نفل نماز کی جماعت میں قرات سری یا جہری ہے؟

 

سوال نمبر 2046

 السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ.

الاستفتاء:کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان عظام اس مسئلے میں کہ نوافل نمازیں جیسے صلوۃ التسبیح اور دیگر نوافل نمازوں میں اگر جماعت کرتے ہیں، تو کیا جماعت میں قراءت جہری ہوگی یاسری اور صلوۃ التسبیح میں جو تسبیح پڑھتے ہیں کیا اس کو بھی جہر کرکے پڑھیں گے؟ جواب عنایت فرمائیں.

المستفی :محمد گلبہار عالم رضوی اُتر دیناجپور بنگال




وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ.

باسمہ تعالیٰ وتقدس الجواب:

اگر باجماعت نوافل جیسے صلوۃ التسبیح وغیرہ دن میں پڑھیں گے، تو امام کو سری یعنی آہستہ آواز سے تلاوت کرنا واجب ہے جبکہ رات میں باجماعت نوافل پڑھنے کی صورت میں امام کو جہر یعنی بلند آواز سے تلاوت کرنا واجب ہے، اور تسبیحات وغیرہ کو جہر سے پڑھنے کے بجائے آہستہ پڑھیں گے۔چنانچہ علامہ محمد بن عبد اللہ تمرتاشی حنفی متوفی١٠٠٤ھ اور علامہ علاء الدین حصکفی حنفی متوفی١٠٨٨ھ لکھتے ہیں:(مُتَنَفِّل بِالنَّهَارِ) فَإِنَّهُ يُسِرُّ (وَيُخَيَّرُ الْمُنْفَرِدُ فِي الْجَهْرِ) وَهُوَ أَفْضَلُ وَيُكْتَفَى بِأَدْنَاهُ (إنْ أَدَّى) وَفِي السَّرِيَّةِ يُخَافِتُ حَتْمًا عَلَى الْمَذْهَبِ كَمُتَنَفِّلٍ بِاللَّيْلِ مُنْفَرِدًا؛ فَلَوْ أَمَّ جَهَرَ لِتَبَعِيَّةِ النَّفْلِ لِلْفَرْضِ زَيْلَعِيٌّ۔(تنویر الابصار وشرحہ الدر المختار،کتاب الصلاة،فصل فی القراءة)

   اور صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی حنفی علیہ الرحمہ لکھتے ہیں:دن کے نوافل میں آہستہ پڑھنا واجب ہے اور رات کے نوافل میں اختیار ہے اگر تنہا پڑھے اور جماعت سے رات کے نفل پڑھے، تو جہر واجب ہے۔

(بہار شریعت،حصہ سوم)

   اور تسبیحات وغیرہ کو آہستہ آواز سے پڑھنا چاہئے، کیونکہ بلند آواز سے پڑھنا خلاف سنت ہے، البتہ نماز ہوجائے گی اور سجدہ سہو بھی واجب نہیں ہوگا۔چنانچہ علامہ سید محمد امین ابن عابدین شامی حنفی متوفی١٢٥٢ھ لکھتے ہیں:إذَا جَهَرَ سَهْوًا بِشَيْءٍ مِنْ الْأَدْعِيَةِ وَالْأَثْنِيَةِ وَلَوْ تَشَهُّدًا فَإِنَّهُ لَا يَجِبُ عَلَيْهِ السُّجُودُ.(رد المحتار،کتاب الصلاة،باب سجود السھو)

   اور صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ لکھتے ہیں:ثنا ودعا وتشہد بلند آواز سے پڑھا تو خلاف سنت ہوا مگر سجدہ سہو واجب نہیں۔

(بہار،شریعت،حصہ چہارم)

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبہ:محمد اسامہ قادری

پاکستان،کراچی

اتوار،16/شعبان،1443ھ۔20/مارچ،2022ء







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney