہ قدیم  جلد اول صفحہ نمبر ١٨٠،١٨١)


واللہ تعالی اعلم بالصواب 


         کتبہ 

محمد مدثر جاوید رضوی 

مقام۔ دھانگڑھا 

علاقہ۔ بہادر گنج 

ضلع۔ کشن گنج بہار







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney