آپ قوم کی بہتری کے لئے کچھ ہدیہ کریں کلک کریں

میاں بیوی کا ایک ساتھ برہنہ ہوکر غسل کرنا کیسا ہے؟ ‏


   سوال نمبر 1793

 اَلسَلامُ عَلَيْكُم وَرَحْمَةُ اللهِ وَبَرَكاتُهُ‎

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیان عظام درج ذیل مسئلہ میں کہ آج کل شوہر اور بیوی میں ایک چیز بہت زیادہ پائی جارہی ہے وہ فلموں کو دیکھ کر یہ ساری چیزیں سیکھ رہے ہیں یعنی وہ ایک ساتھ برہنہ نہاتے ہیں اور دلیل یہ دیتے ہیں کہ ایک ساتھ نہانے سے پیار بڑھتا ہے تو دریافت طلب امر یہ ہے کہ شوہر اور بیوی برہنہ ایک ساتھ غسل کرسکتے ہیں یا نہیں ؟

برائے کرم مدلل جواب عنایت فرمائیں

المستفتی :- عبدالخالق رضا یوپی 


وعلیکم السلام و رحمة اللہ و برکاتہ

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیْمِ

الجواب بعون الملک الوھاب اللہم جعل لی النور والصواب

آج کل سب سے زیادہ بری عادتیں ، جو عوام میں پائی جارہی ہیں وہ یہی فلموں کی وجہ سے ہیں لوگ فلمیں دیکھ کر غلط کاموں کو بڑے شوق سے انجام دے رہے ہیں ، اور اسے پیار محبت کا نام دے رہے ہیں ، کہیں نہ کہیں یہی وجہ تھی کہ آقائے کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے تصویر کشی سے منع فرمایا تھا اللہ ہمیں ان بُری عادتوں سے بچائے آمین ثم آمین ـ

اب آپ اپنا جواب ملاحظہ فرمالیں ، ایسا ہی ایک سوال کے جواب میں حضرت مفتی محمد وقارالدین قادری رضوی رحمة اللہ تعالٰی علیہ نے ارشاد فرمایا میاں بیوی ایک ساتھ غسل کر سکتے ہیں یہ جائز ہے لیکن برہنہ غسل کرنا غلط ہے ـ

خود حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے بعض ازواج مطہرات رضی اللہ تعالیٰ عنہم کے ساتھ ایک برتن میں ایک وقت میں غسل کیا ہے مگر برہنہ نہیں ـ

یوں ہی تنہائی میں میاں بیوی کا ایک دوسرے کے سامنے ستر کھولنا جائز ہے مگر شریعت میں بہت ناپسندیدہ ہے شریعت میں بوقت جماع بھی بالکل برہنہ ہونا ممنوع ہے کوئی نہ کوئی کپڑا اوڑھ لیا جائے یہی حکم ہے ـ

( وقارالفتاویٰ جلد ٢ صفحہ ٤ تا ٥ )

اور حضور صدرالشریعہ بدرالطریقہ مفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ الرحمة و الرضوان اپنی کتاب 

( بہار شریعت حصہ ١٦ صفحہ ٤٤٠ ) میں ترمزی شریف کی حدیث پاک نقل کرتے ہیں اور فرماتے ہیں کہ ( ترمذی نے ابن عمر رضی اللّٰہ تعالٰی عنہما سے روایت کی، کہ رسول ﷲ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے فرمایا: ’’برہنہ ہونے سے بچو، کیونکہ تمھارے ساتھ وہ (فرشتے) ہوتے ہیں جو جدا نہیں ہوتے مگر صرف پاخانہ کے وقت اور اس وقت جب مرد اپنی عورت کے پاس جاتا ہے، لہٰذا ان سے حیا کرو اور ان کا اکرام کرو ) ـ

اس حدیث پاک سے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ بلا ضرورت برہنہ ہونا ناجائز ہے یہاں تک کہ انسان تنہا ہے جب بھی جائز نہیں ہاں اگر ضرورت کے تحت ہو تو جائز ، اور میاں بیوی کا ایک ساتھ غسل کرتے ہوئے برہنہ ہونا یہ بلا ضرورت ہے اس لیے یہ فعل نا جائز ہے ، جو لوگ ایسا کرتے ہیں وہ غلط کرتے ہیں ایسا نہ کریں اس سے پرہیز کریں ـ

واللہ تعالیٰ اعلم ورسولہ تعالیٰ اعلم

شرف قلم :-  گدا ئے حبیب ملت محمد سالک رضا حبیبی 

اڑیسہ، پچھم باڑ،جالیسر، بالاسور 

١٤/ صفرالمظر ٣٤٤١؁ ھجری مطابق ٢٢/ ستمبر ١٢٠٢؁ء بروز   بدھ




ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney