آپ قوم کی بہتری کے لئے کچھ ہدیہ کریں کلک کریں

‎کیا مسجد کے نیچے بارات وغیرہ کے لئے ہال بناسکتے ہیں؟

           سوال نمبر 1743


السلام علیکم و رحمۃ اللہ تعالیٰ و برکاتہ

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیان عظام مسئلہ ذیل میں کہ اگر زمین مسجد اور مصلحت عامہ کے غرض سے وقف کی گئی ہو تو ایسی زمین پر مسجد کے نیچے ہال ( بارات یا دیگر جائز رسومات کے لیے) بنا سکتے ہیں یا نہیں؟ المستفی: محمد رئیس کوثر گریڈیہ جھارکھنڈ


وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم

الجواب بعون الملک والوہاب:

اگر زمین مسجد اور مصلحت عامہ کے لیے وقف کر دی گئی ہو اور ابھی اس زمین پر مسجد تعمیر نہ ہوئی ہو تو اوپر مسجد اور اس کے نیچے ہال دوکان و مکان وغیرہ بنا سکتے ہیں:


حضور صدر الشریعہ علیہ الرحمۃ فرماتے ہیں کہ: مسجد کی چھت پر امام کے لیے بالا خانہ بنانا چاہتا ہے اگر قبل تمامِ مسجدیت ہو تو بنا سکتا ہے اور مسجد ہو جانے کے بعد نہیں بنا سکتا ۔

بہار شریعت جلد دوم حصہ دہم صفحہ ٥٦٠


اور اگر مسجد بن گئی ہو تو وہ تحت الثریٰ سے لے کر آسمان تک مسجد ہے اور صبح قیامت تک رہے گی اس کے اوپر یا نیچے ہال دوکان و مکان وغیرہ بنانا ناجائز و حرام ہے۔


 جیسا کہ علامہ شہاب الدین احمد چلپی حاشیہ تبیین الحقائق میں تحریر فرماتے ہیں: و قد ذکر المصنف فی علامۃ النون من کتاب التنجیس قیم المسجد اذا اراد ان یبنی حوانیت فی المسجد او فی فنائہ فلا یجوز لہ ان یفعل لانہ اذا جعل المسجد مسکنا تسقط حرمتہ

(الحاشیۃ علی تبیین الحقائق جلد ٤ صفحہ ٢٧٤)


علامہ حصکفی علیہ الرحمۃ فرماتے ہیں : لو یبنی فوقہ بیتا للامام لا یضر لانہ من المصالح اما لو تمت المسجدیۃ ثم اراد البناء منع

(الدر المختار مع رد المحتار جلد ٣ صفحہ ٣٧١)


سیدی سرکار اعلی حضرت علیہ الرحمۃ فرماتے ہیں: مسجد سے خارج کردیا گیا اور اسے جوتا اتارنے کی جگہ بنانا یہ بھی باطل و مردود حرام ہے , اوقاف میں تبدیل و تغییر کی اجازت نہیں ! "لا یجوز تغییر الوقف عن ھیئتۃ" مسجد کہ بجمیع جہات حقوق العباد سے منقطع ہے رب کا ارشاد ہے " و ان المسٰجد للہ"

(فتاویٰ رضویہ جلد ٦صفحہ ٤٣٦)


اور آگے تحریر فرماتے ہیں:

 وہ دکانیں قطعی حرام اگر مسجد بنانے کے بعد بنانا چاہے اگرچہ مسجد کی دیوار کا صرف سہارا اس میں لے

(المرجع السابق صفحہ ٤٤٥)

(ماخوذ فتاویٰ علیمیہ جلد دوم صفحہ ٤٤٦)

 واللہ تعالی ورسولہ اعلم بالصواب


کتبہ: محمد عمران قادری تنویری غفرلہ




ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney