کیا محفل میلاد کرنا ، جماعت سے نماز پڑھنا واجب ہے، کیا واجبات کے لیے مستحب کو ترک کر سکتے ہیں؟

 

سوال نمبر 2045

 السلام علیکم ورحمت اللہ وبرکاتہ

 کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس بارے میں کہ

 میلاد شریف میں جانا یا تقریر کرنا یا فاتحہ کرنا مستحب ہے یا واجب ؛ اور جماعت کے ساتھ نماز پڑھ نا مستحب ہے یا واجب؛ نیز یہ بھی بتائیں کہ مستحب کے لیئے واجب کو یا واجب کے لئے مستحب کو ترک کرنا عند شرع کیسا ہے ؟ 

المستفتی :- رضا بلاسپور




وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ

 الجواب بعون الملک العزیز الوہاب 

میلاد شریف کی محفل میں جانا و فاتحہ کرنا مستحب و مباح ہے ہاں تقریر کرنا یہ دعوت و تبلیغ کا حصہ ہے جو فرض کفایہ ہے جیساکہ اللہ تعالی کا فرمان ہے 


وَلْتَكُنْ مِّنْكُمْ اُمَّةٌ یَّدْعُوْنَ اِلَى الْخَیْرِ وَ یَاْمُرُوْنَ بِالْمَعْرُوْفِ وَ یَنْهَوْنَ عَنِ الْمُنْكَرِؕ-وَ اُولٰٓىٕكَ هُمُ الْمُفْلِحُوْنَ سورہ آل عمران آیت ۱۰۴ 


ترجمہ۔ اور تم میں سے ایک گروہ ایسا ہونا چاہئے جو بھلائی کی طرف بلائیں اور اچھی بات کا حکم دیں اور بری بات سے منع کریں اور یہی لوگ فلاح پانے والے ہیں ۔ اھ 


اور جماعت سے نماز پڑھنا واجب ہے کہ بغیر عذر ایک بار بھی چھوڑنے والا گناہ گار اور سزا کا مستحق اور کئی بار کا تارک فاسق مردود الشہادۃ ہے اور اس کو سزا بھی دی جائے گی


کما فی الشامی  


و قال فی شرح المنیۃ : و الاحکام تدل علی الوجوب؛ من ان تارکھا بلا عذر یعزّر و ترد شھادتہ؛ و یأثم الجیران بالسکوت عنہ؛ اھ 


علی الصفحة ۲۸۷ للمجلد الثانی المطبوعۃ زکریا بکڈپو 


صدر الشریعہ بدر الطریقہ علامہ محمد امجد علی رحمۃ اللہ تعالی علیہ فرماتے ہیں 


عاقل ؛ بالغ ؛ حر؛قادر؛ پر جماعت واجب ہے بلا عذر ایک بار بھی چھوڑنے والا گنہگار اور مستحق سزا ہے اور کئی بار ترک کرے ؛ تو فاسق مردود الشہادۃ اور اس کو سخت سزا دی جائے گی اگر پڑوسیوں نے سکوت کیا تو وہ بھی گنہگار ہوئے ۔ اھ 



 بہار شریعت جلد اول حصہ سوم صفحہ نمبر ۵۸۲ مطبوعہ مکتبۃ المدینہ


لہذا کسی مستحب کے لیے واجب کو چھوڑنا روا نہیں کہ مستحب کو چھوڑنے پر کوئی مواخذہ و عتاب نہیں اور واجب کو چھوڑنے پر مواخذہ بھی ہے اور عتاب و سزا بھی جہاں دونوں میں تعارض ہو جائے وہاں ترجیح واجب کو دی جائے گی؛ اور مستحب کے لیے واجب کو چھوڑنے والا گنہگار ہوگا جبکہ کہ مستحب کے چھوڑنے والے پر کوئی گناہ نہیں 



واللہ اعلم 


 ابو عبداللہ محمد ساجد چشتی شاہجہاں پوری خادم مدرسہ دارارقم محمدیہ میر گنج بریلی شریف







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney