کبوتر کا انڈا کھانا کیسا ہے؟


سوال نمبر 2064

 السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

 علمائے کرام کی بارگاہ میں ایک سوال عرض ہے کہ کبوتر کا انڈا کھانا کیسا ہے؟

(سائل:محمد شفاعت رضا سیوان بہار) 



وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاتہ۔

باسمہ تعالیٰ وتقدس الجواب:

کبوتر کا انڈا کھاسکتے ہیں اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔ مسئلے کی تفصیل یہ ہے کہ جس طرح کبوتر کھانا جائز ہے اسی طرح اس کا انڈا کھانا بھی جائز ہے کیونکہ حلال جانور کا انڈا کھانا بھی حلال ہوتا ہے۔چنانچہ علامہ نظام الدین حنفی متوفی١١٦١ھ اور علمائے ہند کی ایک جماعت نے لکھا ہے:الحمام حلال بالاجماع کذا فی البدائع۔ملخصاً

(الفتاوی الھندیۃ،٢٨٩/٥)

یعنی،کبوتر کھانا بالاجماع حلال ہے اسی طرح "بدائع الصنائع" میں ہے۔

   اور کتاب "الموسوعۃ الفقھیۃ" کی جلد پنجم کے صفحہ١٥٣ پر ہے:ان خرج البیض من ماکول فی حال حیاتہ، او بعد تذکیتہ شرعاً، او بعد موتہ، وھو مما لا یحتاج الی التذکیۃ کالسمک، فبیضہ ماکول اجماعا، الا اذا فسد۔

یعنی،اگر انڈا ایسے جانور سے اس کی حیات یا اسے شرعی طریقے سے ذبح کرنے کے بعد نکلے کہ جسے کھایا جاتا ہو یا ایسے جانور سے اس کی موت کے بعد نکلے کہ جسے ذبح کرنے کی حاجت نہیں ہے جیسے مچھلی، تو اس کا انڈا کھانا بالاجماع حلال ہے مگر جبکہ انڈا خراب ہوجائے تو پھر اسے نہیں کھاسکتے ہیں۔

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبہ:محمد اسامہ قادری

پاکستان،کراچی

بدھ،٢٦/شعبان،١٤٤٣ھ۔٣٠/مارچ،٢٠٢٢ء







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney