آپ قوم کی بہتری کے لئے کچھ ہدیہ کریں کلک کریں

بلا قصد آیت سجدہ سننے والے پر سجدہ کا حکم؟

 سوال نمبر 1812

السلام علیکم ورحمةاللہ وبرکاتہ 

کیا فرماتے ہیں علماۓ دین ومفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں کہ آیت سجدہ کو بلاقصد سننے والے پر سجدہ تلاوت واجب ہے یا نہیں ؟ 

سجدہ واجب ہونے کے لۓ پوری آیت سجدہ پڑھنا ضروری ہے یانہیں ؟ 

آیت سجدہ کا ترجمہ پڑھنے اور سننے والے پر سجدہ واجب ہے یا نہیں  ؟ 

مفصل جواب عنایت فرماکر عنداللہ ماجورہوں عندالناس مشکور ہوں ۔ 

المستفتی ۔ محمد ارشاد عالم رضوی 


وعلیکم السلام ورحمةاللہ وبرکاتہ 

الجواب بعون الملک الوھاب

آیت سجدہ بالقصد سنی ہو یا بلاقصد سنی ہو سجدہ تلاوت واجب ہوجاتا ہے ۔ 

سجدہ واجب ہونے کےلۓ پوری آیت کا پڑھنا ضروری نہیں بلکہ اس لفظ کوپڑھنا جس میں سجدہ کا مادہ پایاجاتا ہو اور اس لفظ کے ساتھ پہلے یا بعدکا کوئی لفظ ملاکر پڑھنے سے سجدہ تلاوت واجب ہوجاۓ گا۔ 

جیساکہ حضور صدرالشریعہ بدرالطریقہ علامہ مفتی محمدامجدعلی اعظمی علیہ الرحمةوالرضوان تحریرفرماتےھیں ۔ 


،، آیت سجدہ پڑھنے یا سننے سے سجدہ واجب ہو جاتا ہے پڑھنے میں  یہ شرط ہے کہ اتنی آواز سے ہو کہ اگر کوئی عذر نہ ہو تو خود سُن سکے، سننے والے کے لیے یہ ضروری نہیں  کہ بالقصد سنی ہو بلا قصد سُننے سے بھی سجدہ واجب ہو جاتا ہے۔


  سجدہ واجب ہونے کے لیے پوری آیت پڑھنا ضروری نہیں  بلکہ وہ لفظ جس میں  سجدہ کا مادہ پایا جاتا ہے اور اس کے ساتھ قبل یا بعد کا کوئی لفظ ملا کر پڑھنا کافی ہے۔ 


اور آیت سجدہ کا ترجمہ کسی بھی زبان میں پڑھنے کی صورت میں پڑھنے والے اور سننے والے پر سجدہ تلاوت واجب ہوجائے گا، سننے والے نے یہ سمجھا ہو یا نہیں کہ آیتِ سجدہ کا ترجمہ ہے، البتہ یہ ضرور ہے کہ اسے معلوم نہ ہو تو خبر دے دی گئی ہو کہ یہ آیتِ سجدہ کا ترجمہ تھا۔

  چنانچہ صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ لکھتے ہیں:فارسی یا کسی اور زبان میں آیت کا ترجمہ پڑھا تو پڑھنے والے اور سننے والے پر سجدہ واجب ہوگیا، سننے والے نے یہ سمجھا ہو یا نہیں  کہ آیت سجدہ کا ترجمہ ہے، البتہ یہ ضرور ہے کہ اسے نامعلوم ہو تو بتا دیا گیا ہو کہ یہ آیت سجدہ کا ترجمہ تھا اور آیت پڑھی گئی ہو تو اس کی ضرورت نہیں کہ سننے والے کو آیتِ سجدہ ہونا بتایا گیا ہو۔

بہارشریعت جلداول حصہ چہارم  صفحہ  ٧٣٣:المکتبة المدینة دعوت اسلامی ۔


وھوسبحانہ تعالی اعلم بالصواب 

             کتبه 

العبد ابوالفیضان محمد عتیق الله صدیقی فیضی یارعلوی ارشدی عفی عنہ

دارالعلوم اھلسنت محی الاسلام 

بتھریاکلاں ڈومریاگنج سدھارتھ نگر یوپی .


١٥   صفرالمظفر ١٤٤٣ھ

٢٣  ستمبر   ٢٠٢١ء




ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney