سوال نمبر 1836
الســـــلام علیکــــــــم ورحمة اللَّهِ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیـــں علمائے کرام و مفتیان عظام اس مسںٔلہ ذیل کے بارے میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے شہزادے حضرت ابراہیم۔ رضی اللّٰــہ تعالی عنہ کے والدہ کا نام ماریہ قبطیہ ہے لیکن یہ نام نبی کریم ﷺ کے 11 گیارہ ازواج کے نام نہیـــــــں ملتا علمائے کرام مدلل و مفصل جواب عنایت فرمائیں۔
المستفتی :- ارشاد احمد
مقام نیپال
وعلیکم السلام ورحمةاللہ وبرکاتہ
الجواب۔بعون الملک الوھاب
حضوراکرم نورمجسم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کی مقدس بیویوں کے علاوہ چار مقدس باندیاں بھی تھیں جن میں حضرت ماریہ قبطیہ رضی اللہ تعالی عنہا یہ حضوراقدس ﷺ کی ام الولد ہیں ۔ حضرت ماریہ قبطیہ رضی اللہ تعالی عنہا کو مصر و اسکندریہ کے بادشاہ مقوقس قبطی نے بارگاہ میں چند ہدایا اور تحائف کے ساتھ بطورِ ہبہ کے نذر کیاتھا ان کی ماں رومی تھیں اور باپ مصری اس لیے یہ بہت ہی حسین وخوبصورت تھیں ۔ ان کے شکم اطہر سے حضرت ابراھیم رضی اللہ تعالی عنہ پیدا ہوۓ ۔
کنیز ہونے کے باوجود حضوراقدس ﷺ ان کو پردہ میں رکھتے تھے اور ان کےلیے مدینہ طیبہ کے قریب مقام عالیہ میں آپ نے ایک الگ گھر بنوا دیا تھا جس میں یہ رہا کرتی تھیں اور حضوراقدس ﷺ ان کے پاس تشریف لے جایاکرتے تھے ۔
واقدی کا بیان ہے کہ حضوراقدس ﷺ کے وصال ظاہری کے بعد حضرت امیرالمؤمنین ابوبکرصدیق رضی اللہ تعالی عنہ اپنی زندگی بھر ان کے نان ونفقہ کا انتظام فرماتے رہے ۔ اور ان کے بعد حضرت امیرالمؤمنین عمربن خطاب رضی اللہ تعالی عنہ یہ خدمت انجام دیتے رہے یہاں تک کہ سن پندرہ یاسولہ ھجری میں ان کی وفات ہوگئی اور امیرالمؤمنین حضرت عمرفاروق اعظم رضی اللہ تعالی عنہ نے ان کی نمازجنازہ میں شرکت کےلۓ خاص طور پر لوگوں کوجمع فرمایا اور خود ہی ان کی نمازجنازہ پڑھاکر ان کو جنت البقیع میں مدفون کیا ۔
سیرت مصطفے صفحہ ٥١١
بحوالہ زرقانی جلدسوم صفحہ ٢٧١ تا ٢٧٢
اس لیے ان کا شمار مقدس ازواج طاھرہ نہیں ہوتا ہے ۔
وھوسبحانہ تعالی اعلم بالصواب
کتبه
العبد ابوالفیضان محمد عتیق اللہ صدیقی فیضی یارعلوی ارشدی عفی عنہ
دارالعلوم اھلسنت محی الاسلام
بتھریاکلاں ڈومریاگنج سدھارتھنگر یوپی ۔
المتوطن ۔۔ کھڑریابزرگ پھلواپور گورابازار سدھارتھنگر یوپی
٦ ربیع الاول ١٤٤٣ھ
١٣ اکتوبر ٢٠٢١ء
0 تبصرے