چار مشہور فرشتوں کے اصل نام اور ان کا کام؟ ‏


     سوال نمبر 1847

 السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ 

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام ومفتیان عظام اس مسئلہ میں 

اللہ تعالی کے جو ملائکہ ہیں ان کی کافی تعداد ہے لیکن جن میں چار مشہور فرشتے ہیں 

حضرت جبرائیل علیہ السلام 

حضرت میکائیل علیہ السلام 

حضرت اسرافیل علیہ السلام 

حضرت عزرائیل علیہ السلام 

ان چار مشہور فرشتوں کے اصل میں کیا نام ہیں اور ان فرشتوں کا کیا کام ہے تفصیل سے جواب عنایت فرمائیں 

المستفتی :- سید شیراز گیلانی جموں کشمیر


وعلیکم السلام ورحمةاللہ وبرکاتہ 

الجواب بعون الملک الوھاب

حضرت جبرئیل علیہ السلام کا اصل نام  عبداللہ ہے ۔ لیکن امام سہیلی فرماتے ہیں کہ جبرئیل سریانی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی عبدالرحمن یا عبدالعزیز کےہیں ۔ ایک قول یہ ہے کہ اصل نام  عبدالجلیل اور کنیت ابوالفتح ہے ۔


 ان کا کام:-  ہوا چلانے  لشکروں کو فتح وشکست دینے عذاب نازل کرنے کفار وسرکش بادشاہوں کو ہلاک کرنے بارگاہ الہی میں حاجتیں پیش کرنے   انبیاءکرام کی بارگاہوں میں حاضر ہونے وحی اور احکام الہی کے پہنچانے پر مامور ہیں ۔ 

بحوالہ تفسیرعزیزی سورہ البقرہ صفحہ ١٠٨ 

حضرت میکائیل علیہ السلام  کا اصل نام عبدالرزاق  اور کنیت ابوالغنائم ہے ۔ 

ان کا کام :-  بارش برسانے  زمین میں سبزہ اگانے  حضرت جبرئیل علیہ السلام کی امدادواعانت کرنے اور مخلوق کے رزق معین کرنے پر مامور ہیں ۔ 

بحوالہ تفسیرعزیزی سورہ بقرہ صفحہ  ٥٤ 

حضرت اسرافیل علیہ السلام کا اصل نام عبدالخالق اور کنیت ابوالمنافخ ہے ۔

 ان کا کام:- صور پھونکنے انسانوں اور جانوروں میں روح پھونکنے اور لوح محفوظ پر مامور ہیں ۔ اور حضرت جبرئیل و میکائیل و عزرائیل علیہم السلام کو احکام الہی بھی پہنچاتے ہیں ۔ بعض روایت میں ہے کہ رات کی بارہ ساعتوں میں بارہ اذانیں کہتے ہیں ۔ ہرساعت کی علیحدہ اذان ہے ان کی اذانوں کو انسان وجنات کے علاوہ ساتوں آسمانوں اور ساتوں زمین کے تمام فرشتے سنتے ہیں ۔ 

بحوالہ تفسیرعزیزی سورہ بقرہ صفحہ  ٣١٠ پارہ  ٣٠  صفحہ ٢٦ ۔ 


حضرت عزرائیل علیہ السلام کا اصل نام عبدالجبار اور کنیت ابویحیٰی ہے ۔

 ان کاکام :- روحوں کوقبض کرنے ۔اور بیماریوں اور آفتوں پر مقرر ہیں ۔ 

بحوالہ تفسیرعزیزی پارہ ٣٠ صفحہ ٢٦  و تکمیل الایمان صفحہ  ١٠ ۔ 

بعض روایت میں ہے کہ ملک الموت ہر جاندار یعنی انسان وجنات اور تمام بہائم کی روح قبض فرماتے ہیں ۔ 

بحوالہ شرح الصدور صفحہ  ٢١ و فتاوی حدیثیہ صفحہ ٢٠ و زرقانی جلداول صفحہ  ٥١ ۔

بحوالہ عمدة القادری  جلداول صفحہ  ٤٥،   ٨٤ ۔

ماخوذ مخزن معلومات صفحہ  ٦٠  ، ٦٤


وھوسبحانہ تعالی اعلم بالصواب 



کتبه 


العبد ابوالفیضان محمد عتیق اللہ صدیقی فیضی یارعلوی ارشدی عفی عنہ 


دارالعلوم اھلسنت محی الاسلام 

بتھریاکلاں ڈومریاگنج سدھارتھنگر یوپی ۔

المتوطن  : ۔ کھڑریابزرگ پھلواپور گورابازار سدھارتھنگر یوپی ۔

 ١٦     ربیع النور        ١٤٤٣ھ 

٢٣     اکتوبر              ٢٠٢١ء







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney