آپ قوم کی بہتری کے لئے کچھ ہدیہ کریں کلک کریں

عیدین کے دن عید گاہ میں سنت اور نوافل نماز پڑھنا کیسا ہے؟


       سوال نمبر 1685

السلام وعلیکم ورحمةاللہ  وبرکاتہ


کیا فرماتے ہیں علمائے کرام ومفتیان عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ عید الفطر اور عید الاضحی کے دن سنت اور نوافل کی نماز پڑھنا کیسا ہے؟  بینواوتوجروا 

جواب عنایت فرمائیں مہربانی ہوگی۔

المستفتی :- قطب الدین رضوی سعداللہ نگر بلرام پور 



وعلیکم السلام ورحمةاللہ وبرکاتہ 


الجواب بعون الملک الوھاب  ۔ 

عیدین کے دن عیدگاہ میں کوئ نفلی نماز پڑھنا مکروہ ہے ۔ نمازعید سے پہلے یا بعد ۔ شہرمیں ہویا دیہات میں ہو نماز عیدین واجب ہو یا نہ ہو ۔ اور نمازعیدین کے بعد بھی عیدگاہ میں نفل پڑھنا مکروہ ہے ۔ یہ حکم خواص کےلۓ ہے ۔ 

 اگرعوام الناس نفل پڑھیں تو انہیں منع نہ کیا جاۓ اگرچہ عیدگاہ میں ہی پڑھتے ہوں ۔ اور جس کی فجر نماز قضاء ہو اس کے پڑھنے میں کوئی حرج نہیں ۔ مگر بہتر ہے کہ گھر یا مسجد میں پڑھ کر جاۓ ۔  


فقیہ اعظم حضور صدرالشریعہ بدرالطریقہ علامہ مفتی محمدامجدعلی اعظمی علیہ الرحمةوالرضوان تحریر فرماتے ہیں  ،، 

:  نماز عید سے قبل نفل نماز مطلقاً مکروہ ہے، عیدگاہ میں  ہو یا گھر میں  اس پر عید کی نماز واجب ہو یا نہیں ، یہاں  تک کہ عورت اگر چاشت کی نماز گھر میں  پڑھنا چاہے تو نماز ہو جانے کے بعد پڑھے اور نماز عید کے بعد عید گاہ میں  نفل پڑھنا مکروہ ہے، گھر میں  پڑھ سکتا ہے بلکہ مستحب ہے کہ چار رکعتیں  پڑھے۔ یہ احکام خواص کے ہیں ، عوام اگر نفل پڑھیں  اگرچہ نماز عید سے پہلے اگرچہ عیدگاہ میں  انھیں  منع نہ کیا جائے۔ 


الدرالمختار ‘‘  و  ’’ ردالمحتار ‘‘ ، کتاب الصلاۃ، باب العیدین، جلدسوم  ۳ ، صفحہ ٥٧،٦٠


       بہارشریعت جلداول حصہ چہارم صفحہ ٧٨٦  : المکتبة المدینة دعوت اسلامی ۔


حدیث شریف میں ہے ،، 

وعن ابن عباس ان النبی صلی الله تعالی علیه وسلم صلی یوم الفطر رکعتین لم یصل قبلھما ولابعدھما ،، (رواہ البخاری والمسلم) 

حضرت عبداللہ ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما روایت کرتے ہیں تحقیق رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے عیدالفطر کی دورکعتیں پڑھیں اور نہ اس سے پہلے کوئی نماز پڑھی اور نہ اس کےبعد  ۔ 


مشکوة المصابیح مترجم  باب صلوٰة العیدین  جلد اول صفحہ ٣٠٤:


وھوسبحانہ تعالی اعلم بالصواب 


             کتبه 

العبد ابوالفیضان محمد عتیق اللہ صدیقی فیضی یارعلوی ارشدی عفی عنہ 

دارالعلوم اھلسنت محی الاسلام

بتھریاکلاں ڈومریاگنج سدھارتھنگر یوپی ۔

٩  ذی الحجہ        ١٤٤٢ھ

٢٠     جولائی       ٢٠٢١ء




ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney