کیا وقت ذبح صاحب قربانی کا سامنے ہونا شرط ہے؟

        سوال نمبر 1649

السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام ومفتیان عظام اس مسٔلہ کے بارے میں  

قربانی کرانے والا شخص گھر میں موجود نہ ہو تو کیا اس کے نام سے قربانی ہوگی یا نہیں؟ یا جس کے نام سے قربانی ہو رہی ہے اس کو موجود ہونا ضروری ہے یا نہیں  ؟

جواب عنایت فرمائیں مہربانی ہوگی ۔


المستفتی محمد عالمگیر احمد قادری بغدادی سونپوروا رنکا گڑھوا جھارکھنڈ


وعلیکم السلام ورحمةاللہ وبرکاتہ 

الجواب بعون الملک الوھاب  ۔

 قربانی کرانے والا شخص اپنے گھر میں موجود نہ ہو تو اس کے نام سے قربانی ہو جائے گی ۔ بشرطیکہ اس کی اجازت ہو ۔ 

جس کے نام سے قربانی ہو رہی ہے اس کو مذبح میں موجود ہونا بہتر و اعلٰی و افضل ہے ۔ بلاتفاق اگر موجود نہ ہو تو بھی قربانی ہو جائے گی ۔ موجود نہ ہونے میں کوئی قباحت نہیں ۔ 

فقیہ اعظم حضور صدرالشریعہ بدرالطریقہ علامہ مفتی محمد امجد علی رضوی اعظمی علیہ الرحمة والرضوان تحریر فرماتے ہیں ،، بہتر یہ ہے کہ اپنی قربانی اپنے ہاتھ سے کرے اگر اچھی طرح ذبح کرنا جانتا ہو اور اگر اچھی طرح نہ جانتا ہو تو دوسرے کو حکم دے وہ ذبح کرے مگر اس صورت میں بہتر یہ ہے کہ وقت قربانی حاضر ہو

 حدیث میں  ہے ،، حضور اقدس  صلی اللّٰہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے حضرت فاطمہ زہرا  رضی اللّّٰہ تعالٰی عنہا  سے فرمایا :’’کھڑی ہوجاؤ اور اپنی قربانی کے پاس حاضر ہو جاؤ کہ اس کے خون کے پہلے ہی قطرہ میں  جو کچھ گناہ کئے ہیں  سب کی مغفرت ہو جائے گی اس پر ابو سعید خدری  رضی اﷲ تعالٰی عنہ نے عرض کی یا نبیﷲ ( صلی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم ) یہ آپ کی آل کے لیے خاص ہے یا اور عامۂ مسلمین کے لیے بھی  ؟  فرمایا کہ میری آل کے لیے خاص بھی ہے اور تمام مسلمین کے لیے عام بھی ہے۔ 

الفتاوی الھندیة‘‘ ،کتاب الأضحیة،الباب الخامس فی بیان محل إقامةالواجب،جلدپنجم  ۵ ،صفحہ ۳۰۰۔ 

و ’’ تبیین الحقائق ‘‘ ،کتاب الأضحیة ،جلدششم ۶ ،صفحہ ٤٨٧۔

 و ’’ حاشیةالشلبیة‘‘ ھامش علی ’’ تبیین الحقائق ‘‘ ، کتاب الأضحیة ،جلدششم  ۶ ،صفحہ ٤٨٧ ۔

بہار شریعت جلد سوم حصہ پا نزدھم صفحہ ٣٤٦ قربانی کے جانور کا بیان  المکتبة المدینة دعوت اسلامی ۔


وھو سبحانہ تعالٰی اعلم بالصواب 


            کتبه 

العبد ابوالفیضان محمد عتیق اللہ صدیقی فیضی یارعلوی ارشدی عفی عنہ 

دارالعلوم اھلسنت محی الاسلام 

بتھریاکلاں ڈومریاگنج سدھارتھنگر یوپی ۔ 

 ٢٠ ذی القعدہ  ١٤٤٢ھ

٢  جولائی  ٢٠٢١ء







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney