آپ قوم کی بہتری کے لئے کچھ ہدیہ کریں کلک کریں

کیا عدت کا نفقہ شوہر پر واجب ہے؟

      سوال نمبر 1701


السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ  

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیان عظام مسئلہ ذیل میں ایک شخص کی بیوی دو سال سے اپنے ماں کے پاس رہ رہی تھی تین بیٹیاں بھی ہیں شوہر نے طلاق دے دی عورت نے بیٹیاں شوہر کو نہیں دیا شوہر نے تین لاکھ روپے عورت کو دیا اب بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ جب تک عورت کی عدت پوری نہیں ہوتی تب تک مرد کو خرچہ دینا چاہئے کیا تین لاکھ روپے دینے کے بعد بھی عدت کی مدت تک خرچہ دینے کا حکم ہے؟ رہنمائی فرمائیں.

 المستفتی: محمد حسین نعمانی



وعلیکم السلام و رحمۃاللہ و برکاتہ

بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب:

وہ عورت جو شوہر کی اجازت کے بغیر میکے چلی گئی ہو اور شوہر طلاق دے دے تو عدت کا  نفقہ شوہر پر واجب نہیں ہاں اگر طلاق کے بعد عدت پوری کرنے شوہر کے گھر آ گئ ہو تو عدت کا نفقہ شوہر پر واجب ہے۔

 

جیسا کہ بہار شریعت جلد دوم حصہ ہشتم صفحہ ٢٦٣ میں ہے:

جو عورت بے اجازتِ شوہر گھر سے چلی جایا کرتی ہے اس بنا پر اُسے طلاق دیدی تو عدت کا نفقہ نہیں  پائے گی ہاں اگر بعدِ طلاق شوہر کے گھر میں رہی اور باہر جانا چھوڑدیا تو پائے گی۔


ھکذا فتاویٰ بحر العلوم جلد دوم صفحہ ٥٣٦


صورت مسئولہ میں یہ بات سوال سے واضح ہے کہ عورت اپنے شوہر کی اجازت کے بغیر اپنے ماں کے پاس رہتی تھی اور اس کے شوہر نے طلاق دے دیا تو وہ عدت کے نفقہ کا مستحق نہیں ہے اور اگر عدت شوہر کے گھر پوری کرے گی تو عدت کا نفقہ پاۓ گی. اور شوہر نے جو تین لاکھ روپیہ دیا ہے اگر وہ مہر کا رقم ہے یا بچیوں کی پرورش کے لیے لیا ہے تو اس کا لینا صحیح ہے 

 اور اس رقم سے ان بیٹیوں کی پرورش کرے. اس وقت تک جب کہ وہ بیٹیاں حد شہوت کو نہ پہنچ جائیں یعنی نو سال کی عمر تک۔


جیسا کہ حضور صدر الشریعہ علیہ الرحمۃ فرماتے ہیں:

 لڑکی اس وقت تک عورت کی پرورش میں رہے گی کہ حد شہوت کو پہنچ جائے اس کی مقدار نو برس کی عمر ہے اور اگر اس عمر سے کم میں لڑکی کا نکاح کردیا گیا جب بھی اسی کی پرورش میں رہے گی نکاح کر دینے سے حق پرورش باطل  نہ ہوگا جب تک مرد کے قابل نہ ہو.

(بہار شریعت جلد دوم حصہ ہشتم صفحہ ٢٥٥)


اور اگر نہ مہر کا رقم ہے اور نہ بچیوں کی پرورش کے لیے لیا ہے تو اس کا جبرا لینا صحیح نہیں ہے۔

واللہ تعالیٰ و رسولہ اعلم بالصواب


کتبہ: محمد عمران قادری تنویری غفرلہ




ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney