سوال نمبر 1693
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے اسلام اس مسئلہ میں کہ جو آدمی اپنی ماں سے زنا کرے اس پر حکم شرع کیا ہے جواب عنایت فرمائیں!
المستفتی: محمد شاکر خان بہرائچ شریف
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاتہ
بسم الله الرحمن الرحیم
الجواب اللھم ہدایۃ الحق والصواب:
بر صدق مستفتی جو شخص معاذ اللہ اپنی ماں سے زنا کرے ایسا شخص سخت گنہگار مستحق عذاب نار ہے ایسے شخص پر توبہ لازم ہے ،
حضور فقیہ ملت مفتی جلال الدین امجدی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:
یہاں اگر حکومت اسلامیہ ہوتی تو زانی کو سو کوڑے مارے جاتے یا سنگسار کیا جاتا یعنی اس قدر پتھر مارا جاتا کہ وہ مرجاتا مگر چونکہ ہندوستان میں اسلامی حکومت ہے نہیں لہذا زانی کو توبہ استغفار کرنے کے لیے کہا جائے کار خیر کا حکم دیا جائے اگر وہ ایسا نہیں کرتا ہے تو مسلمانوں پر لازم ہے ان کا پورے طرح سے بائیکاٹ کریں ان کے ساتھ کھانا پینا اٹھنا بیٹھنا سلام کلام اور ہر قسم کے اسلامی تعلقات ختم کردیں
اگر مسلمان ایسا نہیں کریں گے تو وہ بھی گنہگار ہوں گے؛
( کما فی الانوار الحدیث صفحہ ۳۲۷ )
فتاویٰ فقیہ ملت میں زانی زانیہ کے متعلق ہے کہ: زانی زانیہ کو علانیہ توبہ و استغفار کرایا جائے اور نماز کی پابندی کا ان سے عہد لیا جائے اور قرآن خوانی و میلاد شریف کرنے نیز مسجد میں لوٹا چٹائی رکھنے اور غرباء و مساکین کو کھانا کھلانے کی تلقین کی جائے کہ نیکیاں قبول توبہ میں معاون ہوتی ہیں ،
اللہ تعالٰی کا فرمان ہے:
ومن تاب وعمل صالحا فانه یتوب الی اللہ متابا “
( القرآن پارہ ١٩ رکوع٤ )
(فتاوی فقیہ ملت جلد دوم ص ۷۲
یاد رہے جس شخص نے اپنی ماں سے زنا کیا تو اس کی ماں اس کے باپ پر ہمیشہ کے لیے حرام ہوگئی اب زانی کا باپ اپنی زوجہ سے متارکہ کرلے یعنی اسے چھوڑ دے،
(ماخوز از بہار شریعت حصہ ہفتم حرمت مصاہرت کا بیان)
انتباہ :- دور حاضر میں ایسا سننے میں آتا ہے کہ کسی نے اپنی ماں سے زنا کر لیا کسی نے اپنی بہن سے زنا کرلیا اس کی وجہ یہ ہے کہ پورے گھر والے ایک ساتھ بیٹھ کر سیریل فلم ڈرامے دیکھتے ہیں پھر شرم و حیاء ختم ہو جاتی ہے لہٰذا ان حرام کاریوں سے جملہ اہل خانہ کو بچنا بیحد ضروری ہے اور ایک وجہ یہ بھی ہے کہ بچے بچیوں کی عمر زیادہ ہو جاتی ہے والدین ان کے شادی نہیں کرتے پھر وہ ایسا گھناؤنا کام کر بیٹھتے ہیں اللہ تعالیٰ ہم سب کو ان حرام و گھناؤنے افعال قبیحہ سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے،
آمین
ھذا ماظھرلی وھو سبحانہ وتعالیٰ واحکم واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
کتبـــــــــــــــــــــــــہ: فقیر محــــمد معصــوم رضا نوریؔ عفی عنہ
۱۳ ذی الحجہ ٢٤٤١ ھجری
0 تبصرے